ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور کم ہوتی طلب کے باعث ایئر انڈیا اور انڈیگو نے یکم جون سے اپنی گھریلو پروازوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔ دونوں بڑی ایئرلائنز نے جون تا اگست ۲۰۲۶ء متعدد روٹس پر پروازیں کم یا عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 27, 2026, 10:17 PM IST | New Delhi
ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور کم ہوتی طلب کے باعث ایئر انڈیا اور انڈیگو نے یکم جون سے اپنی گھریلو پروازوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔ دونوں بڑی ایئرلائنز نے جون تا اگست ۲۰۲۶ء متعدد روٹس پر پروازیں کم یا عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایئر انڈیا اور انڈیگو، جو مل کر ملک کی گھریلو فضائی مارکیٹ کے ۹۰؍ فیصد سے زائد حصے پر قابض ہیں، نے یکم جون سے تین ماہ کیلئے اپنی اندرونِ ملک پروازوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ایئر انڈیا بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اپنی گھریلو پروازوں میں ۲۲؍ فیصد تک کمی کرے گی۔ ایئر انڈیا ہر ہفتے تقریباً ۴؍ ہزار ۴۰۰؍پروازیں چلاتی ہے، جن میں سے لگ بھگ۳؍ ہزار ۶۰۰؍اندرونِ ملک جبکہ۸۰۰؍ بین الاقوامی پروازیں ہیں۔ خسارے میں چلنے والی ایئرلائن، جو پہلے ہی بعض روٹس پر پروازیں کم کر چکی ہے، نے کہا کہ خدمات میں یہ نئی کمی جون سے اگست ۲۰۲۶ءتک نافذ رہے گی۔
بدھ کو جاری بیان میں ایئر انڈیا نے کہا:’’جون سے اگست ۲۰۲۶ء کے دوران بعض بین الاقوامی خدمات میں پہلے سے اعلان کردہ تبدیلیوں کے تسلسل میں، ہم نے اسی مدت کیلئے چند گھریلو روٹس پر بھی عارضی طور پر آپریشن محدود کرنے اور بعض روٹس پر پروازوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ‘‘پی ٹی آئی کے مطابق، گھریلو پروازوں میں ۲۰؍سے۲۲؍ فیصد تک کمی کی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا:’’ایئر انڈیا طلب اور آپریشنل صورتحال پر مسلسل نظر رکھے گی تاکہ حالات بہتر ہونے پر پروازوں کی تعداد بحال کی جا سکے۔ ‘‘
جن پروازوں میں کمی متوقع ہے ان میں ممبئی سے احمد آباد، ناگپور، پٹنہ اور بھوپال جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ اسی طرح دہلی سے حیدر آباد، بنگلورو اور کولکاتا کی پروازوں میں بھی کمی کی جائے گی۔ ایئرلائن نے یہ بھی کہا کہ ان تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے مسافروں کو متبادل پروازوں میں جگہ، مفت تاریخ تبدیلی یا مکمل رقم کی واپسی جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس ماہ کے آغاز میں ایئر انڈیا نے فضائی حدود پر پابندیوں اور جیٹ فیول کی بلند قیمتوں کے باعث بعض بین الاقوامی پروازوں میں کمی اور چھ روٹس پر عارضی معطلی کا اعلان بھی کیا تھا، جن میں دہلی۔ شکاگو شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: معدنی سپلائی چین میں اجارہ داری توڑنے کے لیے کواڈ کی جانب سے اہم اعلان
ایئرلائن اگست تک Delhi-Chicago، Mumbai-New York City، Delhi-Shanghai، Chennai-Singapore، Mumbai-Dhaka اور Delhi-Malé روٹس پر خدمات عارضی طور پر معطل کرے گی۔ دوسری جانب، دی نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، انڈیگو بھی اپنی گھریلو پروازوں میں ۵؍ سے۷؍ فیصد تک کمی کرے گی۔ ایئرلائن ذرائع نے بتایا:’’تعلیمی تعطیلات کے بعد عموماً مسافروں کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔ طلب میں متوقع کمی کے باعث ہم یکم جون سے آپریشن محدود کریں گے۔ انڈیگو روزانہ تقریباً ایک ہزار ۹۵۰؍ پروازیں چلاتی ہے، اس لئے معمولی فیصد کمی بھی بڑی تعداد میں پروازوں کی منسوخی کا سبب بنے گی۔ ‘‘
جہاں دہلی نے چھ ماہ کیلئے وی اے ٹی کم کیا ہے، وہیں حکومت مہاراشٹرنے گزشتہ ہفتے ایوی ایشن ٹربائن فیول (ATF) پر وی اے ٹی ۱۸؍فیصد سے کم کرکے۷؍ فیصد کر دیا، جو۱۴؍ نومبر تک نافذ رہے گا۔ فضائی صنعت کو سہارا دینے کیلئے مرکزی حکومت نے یکم اپریل۲۰۲۶ء سے گھریلو ایئرلائنز کیلئے اے ٹی ایف قیمتوں میں اضافے کی حد ۲۵؍فیصد مقرر کر دی تھی تاکہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے اثرات کم کئے جا سکیں۔ اس کے علاوہ پارکنگ فیس میں کمی اور ایئرلائنز کیلئے ایمرجنسی کریڈٹ اسکیم بھی متعارف کرائی گئی۔