Inquilab Logo

ہم نے الیکشن سے قبل آرے کے تعلق سے جو وعدہ کیاتھا،اسے وفا کردیا:آدتیہ ٹھاکرے

Updated: October 15, 2020, 8:53 AM IST | Ranjeet Jadhav | Mumbai

ماحولیات کا خیال رکھتے ہوئے میٹروکارشیڈ کو آرے سےکانجور مارگ منتقل کرنے کے فیصلے کی پذیرائی کے بیچ اس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرسیاحت آدتیہ ٹھاکرے نے اسے سیاست نہیں بلکہ جینے کے حق کا معاملہ قراردیا ہے۔ انقلاب سےہونےوالی ان کی گفتگو کےاقتباسات:

Aditya Thackeray - PIC : INN
آدتیہ ٹھاکرے ۔ تصویر ـ آئی این این

آرےملک کالونی کی ۸۰۰؍ ایکڑ زمین کو جنگل قرار دینے اور کارشیڈ کو کانجور مارگ منتقل کرنے کے اپنے فیصلے  کےبعد پہلی بار کسی اخبار سے گفتگو میں وزیر سیاحت و ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے نےکہا ہے کہ یہ  معاملہ کبھی سیاست کا تھا ہی نہیں بلکہ یہ جینے کے حق کا معاملہ تھا۔ ان کے مطابق’’یہ شیوسینا  کے بطور پارٹی اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے جی  کے بطور انفرادی حیثیت اپنے وعدہ  پورے کرنے کا ثبوت ہے۔  انہوں نے کہا کہ ’’آرے میں کار شیڈ کا معاملہ کبھی کسی فریق کے خلاف نہیں تھا اور نہ ہی اس میں سیاست تھی۔ یہ  جینے کے حق اور صاف ستھری زندگی گزارنے کے بارے میں تھا۔ کارشیڈ کو کانجور مارگ منتقل کرکے ہم نے ممبئی کے آخری سبز پھیپھڑوں کو بچایا ہے۔‘‘ 
 اس سوال پر کہ ممبئی  جہاں زمین کی قیمت اتنی زیادہ ہے ، وہاں اتنے  بڑے حصے کو جنگل قرار دینا کوئی آسان کام نہیں  رہا ہوگا؟ آدتیہ ٹھاکرے نے جواب دیا کہ ’’ ممبئی میں ۸۰۰؍ ایکڑ رقبے کو جنگل  قرار دینا ناقابل تصور ہے لیکن مجھے فخر ہے کہ ہماری حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا۔‘‘ آرے میں مقیم قبائلیوں میں پھیلی تشویش کو دور کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’’ مذکورہ اعلان کے پہلےدن سے ہی  وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے  واضح کردیا ہے کہ قبائلیوں کے تمام حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ ہندوستانی جنگلات ایکٹ نے وہاں بسنے والے آدیواسیوں کے  وہاں رہنے کے  حقوق کاتحفظ کیا ہے۔‘‘
  ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے آرے کے بارے میں جب بھی بات کرتے ہیں تو وہ ’’لونا‘‘ کا ذکر ضرورت کرتے ہیں،اس تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’  لونا ایک  مادہ تیندوے کا نام ہے جس نے  ۸؍ سے ۹؍ بچوںکو جنم دیا ہے۔ اس کی کہانی نے بھی مجھے اس کے اور اس جیسے دوسرے  تیندوئوں کے گھر کی حفاظت کیلئے کچھ کرنے کی ترغیب دی۔ لونا بقائے باہمی کی  ایک بہترین مثال ہے۔ کیمرا ٹریپنگ  اسٹڈی کرنے والی ٹیموں  نے ا س مادہ تیندوےاور دیگر چیتوں کو کارشید ڈپو سائٹ کے قریب  دیکھا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK