Inquilab Logo

گجرات فساد ات کے۲۲؍ سال بعد گلبرگ سوسائٹی میں پہلی بار شادی کی تقریب

Updated: March 07, 2024, 9:15 AM IST | Ahmedabad

سوسائٹی کے رہائشی رفیق منصوری کی۱۹؍ سالہ بیٹی مصباح کی شادی سے قبل ہلدی کی رسم کا اہتمام ،رفیق منصوری نے کہا ’’ یہ تقریب اس بات کی یاددہانی ہےکہ ہمارے زخم بھر چکے ہیں‘‘

Rafiq Mansoori`s daughter, 19-year-old Misbah Haldi, during the ceremony
رفیق منصوری کی بیٹی۱۹؍ سالہ مصباح ہلدی کی رسم کے دوران

۲۰۰۲ء کے گودھرا کے واقعے کے بعد پھوٹ پڑنے والے بھیانک فسادات میں احمد آباد کے چمن پورہ کی گلبرگ سوسائٹی ان جگہوں میں سے ایک تھی  جہاں سب سے زیادہ تشدد برپا کیاگیا تھا ۔ گجرات فسادات کے بعد زیادہ ترلوگ گلبرگ سوسائٹی چھوڑ کر چلے گئے تھے اور علاقہ ویران ہو گیا تھا۔ اب  فسادات کے۲۲؍ سال بعد گلبرگ سوسائٹی میں پہلی بار شادی کی شہنائی گونجی ۔یہاں ایک خاندان میں شادی  ہے جس کی ہلدی کی تقریب گلبرگ سوسائٹی میں منعقد کی گئی تھی۔ جشن کی  اس تقریب سےقبل یہاں سے ۶۹؍ جنازے اٹھ چکے ہیں۔
گلبرگ سوسائٹی میں۲۲؍ سال بعد پہلی بار جشن
 گلبرگ سوسائٹی کے رہائشی رفیق منصوری کی۱۹؍ سالہ بیٹی مصباح کی بدھ کو شادی تھی۔ شادی سے قبل رفیق منصوری، ان کے دوست اور خاندان کے دیگر افراد گلبرگ سوسائٹی میں جمع ہوئے اور مصباح کی ہلدی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران لوگوں نے فلمی گانوں پر رقص کیا اور عمدہ پکوانوں کا لطف اٹھایا ۔ رفیق منصوری نے کہا کہ گزشتہ۲۲؍ سال میںپہلی بار گلبرگ سوسائٹی میں اس جشن کا اہتمام کیاگیا جو ۲۰۰۲ء کے فسادات کے بعد تقریباً ویران ہو گئی تھی ۔ شادی مدھیہ پردیش کے بڑوانی میں طے ہوئی ہے۔
رفیق سوسائٹی چھوڑکر نہیں گئے
 رفیق منصوری نے کہا کہ فسادات کے دوران انہوں نے اپنے خاندان کے ۱۹؍ افراد کو کھو دیا تھا۔ فسادات کے بعد یہاں کے رہنے والے نقل مکانی کر گئے تھے جس کی وجہ سے گلبرگ سوسائٹی ویران ہو گئی تھی۔منصوری نے بتایا کہ۲۰۰۲ء میں جب فسادات پھوٹ پڑے تو ان کی عمر۳۰؍ سال تھی ۔ ان فسادات میں منصوری کی بیوی، بیٹا اور خاندان کے۶؍ دیگر بچے مارے گئے تھے۔ منصوری نے بعد میں دوسری شادی کر لی۔  ان کے تین بچے ہیںجن میں مصبا ح سب سے بڑی  ہے۔ فسادات کے بعد جبکہ سو سائٹی میں رہنے والے زیادہ تر لوگ چلے گئے، منصوری واحد شخص تھا جو سوسائٹی میں ہی مقیم رہے۔ منصوری نے کہا کہ یہ ان کے خاندان میں پہلی شادی ہے، اس لئے انہوں نے گلبرگ سوسائٹی میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا ’’ یہ تقریب اس بات کی یاددہانی ہے کہ ہمارے زخم بھر چکے ہیں۔‘‘گلبرگ سوسائٹی ایک مسلم اکثریتی کالونی تھی جس پر۲۸؍ فروری ۲۰۰۲ءکو مشتعل ہجوم نے حملہ کیا تھا۔ گودھرا واقعہ کے ایک دن بعد ہوئے اس حملے میں کالونی میں رہنے والے۶۹؍ لوگ مارے گئے تھے جن میں کانگریس ایم پی احسان جعفری بھی شامل تھے۔جون۲۰۱۶ء میں گجرات کی ایک خصوصی عدالت نے گلبرگ سوسائٹی کیس میں۲۴؍ افراد کو مجرم قرار دیا تھا اور ان میں سے۱۱؍ کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

gujarat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK