Inquilab Logo

ہورڈنگز اور بینرس پر کیو آر کوڈ لگانے کا مشورہ

Updated: September 26, 2022, 11:26 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے مشورہ قبول کرتے ہوئے پولیس اور بی ایم سی کو بغیر کیو آر کوڈوالی ہورڈنگز نکالنے کا حکم دیا

Action will be taken against those who put up hoardings and banners without QR code..Picture:INN
بغیر کیو آر کوڈ والے ہورڈنگز اور بینرس لگانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔۔ تصویر:آئی این این

شہر اور مضافات میں جا بجا غیر قانونی ہورڈنگز ، پوسٹرس اور لگائے جانے والے بینرس کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے ضمن میں داخل کردہ عرضداشت پر جاری شنوائی کے دوران قانونی طور پر اجازت لے کر لگائی جانے والی ہورڈنگز ، پوسٹرس اور بینرس میں کیو آر کوڈ لگانے کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بنچ نے مشورہ قبول کرتے ہوئے بی ایم سی اور دیگر متعلقہ محکمہ کے ساتھ پولیس کو بھی کیو آر کورڈ کے بغیر لگائی جانے والی ہوڈنگس کے خلاف کارروائی کرنے اور اسے نکالنے کا حکم دیا ہے ۔ غیر قانونی ہورڈنگز ، پوسٹرس اور بینرس کے خلاف داخل کردہ عرضداشت پر جاری سماعت کے دوران جب بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس ایم ایس کارنک کو ایک عرضداشت گزار کے وکیل نے یہ مشورہ دیا کہ ’’ اس سے قبل غیر قانونی طور پر ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے سلسلہ میں بامبے ہائی کورٹ نے کئی مشورے اور احکامات جاری کئے ہیں لیکن مکمل طو رپر مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے ۔ اس سلسلہ میں اگر متعلقہ محکمہ سے اجازت لے کر لگائی جانے والی ہورڈنگز میں کیو آر کوڈ لگایا جائے تو غیر قانونی ہورڈنگز کو نہ صرف باآسانی پہچان لیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف فوری کارروائی بھی کی جا سکے گی ۔ ‘‘ ۲؍ رکنی بنچ سے یہ بھی کہا گیا کہ کیو آر کورڈ لگانے سے ہوڈنگز لگانے کے لئے لی گئی اجازت اور کس نے ہورڈنگز ، پوسٹرس یا بینرس لگائے  ہیں ، کوڈ اسکین کرنے سے ان کی تفصیلات عیاں ہو جائے گی ۔ چیف جسٹس نے اس مشورہ کو سراہاتے ہوئے بی ایم سی اور دیگر شہری انتظامیہ کو اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی  ۔ ساتھ ہی بی ایم سی کی جانب سے موجود ایڈوکیٹ جنرل آشتوش کمبھا کونی کو بھی کیو آر کوڈ کے مشورہ پر عمل کرنے کے تعلق سے بی ایم سی سے صلاح  مشورہ کرنے کی ہدایت دی  ۔ کورٹ نے یہ بھی کہا کہ جب ہورڈنگز لگانے کی اجازت دی جائے تو کیو آر کوڈ واضح طور پر ہورڈنگز یا پوسٹرس پر عیاں کیا جائےاور کیو آر کوڈ لگانا لازمی قرار دے دیا جائے ۔ اس سے قبل بامبے ہائی کورٹ نے غیر قانونی ہورڈنگز سے متعلق بی ایم سی اور ریاست کی تمام شہری انتظامیہ کو جو احکامات جاری کئے تھے ان میں جہاں یہ کہا گیا تھا کہ غیر قانونی طورپر ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف نہ صرف سخت کارروائی کی جائے بلکہ جرمانہ  بھی عائد کرنے کے ساتھ ان کے خلاف پولیس کیس بھی درج کیا  جائے ۔ یہی نہیں بلکہ غیر قانونی ہورڈنگز کیخلاف کی جانے والی کارروائی سے متعلق رپورٹ کو عیاں کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تھی ۔ اسی درمیان کورٹ کو ریاستی سطح پر غیر قانونی ہورڈنگز کے خلاف ہونے والی کارروائی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کی گئی کارروائی کے دوران ۲۷؍ ہزار ۲۰۶؍ غیر قانونی ہورڈنگز کو نکالا گیا جبکہ ۷؍ کروڑ ۲۳؍ لاکھ روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ۔  ممبئی کی سطح پر کی جانے والی کارروائی کے تعلق سے یہ بھی بتایا گیا کہ شہر اور مضافات سے گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں ایک ہزار ۶۹۳؍ غیر قانونی ہورڈنگز کو نکالا گیا اور لاکھوں روپے جرمانہ وصول کرنے کے علاوہ ۱۶۸؍ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔  کورٹ کو یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت اور بی ایم سی انتظامیہ غیر قانونی ہورڈنگز ، پوسٹرس اور بینرس لگانے والوں کے خلاف بنائے گئے قانون میں ترمیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر مزید سخت قواعد اور قانون کا اطلاق کرنا چاہتی ہے ۔اس پر کورٹ نے کہا کہ ایسا قانون بنایا جائے اور ایسی کارروائی کی جائے کہ غیر قانونی ہورڈنگز لگانے والا دوبارہ ایسی غلطی دہرانے کی کوشش نہ کرسکے ۔

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK