پہلی بار پکڑے جانے پر۲۵؍ ہزار روپے، دوسری بار پکڑے جانے پر۷۵؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور تیسری بار لائسنس اور دکان کا رجسٹریشن بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
وزن اور پیمائش میں دھوکہ کرنے والوںکی اب خیر نہیں ۔ مہاراشٹر حکومت نے وزن اور پیمائش سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نہ صرف بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ دو سے زائد مرتبہ فریب دہی کرنے اور پکڑے جانے پر نہ صرف اس دکانداروں، پیک شدہ اشیاء کے مینوفیکچررز، پیکرز اور مارکیٹرز کارجسٹریشن بلکہ لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے ۔محکمہ شہری رسد و خوراک کے ایک سینئر افسر کے بقول اس کا مقصد صارف کے ساتھ ہونے والی فریب دہی کو روکنا اور ایسے کاروباری اداروں و تجارتی مراکز کیخلاف کارروائی کو مزید سخت بنانا ہے۔
سخت جرمانہ اور لائسنس کی منسوخی
اس سلسلے میں مہاراشٹر حکومت نے بتایاکہ اگر کوئی صارف ایک کلو گرام راشن یا دیگر ضروری اشیاء خرید کر اس کی قیمت ادا کرتا ہے اوروہ وزن میں کم پائی جاتی ہیں یا پیکٹ میں موجود اشیا ءکم پائی جاتی ہیں تو اب ایسے دھوکہ دینے والوںکو بھاری جرمانہ ، لائسنس کی منسوخی حتیٰ کہ سزا کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ پیک شدہ اشیاءکے معاملے میں پہلی مرتبہ فریب دہی کرنے پر دکانداروں، پیک شدہ اشیاء کے مینوفیکچررز، پیکرز اور مارکیٹرز کو۲۵؍ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑےگا جبکہ دوسری مرتبہ ۷۵؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔
ناقابلِ تصفیہ جرم
۲؍ سے زائد مرتبہ فریب دہی کرنے کے بعد پکڑے جانے پر۵؍ ہزار سے ۲؍ لاکھ روپے تک کے جرمانہ کے ساتھ ساتھ دکانداروں، پیک شدہ اشیاء کے مینوفیکچررز، پیکرز اور مارکیٹرزکا رجسٹریشن اور لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے ۔یعنی دو سے زائد بار فریب دہی کرنے کو ناقابلِ تصفیہ جرم تصور کیا جائے گا ۔اب تک مذکورہ خلاف ورزی پر محض ۳؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا تھا اور کوئی سخت کارروائی بھی نہیں کی جاتی تھی ۔ یہ بھی واضح ہو کہ وزن اور پیمائش کی دفعات پہلے سے پیک شدہ اشیاء تیار کرنے والے مینوفیکچررز، پیکرز، مارکیٹنگ کرنے والوں اور خاص طور پر ای کامرس پلیٹ فارمز پر بھی نافذ ہوں گی۔واضح ر ہے کہ اب تک ای کامرس پلیٹ فارمز وزن اور پیمائش کے ان قوانین کے دائرۂ کار سے باہر تھے۔
غیر معیاری وزن اور پیمائش پر بھی کارروائی
مجوزہ ضوابط کے تحت اگر پہلے سے پیک شدہ اشیاء کے مینوفیکچررز، پیکرز، مارکیٹرز یا ای کامرس پلیٹ فارمز غیر معیاری وزن اور پیمائش کے آلات استعمال کرتے ہوئے پائے گئے تو پہلے انہیں سدھار کے لئے نوٹس دیا جائے گا اور سدھار نہ ہونے پر ۵؍ ہزار اور مسلسل وہی فریب دہی کرنے پر ۲؍ لاکھ تک کا جرمانہ اور رجسٹریشن و لائسنس کو منسوخ کیا جائے گا ۔محکمہ شہری رسدو خوراک نے مجوزہ قواعد سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا اور عوام تجاویز اور اعتراضات بھی طلب کئے ہیں ۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ’’ اس کا مقصد نہ صرف صارف کے ساتھ ہونے والی فریب دہی کو روکنا ہے بلکہ ایسے کاروباری اداروں اور تجارتی مراکز کیخلاف کارروائی کو مزید سخت بنانا ہے جو مقررہ معیارات کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔‘‘