سالانہ جنرل میٹنگ میں گوتم اڈانی نے ۲۰۳۵ء تک ۱۰؍ گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے نیوکلیائی پاور پلانٹس قائم کرنے کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 3:35 PM IST | Mumbai
سالانہ جنرل میٹنگ میں گوتم اڈانی نے ۲۰۳۵ء تک ۱۰؍ گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے نیوکلیائی پاور پلانٹس قائم کرنے کا اعلان کیا۔
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے بدھ کو منعقدہ سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) میںجوہری توانائی (نیوکلیائی بجلی) کے شعبے میں بھی قدم رکھنے کا اعلان کیا۔ میٹنگ میں انہوں نے اڈانی گروپ کے تین بنیادی اقدامات سے آگاہ کیا جن کا مقصد پورے گروپ میں کام کے طریقہ کار کو بہتر بنانا، کارکردگی میں اضافہ کرنا اور افرادی قوت کی فلاح و بہبود کو مضبوط بنانا ہے۔ گوتم اڈانی نے کہا کہ گروپ مستقبل کی اقتصادی اور تکنیکی تبدیلیوں کیلئےخود کو تیار کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’’اڈانی پاور‘‘۲؍لاکھ کروڑ روپے کے توسیعی منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کا ہدف اگلے ۵؍ برسوں میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بڑھا کر۴۵؍گیگاواٹ تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ نے بھوٹان میں۵؍ہزار میگاواٹ ہائیڈرو پاور صلاحیت تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ ’’اڈانی ایٹامک انرجی‘‘ کے ذریعے۲۰۳۵ء تک۱۰؍گیگاواٹ جوہری توانائی کی صلاحیت والے نیوکلیائی پاور پلانٹس قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران کیخلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور
گوتم اڈانی نے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم اب دنیا کی ان چند کمپنیوں میں شامل ہیں جو صرف مستقبل کے مطابق ردعمل ظاہر نہیں کر رہیں بلکہ اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ مسلسل جانچ پڑتال کے باوجود گروپ نے اپنی توسیع جاری رکھی ہے۔ توانائی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور صنعتی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں گروپ نے دنیا کے سب سے بڑے مربوط انفراسٹرکچر پلیٹ فارم کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کی ہے۔
گروپ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اڈانی نے جو تین بڑے منصوبے پیش کئے ان میں تنظیمی ڈھانچے کو آسان بنانا، ٹھیکیداروں اور شراکت داروں کے مفادات کا تحفظ اور ۴؍لاکھ ملازمین کے وقار اور فلاح پر توجہ مرکوز رکھنا ہے۔