مرکزی بجٹ پر منعقدہ دوسرے ویبینار کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم مودی کااظہار خیال۔
وزیر اعظم مودی۔ تصویر:پی ٹی آئی
وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی صنعت کاروں کو’معیار‘ کو اپنا عظیم منتر بنانے کی اپیل کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ دنیا آج کے دور میں پیداوار کے کاموں کیلئے مضبوط شراکت داروں کی تلاش میں ہے اور یہ ہندوستان کیلئے ایک بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ حال ہی میں کئے گئے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) سے بھی ہندوستان کے صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کیلئے مواقع کے بڑے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا فائدہ صرف معیاری مصنوعات پیش کرکے ہی اٹھایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم مودی بجٹ۲۷۔۲۰۲۶ء پر منعقدہ دوسرے ویبینار کا افتتاح کر رہے تھے۔ دن بھر چلنے والے اس ویبینار کا موضوع ہے ’’اقتصادی ترقی کو مسلسل سنبھالنا اور مضبوط کرنا‘‘ جس میں چار الگ الگ اجلاس ہوئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی صنعتوں کو ان مواقع کا فائدہ اٹھانے کیلئے بڑے اعتماد کے ساتھ قدم بڑھانے ہوں گے۔ نئی ٹیکنالوجی اپنانی ہوگی، تحقیق پر کنجوسی کرنے کے بجائے سرمایہ کاری بڑھانی ہوگی، معیار بہتر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان نے بہت سے ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے کئے ہیں۔ ہمارے لئے مواقع کے بڑے دروازے کھلے ہیں۔ ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معیار پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔‘‘انہوں نے کہاکہ ’’آپ کا ایک ہی عظیم منتر ہونا چاہیے: معیار، معیار اور مزید معیار۔‘‘ وزیر اعظم نے ہندوستانی صنعت کاروں سے عالمی معیار سے بھی بہتر معیار پیش کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ’’معیار پر سمجھوتہ نہیں، اس پر سب سے زیادہ وقت، وسائل اور عقل صرف کرنی ہوگی۔‘‘ انہوں نے صنعت کاروں کو عالمی منڈی کی ضروریات کا مطالعہ اور تجزیہ کرنے اور اس کے مطابق اپنی پیداواری صلاحیت تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’آج دنیا قابل اعتماد اور پیداوار کیلئے مضبوط شراکت داروں کی تلاش میں ہے۔ ہندوستان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ اس کردار کو مضبوطی سے نبھائے۔‘‘
ویبینار میں ۴؍ الگ الگ اجلاس ہوئے۔ ان اجلاسوں میں پہلا اجلاس پیداوار اور صنعتوں کے معیار کو بلند کرنے اور اسٹریٹجک اہمیت کے شعبوں پر، دوسرا اجلاس چھوٹے، درمیانے اور مائیکرو اداروں کیلئے قرض اور مارکیٹ کی سہولتوں پر، تیسرا اجلاس شہروں کے اقتصادی علاقوں کی منصوبہ بندی پر اور چوتھا اجلاس بنیادی ڈھانچے کی ترقی، لاجسٹکس اور کرایہ جیسے موضوعات پر تھا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ’’دنیا کی معیشت میں ایک بڑا تغیر جاری ہے۔ منڈیاں اب صرف لاگت نہیں دیکھتیں، وہ صحت مند طریقوں کو بھی دیکھتی ہیں۔‘‘انہوں نے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مرکز، ریاست، صنعت اور اداروں کے درمیان مکمل تال میل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہدف’شراکت داری‘ ہی سے ممکن ہوگا۔