ممبئی میں۵۳، دیگر اضلاع میں ۵۶؍ مریض ، بی ایم سی نے کہا کہ عوام کو گھبرانے کی نہیں بلکہ محتاط رہنے کی ضرورت
EPAPER
Updated: May 21, 2025, 3:30 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ممبئی میں۵۳، دیگر اضلاع میں ۵۶؍ مریض ، بی ایم سی نے کہا کہ عوام کو گھبرانے کی نہیں بلکہ محتاط رہنے کی ضرورت
سنگاپوراور ہانگ کانگ سمیت دیگر ممالک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ ۱۰؍ ہفتوں میں یہاں مریضوں کی تعداد میں ۳۰؍ گنا اضافہ ہوا ہے۔جسکا اثر ممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔ بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کےمطابق جنوری تا اپریل کے مقابلہ مئی میں کورونا کے مریضوںکی تعداد میں اضافہ ہواہے۔مئی میں بی ایم سی حدودمیں کووڈ کے ۵۳؍ مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اسی وجہ سے بی ایم سی نے کورونا کےمریضوںکے علاج کیلئے سیون ہل اورکستوربااسپتال میں بالترتیب ۸۰؍اور ۱۰؍بیڈ کاعلاحدہ وارڈ قائم کیاہے۔
مہاراشٹر میں بھی پچھلے ایک ہفتے کے دوران کوروناکے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ایک ہفتے میں کیسز کی کل تعداد ۱۲؍ سے بڑھ کر ۵۶؍ ہوگئی ہے۔ پیر تک، ملک بھر میں کم از کم ۲۵۷؍فعال کووِڈ کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں جن میں مہاراشٹر دوسرے نمبر پر ہے۔۹۵؍ کیسز کے ساتھ کیرالا میں سب زیادہ کووڈ کے مریض پائے گئے ہیں۔یہاں کووڈ سے ایک شخص کی موت بھی ہوئی ہے۔
شہری انتظامیہ کی رپورٹ کےمطابق جنوری سے اپریل تک کووڈ کے مریضوں کی تعداد کم تھی لیکن مئی میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میں بی ایم سی نے عوام سے گھبرانے کی نہیں بلکہ الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر بی ایم سی نےسیو ن ہل اسپتال میں بچوںاور حاملہ خواتین کیلئے ۲۰؍بیڈ اور ۶۰؍جنرل بیڈ،اور کستوربا اسپتال میں ۲؍انتہائی نگہداشت کے بستر اور ۱۰؍ دیگر بستر کاانتظام کیا ہے۔ میونسپل اسپتالوں میںکوروناکے مریضوں کیلئے علاج اور رہنمائی کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کا محکمہ صحت کووڈ کے انفیکشن کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں اضافے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
سائن اسپتال کے ڈین ڈاکٹر موہن جوشی کے مطابق ’’ہم ضروری ادویات اور ٹیسٹنگ کٹس سے لیس ہیں۔ تشویش کی کوئی بڑی وجہ نہیں ہے کیونکہ ہماری تقریباً ۹۹؍ فیصد آبادی کو کووڈ کے ٹیکے لگ چکے ہیں۔ اسلئے، مریضوں کو بڑی حد تک ہلکی علامات کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔‘‘
کورونا کی علامات کیاہیں؟
کوروناکی عام علامات میں بخار، کھانسی، گلے کی سوزش، تھکاوٹ، جسم میں درد اور سر درد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بعض اوقات سردی، ناک بہنا، ذائقہ کی کمی جیسی علامات بھی شامل ہوتی ہیں۔ یہ علامات عام مریضوں میں ایک جیسی ہو سکتی ہیں لیکن ایک فرد سے دوسرے میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ کوروناکی شکایت ہونے پر سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ اگر آپ کو کوئی علامت ظاہرہوتی ہے تو فوری طور پر اسپتال یا فیملی ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ کوروناکی علامت ظاہر ہونےپر عوام میں ماسک پہنیں،دوسروں سے فاصلہ رکھیں، صابن اور پانی سے بار بار ہاتھ دھوئیں، مناسب خوراک اور آرام کریں۔