ملی تنظیموں کے ذمہ داران نےعامۃ المسلمین کو توجہ دلائی کہ جانور ذبح کرتے ہوئے ویڈیو نہ بنائیںاور اسے وائرل نہ کریں
EPAPER
Updated: May 27, 2026, 11:35 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ملی تنظیموں کے ذمہ داران نےعامۃ المسلمین کو توجہ دلائی کہ جانور ذبح کرتے ہوئے ویڈیو نہ بنائیںاور اسے وائرل نہ کریں
ٓج عید قرباں ہے۔ اس عظیم سنتِ ابراہیمی ؑکی ادائیگی میں تشہیر سےگریز، ویڈیو گرافی اور اسے سوشل میڈیا پرعام نہ کرنے، دیونار سے گوشت احتیاط سے ڈھک کر لانے ، خون آلود کپڑے نہ پہن کر اورچھریاں وغیرہ لے کر نہ گھومنے پر ملی تنظیموں کے عہدیداران نے خصوصی توجہ دلائی ۔
جمعیۃ علماء، جماعت اسلامی، رضا اکیڈمی، علماء کونسل ،جمعیت علمائے اسلام ، جمعیت اہل حدیث ، علماء بورڈ اوردیگر تنظیموں کی جانب سےیہ یاد دہانی کرائی گئی کہ کارپوریشن اورپولیس کی ہدایات پر توجہ دی جائے ۔ اس لئے کہ شرپسند عناصر اس مذہبی تہوار میں کچھ اور رخ بھی دینے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لئے پوری طرح احتیاط برتتے ہوئے قربانی کی جائے تاکہ کسی کو موقع ہی نہ مل سکے۔ ملی تنظیموںکی جانب سے یہ بھی کہاگیا ہےکہ راستے پرگندگی نہ ہو، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کچرا اورلیدوغیرہ رکھنے کےلئے جوڈبے اورڈسٹ بن وغیرہ رکھوائے گئے ہیں، ان کا استعمال کریں ۔
مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے اس تعلق سے آڈیو پیغام جاری کیا۔ اس میں انہوں نے عامۃ المسلمین کومتوجہ کرتے ہوئے کہاکہ’’ ہم سب ایک عظیم نبی کی عظیم سنت ادا کررہے ہیں۔ ایسے میںہم سب صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں کیونکہ ہمارے مذہب میں پاکی کوآدھا ایمان قرار دیا گیا ہے۔ جانور ذبح کرتے وقت ہرگز ویڈیو نہ بنائیں اور نہ ہی اسے سوشل میڈیا پر وائرل کریں۔ اسی طرح قربانی کرتے ہوئے کوئی ایسا عمل ہرگز نہ ہونے پائے جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا کسی کو لب کشائی کا موقع ملے۔ اس لئے ہم عمارت کے کسی حصے میںیا دوسری جگہ جہاں بھی قربانی کررہے ہوں پردے کا لحاظ رکھیں ، برادران وطن کے جذبات کا خیال کریں، صفائی پرتوجہ دیں اور قربانی کے تعلق سے ایسا انداز اپنائیں جس سے اسلام اور مسلمانوں کےتعلق سے اچھا پیغا م عا م ہو۔موجودہ وقت میںاس کی مزیدضرورت ہے ۔
ذمہ داران نے کیا کہا؟
جمعیۃ علماءکے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ’’ عیدقرباں کا تہوار ہمیں قربانی کا پیغا م دیتا ہے، ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ تہوار مناتے ہوئے ہرطرح سے ضابطوں کی تکمیل کی جائے ، انتظامیہ کی جانب سے جوپیغام دیا گیا ہےاس پرعمل کیاجائے تاکہ مزید بہتر اندازمیں قربانی کی جاسکے ۔‘‘ مولانا عبدالجلیل انصاری (جمعیت اہل حدیث )نےکہا کہ ’’ عید قرباں میںسب سے اہم بات صاف صفائی کی ہوتی ہے،اس کا خیال رکھا جائے ۔دیونار سےگوشت لاتے وقت ڈھک کر اور اس طرح سے لایا جائے کہ خون نہ ٹپکے ۔اس کے علاوہ یہ تشہیرکا موقع نہیںہے بلکہ ایک ذمہ دار شہری اورایک باوقار مسلمان کا ہمیںرول ادا کرتے ہوئے جانور کی قربانی پیش کرنی ہے۔‘‘
رضااکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جس نے ہر موقع پررہنمائی کی ہے اور آقائے کریم ؐکی مبارک روشن تعلیمات موجود ہیں۔ قربانی میںبھی ہمیں یہ سبق دیا گیا ہے کہ ہم اس طریقے سے یہ فریضہ انجام دیں کہ مثال قائم ہو نہ کہ کوئی ایسی بات ہوجائے جس سےکسی کوموقع مل سکے۔ اس وقت ملک کے جو حالات ہیں اس میں ہمیں مزید دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے سنتِ ابراہیمی ؑادا کرنی ہے ۔ ‘‘جماعت ِ اسلامی کے امیر ہمایوں شیخ نے کہاکہ ’’ قربانی کاتہوار ہمیںجانور کی قربانی کے ساتھ نفس کی اور خواہشات کی قربانی کا بھی درس دیتا ہے۔یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم یہ فریضہ احسن طریقے سے ادا کریں اوردوسروں کے جذبات کا بھی لحاظ رکھیں۔‘‘