Inquilab Logo

جنرل اسمبلی کے ۷۷؍ ویں اجلاس سے اہم لیڈروں کا خطاب

Updated: September 25, 2022, 10:05 AM IST | New York

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کا خطاب ، ہتھیاروں کی دوڑ ، جنگ اور پابندیوں کے خاتمے پر زور۔ ان کے مطابق کچھ ممالک کے لوگ خوراک، رہائش، صحت اور تعلیم سے محروم ہیں

Bangladesh Prime Minister Sheikh Hasina (AP/PTI)
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ ۔(اے پی / پی ٹی آئی)

 بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ  نے جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ہتھیاروں کی دوڑ ، جنگ اور پابندیوں کے خاتمے پر زور دیا۔  انہوں نے بحرانوں اور تنازعات کے حل کیلئے بات چیت کو انتہائی اہم  قرار   دیا۔
 و اضح رہےکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ۷۷؍ واں اجلاس۱۳؍ سے۲۷؍ستمبر تک نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں  جاری ہے جس میں۱۹۳؍ رکن ممالک کے سربراہ اور حکومتوں کے نمائندے شر یک ہیں۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق کووڈ۱۹؍وبا  کے  بعد پہلی  بار نیویارک میں منعقدہونے والے    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۷۷؍ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےبنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ  حسینہ نے کہا،’’ میں عالمی برادری سے  درخواست کرتی ہوں کہ ہتھیاروں کی دوڑ، جنگ اور پابندیاں کا سلسلہ رکنا چاہئے۔ بچوں کیلئے خوراک اور ان کی حفاظت ضروری ہے۔ اس کے لئے امن قائم کیا جائے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا ،’’ ہم سمجھتے ہیں کہ جنگ کے اشتعال میں اقتصادی پابندیاں اوردیگر پابندیاں کبھی کسی قوم کیلئے بہتر نہیں ہو سکتیں۔ تنازعات کے بنیادی اسباب جانے بغیر ہم امن برقرار نہیں رکھ سکتے۔  ہم بہتر تعاون ، یکجہتی، مشترکہ خوشحالی اور اجتماعی عمل کے ساتھ ایک پرامن دنیاکے خواہشمند ہیں۔‘ ‘انہوں نے  عالمی برداری کو اس بات کا بھی احساس دلایا ،’’  ہم اپنی آنے والی نسلوںکی خاطر ایک ایسی دنیا   چھوڑجانے کیلئے  پابند  عہد ہیں جو پرامن ہو ، لہٰذا   ہم فوری طورپر یوکرین روس تنازع کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘‘
 انہوں نے  یہ بھی کہا ،’’ ایک ملک کو سزا دینے کیلئے اس کیخلاف پابندیاں  عا ئد کرکے  خواتین اور بچوںکو بھی سزا دی جا رہی ہے۔اس کا اثر صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہتا  ہے، بلکہ یہ عمل   ایک بڑی تعداد کی زندگی کو متاثر کرتا ہے اور معیشت کو بھی   خطرے میں ڈال دیتا ہے ۔  اس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزی  بھی ہوتی ہے۔‘‘
  انہوں نے مزید کہا،’’ کچھ ممالک   کے لوگ خوراک، رہائش، صحت اور تعلیم سے محروم ہیں۔ بچوں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔ اُن کا مستقبل تاریکی میں گم ہوگیا ہے ، عالمی برادری کو ان پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔‘‘

 پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ملک میں تباہ کن سیلاب کے بحران کے نتائج سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی حمایت کی درخواست کی ہے۔  انہوں  نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۷۷؍ ویں اجلاس  میں  بتایا ، ’’ہم جس صدمے سے گزر رہے ہیں   ، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ۴۰؍ دن اور۴۰؍ رات کے ہولناک سیلاب نے زبردست تباہی مچائی، ہمارے ملک کی صورت بدل گئی ہے۔ صدیوں کا ریکارڈ کوٹو ٹ گیا ہے۔‘‘
   شہباز شریف نے مزید کہا،’’  پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی اتنی سخت اور تباہ کن مثال کبھی نہیں دیکھی۔ پاکستان میں زندگی ہمیشہ کیلئے بدل گئی ہے۔‘‘
 شریف نے کہا ،’’ اس وقت ترجیح تیز رفتار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا اور لاکھوں  افراد کو غربت سے نکالنا ہے جس کیلئے ایک مستحکم  اور پرامن ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘
 اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے تقریباً۸۰؍ لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ اب بھی بے گھر افراد کو ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK