حکومت کے جاری کردہ حکم نامے کا اب تک امراوتی شہر میں مکمل طور پر اطلاق نہیں ہوا تھا ، اب کارپوریشن نے سختی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
EPAPER
Updated: December 07, 2024, 6:40 PM IST | Ali Imran | Amravati
حکومت کے جاری کردہ حکم نامے کا اب تک امراوتی شہر میں مکمل طور پر اطلاق نہیں ہوا تھا ، اب کارپوریشن نے سختی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
امراوتی میونسپل کارپوریشن نے شہر میں دکانوں اور تجارتی اداروں پر مراٹھی رسم الخط میں نام کی تختیاں لگانا لازمی قرار دیا ہے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ (ملازمت کے ضوابط اور سروس کی شرائط) کے ضوابط ۲۰۱۸ کے مطابق، اداروں کے نام کی تختیوں کا جلی حروف میں مراٹھی رسم الخط میں ہونا لازمی ہے۔ اسکے علاوہ، اگر نام کسی دوسری زبان میں لکھنا ہے، تو اس زبان کے مقابلے مراٹھی میں نام بڑے حروف میں ہونا چاہئے۔ ریاست بھر میں سرکاری دفاتر اور مختلف اداروں کے نام کی تختیوں پر انگریزی میں نام کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے، ریاستی حکومت نے مراٹھی میں بورڈ کو لازمی قرار دینے کیلئے اب تک ۹؍ بار قانون منظور کیا ہےاور سرکیولر جاری کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ٹیکس وصولی کے تعلق سے کارپوریشن سخت،بڑے بقایاداروں کی پراپرٹی سیٖل
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سےبعض سماجی کارکنان نے مراٹھی کو لازمی قرار دینے کیلئے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کیں۔ آخر کار، سپریم کورٹ نے مراٹھی بورڈ کیلئے ریاست کے تمام اداروں کو ۲۵؍نومبر ۲۰۲۳ کی آخری تاریخ دی تھی۔ ریاستی حکومت نے ۲۰۱۱ میں مراٹھی زبان کو لازمی قرار دیا تھا۔ اس کے بعد ۲۰۱۵ میں ترمیم شدہ حکم نامہ پاس کرتے ہوئے قانونی طور پر انگریزی سائن بورڈ کو مراٹھی میں بنانا لازمی قرار دیا۔ اگرچہ اس قانون کو ممبئی، تھانے جیسے بیشتر شہروں میں لاگو کیا گیا، لیکن امراوتی میونسپل علاقے میں اس پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا۔ تاہم اب امراوتی شہر میونسپل کارپوریشن نے متعلقہ لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں دکانوں اور اداروں پر مراٹھی دیوناگری رسم الخط میں نام کی تختیاں لگائیں۔ امراوتی میونسپلٹی ڈپٹی کمشنر میگھنا واسنکر نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے تمام کاروباری لائسنس کی تجدید ہونی چاہئے اور دکانوں اور تجارتی اداروں پر جلی حروفوں میں مراٹھی رسم الخط میں نام کی تختیاں لگانا لازمی ہے دیگر صورت میں ایسی دکانوں اور اداروں کے خلاف میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔