وشنومنوہرنامور شیف ہیں اورپچھلے سال دیوالی کے موقع پرانہوں نے ناگپور میںمسلسل ۲۴؍گھنٹے تک ڈوسا بنایا تھا
EPAPER
Updated: October 20, 2025, 10:28 PM IST | Amravati
وشنومنوہرنامور شیف ہیں اورپچھلے سال دیوالی کے موقع پرانہوں نے ناگپور میںمسلسل ۲۴؍گھنٹے تک ڈوسا بنایا تھا
ناگپور کے رہنے والے مشہور باورچی (شیف) وشنو منوہر نے امراوتی کے گُن وَنت لان میں لگاتار ۲۵؍ گھنٹوں تک ڈوسا بنانے کا عالمی ریکارڈبنایا ہے۔ان کا یہ کارنامہ ’ورلڈ ریکارڈز بک آف انڈیا‘ میں درج کیا گیا ہے اور کمشنر آف پولیس ڈاکٹر رویندر سنگھل اور آربیریٹر پروین راؤت کے ہاتھوں توصیفی سند سے نوازا گیا ہے۔ ایک طرف وہ بلاتکان گرماگرم لذیذ ڈوسے بناتے جارہے تھے اور دوسری طرف یہ کارنامہ دیکھنے کے لئے آنے والے حاضرین ان ڈوسوں سے مفت میں لطف اندوز ہورہے تھے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شیف وشنو منوہرنے ڈوسے بنانے کا کام سنیچر صبح ۷؍بجے سے شروع کیا اور اتوارکی صبح ۸؍ بجے تک انہوں نے مجموعی طور ۱۵؍ہزار۳۷۳؍ڈوسا تیار کئے۔ جیسے جیسے یہ خبرشہربھر میں پھیلتی گئی، ویسے ویسے لوگ انہیں یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے دیکھنے کیلئے اور ان کے تیار کردہ ڈوسے کا ذائقہ چکھنے کیلئے جمع ہو نے لگے۔’ای ٹی وی بھارت‘ کی رپورٹ کے مطابق انہیں دیکھنے کے لئے لوگ مسلسل آتے رہے سنیچر کی صبح سے لے کر اتوار کی صبح تک بھیڑ رہی۔
گزشتہ سال مسلسل ۲۴؍گھنٹے تک ڈوسا بنایا تھا
قابل ذکر ہے کہ شیف وشنو منوہر پچھلے سال بھی ایسا ہی کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ گزشتہ سال دیوالی کے موقع پر وشنو منوہر نے ناگپور میں لگاتار۲۴؍ گھنٹے تک ڈوسے بنا کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس بار انہوں نے اپنے ہی پرانے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے امراوتی کے گُن وَنت لان میں۲۵؍ گھنٹے مسلسل ڈوسے بنا کر نیا کارنامہ انجام دیا۔ اس دوران بنائے گئے تمام ڈوسے لوگوں کو مفت میں کھلائے گئے۔ یہ خبر سنتے ہی امراوتی کے لوگوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی، اور لوگ لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر گرم گرم ڈوسے کھانے پہنچ گئے۔خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کے دن بھر اور پوری رات جاری رہنے والے اس پروگرام میں شہریوں نے نہ صرف مزیدار ڈوسوں کا مزہ لیا بلکہ شیف وشنو منوہر کے کمالِ فن اور نئے ریکارڈ کی بھی بھرپور تعریف کی۔ لوگوں نے اس موقع کو اپنے کیمرے اور موبائل فونز میں قید کیا اورسوشل میڈیا پر بھی بڑے جوش و خروش سے شیئر کیا۔
اب تک ۳۱؍ ریکارڈ بناچکے ہیں
وشنو منوہر کے نام اب تک۳۰؍ کھانوں سے متعلق ریکارڈ درج ہیں۔ امراوتی میں بنائے گئے اس نئے ریکارڈ کے ساتھ یہ ان کا۳۱؍ واں عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔ انہوں نے یہ ثابت کر دیا کہ لگن، محنت اور تخلیقی صلاحیت کے ذریعے کوئی بھی چیلنج پار کیا جا سکتا ہے۔ امراوتی کے عوام کے لیے یہ موقع صرف مزیدار ڈوسے لطف اندوز ہونے کا نہیں بلکہ خوشی اور جشن منانے کا بھی تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ شیف وشنو منوہر نےہندوستانی پکوانوں کوبین الاقوامی سطح پرنئی پہچان دلانے کی اپنی کوشش کو مزید مضبوط کیا ہے اور آئندہ بھی ایسے منفرد اور چیلنجنگ کارنامے انجام دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔