دائیں بازو کی سخت گیررضاکار کا دعویٰ، لارا لوومر کے مطابق امریکی صدر ہندوستانی کمپنیوں کوآئی ٹی کام آؤٹ سورس کرنے پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 1:55 PM IST | Agency | Washington
دائیں بازو کی سخت گیررضاکار کا دعویٰ، لارا لوومر کے مطابق امریکی صدر ہندوستانی کمپنیوں کوآئی ٹی کام آؤٹ سورس کرنے پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔
ہندوستانی اشیاء پر ۵۰؍ فیصد کا غیر معمولی ٹیرف عائد کرنے کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کو کام ’’ آوٹ سورس‘‘ پر پابندی عائد کرنے کے امکانات پر بھی غور کررہے ہیں۔اس کا اشارہ امریکہ میں دائیں بازو کی سخت گیر ٹرمپ حامی رضاکار لارا لوومر نے اپنے ایک پوسٹ میں دیا ہے۔لوومر کے اس پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی حالانکہ امریکی حکام نےتصدیق یا تردید نہیں کی مگر ہندوستان کے آئی ٹی شعبہ میں اس اندیشہ سے ہی ہلچل مچ گئی ہے۔
یہ فیصلہ ہندوستان کو بری طرح متاثر کریگا
واضح رہے کہ ہندوستان کی زیادہ تر کمپنیاں امریکہ کی بڑی کمپنیوں کیلئے ٹھیکے پر کام کرتی ہیں۔ اس طرح یہ امریکی کمپنیاں امریکہ میں ملازمین کی غیر معمولی تنخواہوں اور دیگراخراجات سے بچ جاتی ہیں جبکہ ہندوستان میں اس کی وجہ سے آئی ٹی شعبہ میں بڑی تعداد میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ لارا لوومر نے جو اشارہ دیا ہے اگر وہ صحیح ثابت ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے نہ صرف ہندوستان کا آئی ٹی شعبہ بری طرح ہل جائےگا بلکہ یہاں ملازمتیں بری طرح متاثر ہوںگی۔
کال سینٹر کو دوبارہ امریکی بنائیں: لارالومر
امریکی کارکن اور ٹرمپ کی قریبی لارا لوومر نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا ہےکہ ’’اس کا مطلب یہ ہے اب آپ(امریکی شہریوں) کو انگریز ی کیلئے۲؍ دبانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کال سینٹرز کو دوبارہ امریکی بنائیں۔‘‘ لوومر کا اشارہ امریکی شہریوں کیلئے کام کرنےوالے ہندوستانی کال سینٹرز کی طرف تھا، جہاں سے امریکی کمپنیوں کیلئے کم قیمت میں کسٹمر سپورٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ لومر نے ’’کال سینٹرس کو دوبارہ امریکی بنائیں‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’صدر ٹرمپ امریکی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہے ہیں کہ وہ اپنا کام ہندوستانی کمپنیوں کو آؤ ٹ سورس نہ کریں۔ ‘‘ لارا لوومر نے ’ایکس ‘ پر یہ پوسٹ اس طرح پوسٹ کی ہے جیسے یہ خبر انہیں ابھی ابھی موصول ہوئی ہے اورا س سے وہ فوری طور پر امریکہ کے دیگر شہریوں کوآگاہ کردینا چاہتی ہیں۔
ہندوستان میں آؤ ٹ سورسنگ کیوں
کئی بڑی امریکی کمپنیاں جن میں مائیکرو سافٹ، گوگل، ایمیزون، آئی بی ایم، سسکو اور اوریکل شامل ہیں، ہندوستان میں آؤٹ سورسنگ کرتی ہیں۔ یہ کمپنیاں ہندوستان میں اپنے ڈیولپمنٹ سینٹر، ریسرچ سینٹر اور کال سینٹر چلاتی ہیں۔ اس کی کئی وجوہات ہیں:
کم لاگت: ہندوستان میں تنخواہیں امریکہ کے مقابلے میں کافی کم ہیں جو امریکی کمپنیوں کیلئے فائدہ مند ہے۔
ماہر افراد کی فراہمی : ہندوستان میں ہر سال لاکھوں انجینئر اور ٹیکنیکل پروفیشنل تیار ہوتے ہیں جو اپنے کام کے ماہر اور معیاری خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مضبوط آئی ٹی انڈسٹری: ہندوستان میں ٹاٹا کنسلٹینسی سروسیز ( ٹی سی ایس)، انفوسس اور وِپرو جیسی کئی عالمی معیار کی کمپنیاں ہیں جو قابلِ اعتماد خدمات فراہم کرتی ہیں۔
ٹرمپ کے حامی اور مشیر غیر ملکی آؤٹ سورسنگ اور ریموٹ ورکرس پر ٹیرف لگانے ے حق میں ہیں۔ اس سے ہندستان کی ۲۸۳؍ ارب ڈالر کی آئی ٹی انڈسٹری پر اثر پڑ سکتا ہے، یہ صنعت امریکہ پر بہت زیادہ منحصر ہے۔ نتیجتاً ہندوستان میں پروفیشنلز کیلئے نوکریوں میں کمی آسکتی ہے۔