Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کے بعد حجاج کی وطن واپسی شروع

Updated: June 03, 2026, 9:45 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہوکر حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ منگل ۲؍ جون سے شروع ہوا۔ پہلے دن ممبئی، دہلی، لکھنؤ اور سری نگر کے حجاج وطن عزیز لوٹے۔

Pilgrims Waiting For Their Luggage On The Conveyor Belt At Mumbai Airport.Photo:INN
حاجی صاحبان ممبئی ایئر پورٹ کے کنویئر بیلٹ پر اپنے سامان کا انتظار کرتے ہوئے- تصویر:آئی این این
حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہوکر حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ منگل ۲؍ جون سے شروع ہوا۔ پہلے دن ممبئی، دہلی، لکھنؤ اور سری نگر کے حجاج وطن عزیز لوٹے۔ ممبئی میں حجاج کا پہلا قافلہ سعود ی ایئرلائن کی خصوصی پرواز سے ۱۲؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر  ایئرپورٹ پر اُترا۔ وطن لوٹنے والے اس پہلے قافلے میں۳۹۴؍حجاج شامل تھے۔ دوسرا جہاز ایئرانڈیا ایکسپریس کا۲؍ بجکر ۵۷؍ منٹ پر پہنچا، اس میں ۱۶۶؍ حجاج کرام سوار تھے۔جس طرح روانگی کےوقت عازمین کے اہل خانہ اوراعزہ انہیںالوداع کہنے کےلئے ایئرپورٹ پرموجود تھے اسی طرح حج بیت اللہ سے واپسی پربھی اہل خانہ اور اعزہ پہلے سے ہی ایئرپورٹ پہنچ کر انتظار کررہے تھے کہ کب وہ حجاج کو دیکھیں اور ان سے مصافحہ ومعانقہ کرسکیں۔ 
 
 
پہلے مرحلے میںیعنی ۱۸؍ اپریل کو ممبئی اور ملک کے دیگر مراکز سے روانہ ہونے والے حجاج کی طے شدہ شیڈیول کے مطابق ۲؍جون سے وطن واپسی شروع ہوئی ہے۔یہ حجاج مکہ مکرمہ اور مدینہ طیبہ میں ۴۶؍ دن گزار کر جد ہ سے وطن واپس ہوئے ہیں۔ ۵؍مئی سے جانے والے عازمین کی وطن واپسی دوسرے مرحلے میں مدینہ طیبہ سے  ہوگی۔اس لئے کہ پہلے مرحلےمیںجانے والے عازمین پہلے مدینہ گئے تھے اور وہ مقررہ وقت مدینہ طیبہ میںگزارنے کے بعد مکہ مکرمہ گئے تھے۔
 
 
حجاج کرام ہوائی جہاز سےاترنے کے بعد اپنا سامان لینے کےلئے اس حصے میںجمع ہوئے جہاں بیلٹ پر سامان آتا رہتاہے ، یہاں خاصا رَش نظر آیا۔ اس کے بعد اپنا اپنا سامان لے کرحجاج کرام آگے بڑھے اور آخری گیٹ کے پاس انہیں پاسپورٹ دیکھ کر ۵؍ لیٹر آب زمزم مہیا کرایا گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق حجاج کو پہلے ہی بتادیاگیا ہے کہ آب ِزمزم کےلئے وہ پریشان نہ ہوں ، ایئرپورٹ پر اترنے کےبعد انہیں مہیا کرادیا جائے گا۔ اس کے لئے باقاعدہ کاؤنٹر لگایا گیا ہے اوروہاں عملہ موجود رہتا ہے، اس لئے حجاج چھپاکر آب زمزم لانے سے گریز کریں۔حج کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ حجاج کی واپسی کےساتھ ان کا سامان بھی آیا ،کسی حاجی کاسامان چھوٹا نہیں ہے۔ دریں اثناءحجاج کرام کی وطن واپسی کاسلسلہ شروع ہونے کے بعد آخری جہاز ۲۹؍جون کو ممبئی پہنچے گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK