• Sat, 28 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افغانستا ن اور پاکستان کا ایک دوسرے پر حملہ

Updated: February 27, 2026, 11:22 PM IST | Islamabad

اسلام آباد کا ۲۷۴؍افغان جنگجو ؤںکی ہلاکتوں اور ۴؍ سو سے زیادہ کے زخمی ہونے کا دعویٰ،افغانستان نے صرف ۸؍ کی تصدیق کی

Afghan Taliban soldiers are seen on duty on the Afghanistan-Pakistan border. (Photo: AP/PTI)
افغانستان -پاکستان سرحد پر افغان طالبان فوجی مامورنظر آرہے ہیں۔(تصویر: اے پی / پی ٹی آئی)

پاکستان اور افغانستان کے درمیان جمعرات کی شب شروع ہونے والے تصادم کا سلسلہ جاری ہے اور فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کی تنصیبات پر حملوں کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔
  طالبان حکومت کے ترجمان نے کابل، پکتیا اور قندھارپربمباری کی تصدیق کی۔ افغان میڈیا کے مطابق رات تقریباً ایک بج کر۵۰؍ منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک فوجی مرکز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ افغان میڈیا نے بتایا کہ صوبے پکتیا میں طالبان منصوری کور پردو مرتبہ بمباری کی گئی۔ افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ رات۱۲ ؍ بجے کے بعد قندھار میں پاکستانی طیارہ پرواز کرتا ہوا دیکھا گیا۔الجزیرہ کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ تصادم میں۲۷۴؍ طالبان جنگجو ہلاک اور۴؍سو سےزیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ۷۴؍ طالبان چوکیوں کو تباہ کیا گیا جبکہ ۱۸؍ پر قبضہ کر لیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے۲۷؍ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ دوسری جانب طالبان حکومت نے اس سے کہیں کم جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق ان کے۸؍ جنگجو ہلاک ۱۱؍زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تصادم اس وقت شروع ہوئے جب چند روز قبل پاکستانی فضائیہ نے افغانستان میں مبینہ طور پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی سرحد پار حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ 
 پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان حکومت پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اب صبر کاپیمانہ لبریز ہوچکا ہے، یہ کھلی جنگ ہے۔جمعہ کی دوپہر افغان طالبان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اوردیگر شہرو ں میں فضائی کارروائی کی گئی ہے لیکن پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کے تین شہروں میں چھوٹے ڈرونز سے حملوں کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔افغان وزارتِ دفاع نے جمعہ کی دوپہر ایکس پر جاری پیغام میں دعویٰ کیا کہ فضائیہ کی مدد سے کئے گئے حملوں میں اسلام آباد، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں فوجی کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
 دوسری جانب اقوام متحدہ ،سعودی عرب، قطر، چین، ایران ، روس اور دیگرممالک نے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK