Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاکٹر محمد فیصل حافظ ہیں، ڈینٹسٹ ہیں اور آن لائن ٹیوٹر ہیں

Updated: March 17, 2026, 9:54 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

گزشتہ ۵؍سال سے پونےکے اسلامک انفارمیشن سینٹر میں ۲۷؍ روزہ تراویح پڑھا رہے ہیں، بی ڈی ایس مکمل کرلیا ہے اور بحیثیت ڈینٹسٹ برسرکار بھی ہیں۔ قومی اور بیرونی ممالک کے بچوں اور بڑوں کو آن لائن حفظ، تجوید اور بنیادی عربی بھی سکھاتے ہیں۔

Hafiz Dr. Muhammad Faisal Busy Reciting. Photo:INN
حافظ ڈاکٹر محمد فیصل تلاوت میں مصروف۔ تصویر:آئی این این
 حافظ ڈاکٹر محمد فیصل انصاری (۲۶) ۶؍ برس سے تراویح پڑھا رہے ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ و ہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں ،ساتھ ہی حیدرآباد کی ایک اکیڈمی انڈر اسٹینڈ قرآن ڈاٹ کام پر قرآنک کنسلٹنٹ ٹیوٹر کی حیثیت سے بچوں اور بڑوں کو آن لائن حفظ، تجوید اور بنیادی عربی کی تعلیم دے رہے ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، امریکہ، سوئیز رلینڈ اور برطانیہ کےطلبہ اُن سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ 
حافظ ڈاکٹر محمد فیصل انصاری کا بنیادی ضلع بجنور ( یوپی) سے ہے۔ ان کے والدین ۲۰۰۰ء میں میرا روڈ منتقل ہوئے، اس وقت سے گلستان سوسائٹی نیانگر میں قیام پزیر ہیں۔ ان کی عصری اور دینی تعلیم و تربیت میرا روڈ میں ہوئی۔ گلستان سوسائٹی مسجد و مدرسہ کے امام و خطیب مولانا سراج الدین کی سرپرستی میں عربی تعلیم حاصل کی۔ ناظرہ کے بعد چند ساتھیوں کو حفظ کرتے دیکھا تو خود کو روک نہیں پائے۔ والدین کوبتائے بغیر حفظ شروع کر دیا۔ تین پارے مکمل ہوگئے تب والدہ کو اطلاع دی۔ بیٹے کی اس ادا پر والدین کو حیرت بھی ہوئی اور مسرت بھی۔ والدہ نے فوراً مولانا سراج الدین سے رابطہ کیا جن کے صلاح و مشورے پر آگے کے پاروں کیلئے اُن کا داخلہ میراروڈ کے دارالعلوم عزیزیہ میں کرایا۔ یہاں حافظ وقاری حدیث انصاری کی سرپرستی میں انہوں نے دسمبر ۲۰۱۳ء میں حفظ مکمل کرلیا جس میں یکسوئی کیلئے اُنہوں نے ایک سال کا ڈراپ بھی لیا تھا۔
نیانگر کے مدرٹریسا انگلش ہائی اسکول سے ۲۰۱۵ء میں ۸۲؍ فیصد مارکس سے ایس ایس سی پاس کرنے کے بعد حافظ ڈاکٹر محمد فیصل انصاری نے تراویح پڑھانا شروع کیا۔ ۲۰۱۷ء میں ۷۲؍فیصد مارکس سے ایچ ایس سی امتحان پاس کرکے نیٹ کا بھی امتحان دیا۔ نیٹ کےرزلٹ کی بنیاد پر اعظم کیمپس کے محمد علی رنگون والا ڈینٹل کالج پونے میں داخلہ ملا۔ یہاں سے ۲۰۲۵ء میں میڈیکل کی پڑھائی مکمل کی۔ اس دوران پونے کے اسلامک انفارمیشن سینٹر، پارگے نگر میں ۲۰۲۱ء سے ۲۷؍ روزہ تراویح پڑھا رہے ہیں ۔  
حافظ ڈاکٹر محمد فیصل کے بقول’’ طب کا پیشہ اپنی جگہ اہم ہے مگر میری کوشش یہ ہوتی ہے کہ قرآن کریم یاد رکھنے کی کوشش میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ اسی لئے گزشتہ ۵؍ سال سے رمضان المبارک میں عصری پڑھائی پر کم جبکہ قرآن کریم کے دور پر پوری توجہ مرکوز ہوتی ہے۔ اساتذہ کی جانب سے سختی سے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی پیشہ اختیار کریں لیکن اللہ کے مقدس کلام کی عظمت اور اسے یاد رکھنے کی اہمیت ہمہ وقت ذہن نشین رہے۔ علاوہ ازیں تاحیات تروایح پڑھانے کی کوشش کی جائے۔‘‘
 
 
ڈاکٹر فیصل کے مطابق ’’استاد کی نصیحت میرے لئے مشعل راہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے مجھے ایسے استاد ملے جنہوں نے میری تعلیم و تربیت میں کلیدی کردار نبھایا۔ میں اپنے اساتذہ کی شفقت، محنت اور اعانت کا ہمیشہ قرضدار رہوں گا۔ خداوند قدوس ہمارے استاد کو صحت وسلامتی کےساتھ طویل عمر  عطافرمائے۔‘‘
 
 
حافظ ڈاکٹر محمد فیصل، والدین کے اکلوتے فرزند ہیں جبکہ ان کی ۴؍ بہنوں میں بڑی بہن عالمہ اور معلمہ ہیں، دوسری بہن عالمہ اور ڈاکٹر، تیسری بہن ۱۰؍پارے کی حافظہ اور وکیل ہیں، سب سے چھوٹی بہن مکمل حافظ ِ قرآن ہے اور فی الحال ایم بی بی ایس کی پڑھائی کر رہی ہے۔ اس نے ایس ایس سی پاس کرنے سےقبل حفظ مکمل کرلیا تھا ۔ حافظ ڈاکٹر محمد فیصل پڑھائی کے ساتھ گزشتہ ایک سال سے پونے کے سیواٹرسٹ نامی ڈینٹل کلینک میں بحیثیت ڈاکٹر برسرکار ہیں۔ عید بعد میرا روڈ میں ذاتی کلینک شروع کرنے کا اُن کا ارادہ ہے ۔  ان کی محنت اور لگن کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ بحیثیت حافظ قرآن جیسے جیسے ان کی مشق بڑھے گی ، ان کا اعتماد بھی بڑھے گا اور بحیثیت ڈاکٹر اور ٹیوٹربھی ان کا کریئرکامیاب اور مثالی ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK