Inquilab Logo

رتناگیری ریفائنری کے خلاف مظاہرین کا جارحانہ رویہ

Updated: August 23, 2022, 10:01 AM IST | murud

دوسرےدن بھی سروے کا کام نہیں ہونے دیا ، رکن پارلیمنٹ ونائک رائوت نےمرکزی اور مہاراشٹر کی حکومتوں کوریفائنری پروجیکٹ کی دلال قراردیا ، راجا پور تعلقہ میں سروے کیلئے آنے و الے ایم آئی ڈی سی کے حکام کو واپس لوٹنا پڑا،’شندے سرکار ہائے ہائے‘ اور’ پنناس کھوکے ایکدم اوکے‘ کے نعرے لگاتے ہوئے شدید احتجاج

Women protested against the refinery in Barsu and Solgaon.
بارسو اور سولگاؤں میںریفائنری کے خلاف احتجاج کرتی ہوئیںخواتین ۔(تصویر،انقلاب)

:رتناگیری کے راجہ پور میں واقع بارسو اور سولگائوں میں مجوزہ ریفائنری پروجیکٹ کے تعلق سے سروے کا کام ایک بار پھر مقامی لوگوں نے رکوادیا۔مقامی لوگوں کے جارحانہ رویہ کو دیکھتے ہوئے ایم آئی ڈی سی کے حکام کو واپس لوٹنا پڑا۔اتوار کو ایم آئی ڈی سی کے حکام جگہ کی مٹی کا سروے کرنے کے لئے پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ موقع پر پہنچے تھے لیکن انہیں پروجیکٹ مخالفین کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ہزاروں کی تعداد میں بارسو اور سولگائوں پنچ کروشی کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔’شندے سرکار ہائے ہائے، اُدے سامنت ہائے ہائے اور پنناس کھوکے ایکدم اوکے، کے نعرے لگاتے ہوئے زبردست احتجاج کیا ۔مشتعل ہجوم نے وزیر صنعت اُدے سامنت اور رکن اسمبلی راجن سالوی کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ گائوں والوں کی جانب سے سروے کی مخالفت اتنی شدید تھی کہ ایم آئی ڈی سی کے اہلکار ہاتھ ہلاتے ہوئے واپس چلے گئے۔ 
انتظامیہ اور ریفائنری مخالفین آمنے سامنے 
 راجہ پور تعلقہ میں تجویز کردہ ریفائنری پر `انتظامیہ اورریفائنری کے مخالفین آمنے سامنے آگئے ہیں۔ دن بہ دن اس ریفائنری کی مخالفت بڑھتی جا رہی ہے۔ فی الحال ریفائنری کے حوالے سے کوئی آرڈیننس جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن ایم آئی ڈی سی حکام پولیس فورس کا استعمال کرتے ہوئے مجوزہ جگہ پر سروے اور مٹی کی جانچ کا کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ۲۱؍اگست کو ایک بار پھر راجہ پور تعلقہ کے گاؤں دھوپیشور پنھالے میں اسی طرح سے کام شروع کرنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن مشتعل گاؤں والوں نے یہ کام روک دیا ہے۔اس دوران گاؤں والوں کے جارحانہ رویہ کو دیکھتے ہوئے ایم آئی ڈی سی حکام پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے اس وقت راجہ پور تحصیلدار شری شیتل جادھو، ایم آئی ڈی سی آفیسر، سب ڈویڑنل پولیس آفیسر واگھمارے، راجا پور پولیس انسپکٹر جناردھن پربکر،  ناٹے کے پولس انسپکٹر اباسو پاٹل موجود تھے۔
’مرکزی اور مہاراشٹر کی حکومتیںریفائنری پروجیکٹ کی دلال ہیں‘
 راجا پور تعلقہ میں مجوزہ ریفائنری کی مقامی سطح پر شدید مخالفت جاری ہے۔ بی جے پی کے ریاستی سیکریٹری سابق ایم پی نیلیش رانے جو تعلقہ میں ریفائنری سے متعلق جاری سروے کا معائنہ کرنے آئے تھے،  ان کے قافلے کو روک دیا گیا تھا اور خواتین نے ان کے خلاف زبردست احتجاج کیا تھا۔شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ ونائک رائوت نے اس معاملے میں نیلیش رانے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے خلاف بھی اپنے غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ریفائنریوں کی دلال ہیں۔ وہ اس لیے اس پروجیکٹ کی حمایت کر رہے ہیںاور ریفائنری پروجیکٹ پر عمل درآمد کرنے میں جلدی کر رہے ہیں۔ ونائک رائوت نے کہا  حکومت مظاہرین کی باتوں اور مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں سن رہی ہے بلکہ اس معاملے میں حکومت ان پر پولیس اور دیگر ذرائع سے دبائو ڈال کر ان کو خوف میں مبتلا کر رہی  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK