Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا‘کے اُترپردیش میں داخل ہونے سے قبل سرگرمیاں تیز، ’یاترا‘ کا روٹ میپ جاری

Updated: December 28, 2022, 10:01 AM IST | new Delhi

’بھارت جوڑو یاترا‘ کے اُترپردیش میں پہنچنے سے قبل اس کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے اور مقامی لیڈروں کے ساتھ ہی مرکزی لیڈران بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔

Coordinator Salman Khurshid announcing the `Route Map` of `Bharat Jodo Yatra` (Photo: PTI)
’بھارت جوڑو یاترا‘ کے ’روٹ میپ‘ کااعلان کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر سلمان خورشید (تصویر: پی ٹی آئی)

 ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے اُترپردیش میں پہنچنے سے قبل اس کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے اور مقامی لیڈروں کے ساتھ ہی مرکزی لیڈران بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا ’یاترا‘ کا روڈ میپ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ یاترا میں شرکت کیلئے مختلف جماعتوں کے لیڈروں کو دعوت نامے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔  شیڈول کے مطابق’بھارت جوڑو یاترا‘ بروز منگل۳؍ جنوری کو دہلی سے غازی آباد کے لونی بارڈر سے اترپردیش میں داخل  ہو گی۔ اس درمیان کانگریس نے یوپی مرحلے کیلئے ’بھارت جوڑو یاترا کا ’روٹ میپ‘ جاری کر دیا ہے۔ یہ یاترا دہلی سے غازی آباد کے راستے اتر پردیش میں داخل ہوگی۔  ’روٹ میپ‘ کے مطابق یہ یاترا باغپت اورشاملی سے ہوتے ہوئے۱۳۰؍ کلومیٹر کا سفر طے کر کے آئندہ مرحلے میں ایک بار پھر ہریانہ پہنچ جائے گی۔ اترپردیش میں’ بھارت جوڑو یاترا‘ کا دورہ ۳؍ دنوں کا ہوگا۔
 یوپی مرحلہ کیلئے یاترا کا جو روٹ جاری کیا گیا ہے، اس کے مطابق چھٹی کا وقفہ ختم ہونے کے بعد۳؍ جنوری کی دوپہر ۱۲؍ بجے یہ قافلہ دہلی سے غازی آباد کے لونی بارڈر پر پہنچے گا۔ یہاں سے یاترا لونی تراہا پہنچے گی اور پھر۴؍ جنوری کو باغپت ضلع میں داخل ہوگی۔  بعد ازاں باغپت، سسانا، سرور پور اور بڑوت سے یہ یاترا گزرتے ہوئے کاندلا، اونچاگاؤں اور کیرانہ پہنچے گی۔اس کے بعد۵؍ جنوری کو پانی پت بارڈر کے راستے ہریانہ میں داخل ہو جائے گی۔ اس دوران ۳؍ دنوں میں یوپی میں یہ یاترا تقریباً۱۳۰؍ کلومیٹر کا احاطہ کرے گی۔ رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی نے بی ایس پی سپریمو مایاوتی، ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور آر ایل ڈی  صدر جینت چودھری، کسان لیڈر راکیش ٹکیت سمیت مزیدکئی لیڈروں کو ’یاترا‘ میں شامل ہونےکیلئے مدعو کیا ہے۔ تاہم دعوت نامے کے حوالے سے کوئی باضابطہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں کہ یہ لیڈران شر یک ہوں گے یا نہیں۔
 ذرائع کے مطابق   اکھلیش اور جینت چودھری  یاترا میں شریک نہیں ہوں گے البتہ شیوپال  یادوکی شرکت ہوسکتی ہے۔اس دوران یوپی میں یاترا کے کوآرڈی نیٹر سلمان نے یاترا کیلئے ریاستی سطح کی ۱۰؍ کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK