• Sat, 14 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں انتخابات کا عمل مکمل ہوتے ہی ایڈمنسٹریٹررُول کا اختتام

Updated: February 09, 2026, 11:51 PM IST | Malegaon

دلچسپ بات ہے کہ میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے بحیثیت ایڈمنسٹریٹر ۷۸۶؍دنوں تک کام کیا ہے

Municipal Commissioner Ravinder Jadhav speaking.
میونسپل کمشنر رویندرجادھو اظہار خیال کرتے ہوئے۔

صنعتی شہر میں بلدیہ انتخابات کے سارے مراحل پورے ہونے کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر رُول(پرشاشک راج) کا اختتام ہوگیا ہے۔۸/فروری،پیر سے میئرنسرین شیخ خالد اور ڈپٹی میئر شانِ ہند مستقیم نے اپنے عہدے کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بلدیہ کے سبھی محکموں کے اعلیٰ و ثانوی درجے کے افسران حاضر تھے۔
میونسپل کمشنر نے کیا کہا؟
 اس سے قبل انقلاب سے خصوصی گفتگو کے دوران میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے کہا کہ ’’مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو میری تقرری ہوئی تھی۔یہاں آنے سے قبل دھولیہ میونسپل کارپوریشن میں کام کررہا تھا۔شہر مالیگاؤں مسلم اقلیت کے غلبے والا شہر ہے۔مجھے خوشی ہے کہ یہاں پر بحیثیت ایڈمنسٹریٹر مجھے ۷۸۶/دنوں تک کام کرنے کا موقع ملا ۔‘‘ 
 انہوں نے کہا کہ ’’ سرکاری ملازمت کرتے ہوئے مجھے ۳۰؍ سال ہوچکے ہیں۔اگلے چند مہینوں میں سبکدوش ہو جاؤں گا۔میرا تعلق عام خاندان سے ہے۔مجھے غربت،تکالیف اور مجبوریوں کا احساس ہے۔مَیں نے کوشش کی ہے کہ شہری بلدیہ کے ذریعے مالیگاؤں کی عوام کی خدمت کروں۔اس کیلئے کئی بڑے سرکاری پروجیکٹ روبہ عمل لائے۔کام اَب بھی جاری ہے۔‘‘
 دورانِ گفتگو انہوں نے اپنے اوپر عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’کام کرتے رہنا چاہئے۔مَیں نے انتظامی امور کی تکمیل میں کم وسائل ،محدود افراد اور بہت سارے مسائل کے باوجود کام کیا ہے۔تعلیمی شعبے میں جس سطح پر کام کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی اُس میں کمی و کجی رہ گئی جس کا مجھے ذاتی طور سے افسوس ہے۔‘‘
ایڈمنسٹریٹررُول کے بارے میں 
 مہاراشٹرگورنمنٹ کا ترمیم شدہ ایڈمنسٹریٹر رُول ۱۹۷۰ء ایکٹ صوبے کے خود مختار مقامی انتظامی اداروں جیسے گرام پنچایت،میونسپل کونسل، کارپوریشن،ضلع پریشد وغیرہ میں نافذ کیا جاتا ہے۔اس کی کم سے کم مدت چھے اور زیادہ سے زیادہ نَو مہینے تک مدت ہوتی ہے۔حسبِ ضرورت اس مدت میں توسیع کا اختیار اسٹیٹ گورنمنٹ کو ہوتا ہے۔ممبئی سمیت دیگر علاقوں کی لوکل سیلف باڈیز بشمول مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں ۲۰۲۳ء میں ایڈمنسٹریٹررُول لاگو کیا گیا تھا۔ مالیگاؤں میں اس کا اختتام ۸/فروری ۲۰۲۶ء کو عمل میں آیا۔
عوامی نمائندوں کی سرگرمیاں شروع
 ایڈمنسٹریٹررُول کے خاتمے کے ساتھ حالیہ میونسپل الیکشن میں منتخب عوامی نمائندوں (کارپوریٹروں) کی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔۸۴؍رکنی بلدیہ کا سالانہ بجٹ ۱۲؍سَو کروڑ روپوں پر مشتمل ہے۔نومنتخب اراکین بلدیہ اس بجٹ کو منظوری دیں گے۔امکان ہے کہ رواں مہینے میں نئی باڈی کی پہلی جنرل بورڈ میٹنگ ہوگی۔اس میں سالانہ بجٹ پیشی،مباحثے،ترامیم واضافے کے مراحل کے بعد بجٹ منظور ہوجائیگا۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK