Inquilab Logo Happiest Places to Work

احتجاج اور ہنگاموں کے بعد حکومت نے بچو کڑو کی خبر لی، بھوک ہڑتال ختم

Updated: June 15, 2025, 12:02 AM IST | Amravati

۷؍ روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے سابق رکن اسمبلی کو وزیر اُودئے سامنت نے حکومت کی تحریری یقین دہانی سونپی جس کے بعد بچو کڑو نے ۲؍ اکتوبر تک کیلئے اپنا احتجاج واپس لے لیا ، احتجاج کو ’ختم ‘ نہیں ’ملتوی‘ قرار دیا پونے میں اجیت پوار کے جلسے میںپرہارجن شکتی پارٹی کے کارکنان کا ہنگامہ، پولیس نے حراست میں لیا۔ امراوتی میں چندر شیکھر باونکولے کی نصیحت پر بچو کڑوکی بیوی نے کہا ’’ آپ ایک روز بھوک ہڑتال کرکے دیکھیں‘‘

Minister Uday Samant (wearing a jacket) talking to Bachu Kadru
وزیر اُودے سامنت ( جیکٹ پہنے ہوئے) بچو کڑو سے بات کرتے ہوئے

 بالآخر گزشتہ ۷؍ روز سے جاری سابق رکن اسمبلی بچو کڑو کی بھوک ہڑتال سنیچر کے روز ختم ہو گئی۔ ریاستی وزیر اُودئے سامنت نے انہیں جوس پلاکر بھوک ہڑتال ختم کروائی ساتھ ہی حکومت کی جانب سے ان کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی والا مکتوب ان کے حوالے کیا۔  یاد رہے کہ بچو کڑو کے حامی  ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج کر رہے تھے  اور ان کے تیور جارحانہ ہوتے جا رہے تھے جس کی وجہ سے حکومت دبائو میں تھی۔ 
  اطلاع کے مطابق جمعہ کی شام امراوتی کے نگراں وزیر چندر شیکھر باونکولے نے بچو کڑو سے ملاقات کی تھی اور انہیں یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت ان کے مطالبات کو کابینہ کی میٹنگ میں پیش کرے گی اور بہت جلد اس تعلق سے راستہ نکالنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جائے۔  اطلاع یہ بھی ہے کہ اس کمیٹی میں خود بچو کڑو کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یا د رہے کہ سابق رکن اسمبلی اور پرہا ر جن شکتی  پارٹی کے سربراہ بچو کڑو اپنے  آبائی ضلع امراوتی میں گزشتہ ۷؍ دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق کسانوں کاقرض معاف کرے نیز بیوہ خواتین کو ہر ماہ وظیفہ ادا کرے۔ اس کے علاوہ بھی انہوں نے کسانوں  کے مسائل سے متعلق کئی اہم مطالبات کئے تھے جس پر حکومت نے شروع میں کان نہیں دھرے تھے لیکن بچو کڑو کی حمایت میں ریاست کے مختلف اضلاع میں کسان آواز اٹھانے لگے۔  ایک روز قبل ناندیڑ اور امراوتی  میں تحصیلدار دفتر کے احاطے میں بعض کارکنان نے پٹاخے پھوڑے۔ ان کا مقصد پٹاخوں کے شور سے انتظامیہ کو نیند سے بیدار کروانا تھا۔  پربھنی  اور  لاتور میں  کسانوں نے احتجاج کیا تو کہیں سڑک جام کرنے کی کوشش کی۔ حتیٰ کہ ممبئی سے قریب تھانے میں بھی احتجاج کیا گیا ۔ 
  ان تیوروں کو دیکھتے ہوئے سنیچر کی صبح وزیر برائے صنعت اُودئے سامنت حکومت کی جانب سے یقین دہانی کا خط لے کر بچو کڑو سے ملنے پہنچے اور انہوں نے جوس کا گلاس بچو کڑو کی ماں کے حوالے کیا ۔ ان کی ماں نے اپنے ہاتھوں سے جوس پلا کر اپنے بیٹے کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔  اس موقع پر اُودئے سامنت کو واضح طور پر انتباہ دیا کہ اگر حکومت نے وعدہ خلافی کی تو پھر ہم آپ کے گھر کے باہر آکر بھوک ہڑتال کریں گے۔ سامنت نے  کہا اس کی نوبت نہیں آئے گی۔ 

سابق  رکن اسمبلی بچو کڑو نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر لی ہے، کیونکہ حکومت نے انہیں تحریری طور پر یقین  دلایا ہے کہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے جلد ہی اقدامات شروع کئے جائیں گے لیکن یہ سب کچھ اتنی آسانی سے نہیں ہوا۔ بچو کڑو کے حامیوں نے مختلف مقامات پر اپنے جارح تیور دکھانے شروع کر دیئے تھے۔ حتیٰ کہ پونے میںنائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے جلسے میں ہنگامہ مچا دیا جس کے بعد حکومت  نے فوراً اُودئے سامنت کو امراوتی روانہ کیا اور بچو کڑو کی بھوک ہڑتال ختم کروائی۔   
  اجیت پوار کے جلسے میں ہنگامہ 
  سنیچر کی صبح اجیت پوار پونے میں تھے جہاں وہ ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔  اس دوران پرہار جن شکتی پارٹی کے کارکنان اٹھ کھڑے ہوئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجیت پوار تقریر بعد میں کریں پہلے بچو کڑو کے مطالبات کو تسلیم کریں۔ کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں اور بیوائوں کو وظیفہ دیا جائے۔   پولیس نے فوری طور پر ہنگامہ کرنے والے کارکنان کو حراست میں لیا۔ لیکن اجیت پوار نے ان کارکنان  سے بات کی اور حاضرین کو بتایا کہ بچو کڑو سے امراوتی کے نگراں وزیر چندر شیکھر باونکولے سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے فون پر وزیر اعلیٰ سے بھی بچو کڑو کی بات کروائی ہے۔ ان کے مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کے تعلق سے غور وخوض جاری۔ ادھر بچوکڑو نے کارکنان کے نام پیغام جاری کرکے امن وامان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ البتہ یہ بھی کہا کہ روز روزکے مرنے سے اچھا ہے کہ ایک ہی دن مرجائیں۔ 
 بچو کڑو کی بیوی کی باونکولے کو کھری کھری
  اس سے  قبل جمعہ کو  وزیر چندر شیکھر باونکولے نے  بچو کڑو سے ملاقات کرکے کہا تھا کہ اس وقت ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ طیارہ حادثے میں سیکڑوں لوگ فوت ہو گئے ، پورا ملک غم  گین ہے اس لئے بچو کڑو کو احتجاج ختم کر دینا چاہئے۔ یہ کہہ کر باونکولے جا ہی رہے تھے کہ بچو کڑو کی اہلیہ نے نینا کڑو نے  مائیک سنبھالا اور کہا کہ جس طرح طیارہ حادثہ کے مہلوکین کی موت پر ملک غم گین ہے اسی طرح ملک کو کسانوں کی موت پر بھی غم گین ہونا چاہئے۔  انہوں نے کہا ’’ آپ اور دیویندر فرنویس کی ایک روز بھوک ہڑتال کریں پھر دیکھیں کہ آپ کی بیویوں پر کیا گزرتی ہے۔ ‘‘  یہ کہتے ہوئے وہ رو پڑیں اور وہاں موجود لوگوں نے  حکومت کےخلاف نعرے لگائے۔ 

amravati Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK