میونسپل اسکول بورڈ نے اُردومیڈیم کے ۵؍اسکول معاہداتی طرزپردینے کیساتھ اُن اسکولوں میں کےجی شروع کرنے کیلئےبھی ہری جھنڈی دِکھائی۔ تنظیم نےغریب بچوںکیلئے حصولِ علم کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔
EPAPER
Updated: September 10, 2026, 1:00 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
میونسپل اسکول بورڈ نے اُردومیڈیم کے ۵؍اسکول معاہداتی طرزپردینے کیساتھ اُن اسکولوں میں کےجی شروع کرنے کیلئےبھی ہری جھنڈی دِکھائی۔ تنظیم نےغریب بچوںکیلئے حصولِ علم کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔
صنعتی شہر میںآل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے زیراہتمام جاری اُردومیڈیم کے ۵؍اسکول گودلینے کی پہل کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔اس طرح اپنے وجود کے تحفظ کیلئے منتظر میونسپل اُردو اسکولوں کیلئے مژدئہ جانفراآہی گیا۔ فیڈریشن کی اِس پہل پر سیاسی حلقوں میں پزیرائی کی گئی اورمقامی انتظامیہ نے بھی اس اقدام کو لائق تقلید قرار دیاہے۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن شعبہ پرائمری تعلیم کی جانب سے یکم ستمبر۲۰۲۶ء کوایک خط تیار کیاگیا۔ جس میں تاناجی گونگڈے(ایڈمنسٹریٹیو آفیسر) نےمیونسپل کارپوریشن کے اُردو میڈیم کے ۵؍ اسکول: میونسپل کارپوریشن اُردو اسکول نمبر۲۸، اسکول نمبر۳۶، نئی اسکول نمبر۱۳، نئی اسکول نمبر۱۴؍ اور میونسپل اُردونئی اسکول نمبر۲۳؍ میمن فیڈریشن جماعت کو معاہداتی طرز پر دینے کے احکامات پر ستخط کئے۔تاناجی نے انقلاب سے کہا کہ شاڑادتّک (اسکولیںگوددینےکا منصوبہ) یوجناکے تحت اُردو میڈیم کے یہ اسکول دئیے گئے ہیں۔ایسے ادارے جو سماجی وفلاحی خدمات بغیرنفع کےانجام دیتے ہیںاُن کیلئے مہاراشٹرگورنمنٹ نےاس منصوبے کو روبہ عمل لایا۔اس منصوبے سے سرکاری اسکولوں کی اَبتری کو بہتری میں بدلنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نتن یاہو ایک منٹ بھی اسرائیلی وزیراعظم رہنے کا اہل نہیں، استعفے کا مطالبہ
آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی یوتھ وِنگ کے مقامی کارکن رضوان میمن شیخانے کہا کہ مالیگاؤں کو اُردو کا جزیرہ کہاجاتا ہے۔اُردوکی آبیاری میںسادات،مشائخ،صوفیاء اور علمائے کرام کی محنت شاقہ رہی ہے۔اِس زبان کے تحفظ کے ساتھ اُردوذریعہ تعلیم کو استحکام دینےکےمقصد سے میمن جماعت فیڈریشن نے اُردومیڈیم کے ۵؍ اسکول گود لینے کی ٹھانی۔اس کیلئے میئرنسرین شیخ خالد کوفیڈریشن کے صدراقبال میمن آفیسرنے تحریری یادداشت پیش کی تھی۔چند مہینے قبل فیڈریشن کے وفد نے مالیگاؤں کا دورہ کیا۔شہری انتظامیہ پربرسر اقتدار سیکولر فرنٹ کے روح رواں آصف شیخ رشید سے اس سنجیدہ معاملے میںگفت وشنید کی۔مسلسل خط وکتابت سے نمائندگی رنگ لائی۔
میمن جماعت فیڈریشن کے صدر نے کیا کہا؟
اقبال میمن آفیسر(صدر،آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن،ممبئی)نے کہا کہ مالیگاؤں سے قبل جلگاؤں میںایک میونسپل اُردواسکول کو گودلیاہے۔اُس اسکول کو سجانےسنوارنےاور وہاں انتظامات سے متعلق اخراجات فیڈریشن کی طرف سے ہوتے ہیں۔وہاں سے اچھے نتائج بھی آئے۔اس سے حوصلہ پاکرفیڈریشن نے مالیگاؤں میںاس تجربے کو دہرانےکا منصوبہ بنایا۔فیڈریشن کو اس میں کامیابی ملی۔اقبال میمن آفیسر نےمزید کہا کہ ہم نے مالیگاؤں میںایک بڑا تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی غرض سے وسیع قطعہ اراضی خریدلی ہے۔
میونسپل اسکولوں کو مثالی بنایا جائیگا:آصف شیخ
آصف شیخ رشید(سابق رُکن اسمبلی)نے کہا کہ شہری بلدیہ پرانڈین سیکولرپارٹی اورسماج وادی پارٹی کا اقتدار آتے ہی تعلیمی معاملات کی طرف توجہ مرکوز کی گئی۔اوّل کوشش یہ ہوئی کہ سماجی اداروں کومیونسپل اسکولیں گوددینے کی کارروائی کی گئی۔دوّم یہ کہ میونسپل اسکولوںکی مرمت اور انہیں مثالی بنانےکےمنصوبے پر کام شروع کردیا گیا۔آصف شیخ نےیقین کے ساتھ کہا کہ جلد ہی مالیگاؤں کا تعلیمی منظرنامہ مثبت رُخ پرتبدیل ہوتا ہوا دِکھائی دےگا۔
میونسپل اسکول گود لینے کا ’اے ٹی ٹی پیٹرن‘ کامیابی کی طرف گامزن
میونسپل کارپوریشن کے اُردو اسکول گودلینےکی شروعات مالیگاؤں میں انجمن ترقی تعلیم(اےٹی ٹی)نے کی تھی۔اے ٹی ٹی نے میونسپل اُردواسکول نمبرایک(واقع رفیع احمد قدوائی روڈ)کو ’دتّک شاڑا‘ کے طور پرحاصل کیا۔پروفیسرعبدالمجیدصدیقی(سیکریٹری،انجمن ترقی تعلیم)نے کہا کہ۲۰۱۳ء میں انجمن نے میونسپل اسکول کوگود لیا۔ وہاں پر کے جی کی جماعتیں شروع ہوئیں۔ جو طلبہ اُس وقت کے جی میںداخل ہوئےانہوں نے سالِ گزشتہ ایس ایس سی کا امتحان دیاتھا۔کےجی تا ہفتم میونسپل اُردواسکول نمبرایک میںتعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کواے ٹی ٹی ہائی اسکول میںآٹھویں میںداخلہ دیاجاتا ہے۔ اس طرح میونسپل پرائمری کےطلبہ ڈراپ آؤٹ ہونے کی بجائے سلسلہ تعلیم سے مربوط رہتے ہیں۔اِس کا فائدہ میونسپل اُردو اسکول نمبر ایک کو یہ بھی ہواکہ وہاں پر داخلے کی شرح میںاضافہ ہورہا ہے۔