• Tue, 28 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکھلیش نے بی جے پی کونفرت پھیلانے والی گینگ قرار دیا

Updated: October 28, 2025, 10:26 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے برسراقتدار پارٹی کے متعلق یہ بھی کہاکہ ’’بی جے پی کا کام صرف نفرت پھیلانا اور سماجی یکجہتی کو توڑنا ہے۔‘‘

Akhilesh Yadav with leaders and workers at a party event. Photo: INN
اکھلیش یادو ، اپنی پارٹی کے ایک پروگرام میں لیڈران اور کارکنان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ایک سیاسی گینگ بن چکی ہے، جس کا ایجنڈا صرف نفرت پھیلانا اور سماجی یکجہتی کو توڑنا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں غیرقانونی کاروبار، زمینوں پر قبضے، اور بدعنوانی کا بازار گرم ہے۔ بی جے پی کے لیڈر اور کارکنان سرکاری زمینوں اور تالابوں پر قبضے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل ’زمین مافیا پارٹی‘ بن چکی ہے۔ اس حکومت میں لوٹ، بدعنوانی اور اقرباپروری اپنی انتہا پر ہے۔ ہر محکمہ بدعنوانی سے بھرا ہوا ہے اورسرکاری بجٹ کی لوٹ مچی ہوئی ہے۔
پارٹی کے ریاستی دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے کارکن سب سے زیادہ محنتی اور جدوجہد کرنے والے ہیں۔ پارٹی کو اپنے کارکنوں پر پورا بھروسہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے عوام بی جے پی حکومت سے تنگ آچکےہیں اور اب وہ سماجوادی پارٹی کی حکومت بنانے کے لئے تیار ہیں۔ عوام کو سماجوادی پارٹی پر یقین ہے کیونکہ ایس پی حکومت نے اپنے تمام وعدے پورے کئے تھے، کسانوں کو سہولیات دی گئی تھیں، آبپاشی اور علاج مفت کیا گیا تھا، طلبہ کو لیپ ٹاپ دئے گئے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔اکھلیش یادو نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں کوان تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو نظم و ضبط، بہتر زبان و برتاؤ، اور باہمی اعتماد کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے تاکید کی کہ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف غیرضروری بیانات اور الزامات سے پرہیز کیا جائے۔ پارٹی کا ہر کارکن عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرے اور سب کا احترام کرے۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں اور تاجروں کی بدحالی عروج پر ہے ۔نو سال کی حکومت میں بی جے پی نے صرف سماج میں دوریاں پیدا کی ہیں اور پی ڈی اے طبقے کو ستایا ہے۔ حکومت ہر سطح پر پی ڈی اے کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔
آخر میں اکھلیش یادو نے یہ عزم ظاہر کیا کہ سماجوادی پارٹی ۲۰۲۷ء میں ریاست میں حکومت بناکر سماجی انصاف کے دور کا آغاز کرے گی، جہاں ہر شہری کوانصاف اور احترام ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK