Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتناگیری میں لکڑیاں ضبط ، دہشت گردی سے تعلق؟

Updated: July 26, 2025, 11:48 PM IST | Ratnagiri

۲؍ افراد گرفتار، اے ٹی ایس کو شبہ ہے کہ غیر قانونی لکڑیوں کو فروخت کرکے اس کا منافع دہشت گردی کی سرگرمیوں میں لگایا جاتا ہے

What is the connection between the (illegal) timber trade and terrorism? (File photo)
لکڑیوں کے( غیر قانونی ) کاروبار سے دہشت گردی کے کیا تعلق؟ ( فائل فوٹو)

ممبئی اور تھانے اے ٹی ایس نے رتنا گیری ضلع کے لانجا تعلقہ سے غیر قانونی لکڑیوں کا ذخیرہ ضبط کیا ہے  اور ۲؍ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ دونوں غیر قانونی طریقہ سے لکڑیاں فروخت کرکے اس کا منافع دہشت گردی کیلئے استعمال کیا کرتے تھے۔ پولیس  ذرائع  کے مطابق   ان  دونوں کو گرفتار کرکے پولیس  اپنے ساتھ ممبئی لے گئی ہے۔  
 اطلاع کے مطابق  اے ٹی ایس کو یہ خبر ملی تھی کہ رتناگیری ضلع کے لانج تعلقے میں  واقع سائی سمرتھ  کامپلیکس میں رہنے والے  امتیاز کمال برمارے(  ۵۳) کا لانجا تعلقے کی  دیودھے گائوں میں  گرین ویو گرو کمپنی    ہے جو بند پڑی ہوئی ہے۔ بھیونڈی کے ماموں ہوٹل سے قریب مکان نمبر ۱۰۶؍    میں رہنے والا    یوسف ناچن (۴۹) اکثر ممبئی سے ٹرک بھر کر کھیر کی لکڑیاں  امتیاز برمارے کے کارخانے پر لے جاتا ہے۔  اطلاع کے ملنے کے بعد اے ٹی ایس نے یوسف پر نظر رکھی ہوئی تھی۔ اے ٹی ایس کو شبہ تھا کہ غیر قانونی طریقے سے بیچی جانے والی ان لکڑیوں کا منافع ٹیرر فنڈنگ ( دہشت گردی کی مالی اعانت) میں استعمال ہوتا ہے۔ 
  گزشتہ جمعرات کو  جب  یوسف ناچن ٹرک میں لکڑیاں بھر کر رتنا گیری کیلئے نکلا تو اے ٹی ایس کی ٹیموںنے اس کا پیچھا کیا۔  جیسے ہی اس نے لانجا پہنچ کر گرین ویو گرو کمپنی  کے  پاس لکڑیاں اتاریں اسے حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے ساتھ امتیاز برمارے کو بھی گرفتار کیا گیا۔  ان کے پاس سے کل ۲۴؍  ٹن کھیر کی لکڑی اور اسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والا ٹرک ضبط کیا گیا۔ ا ن کے علاو بھی کچھ چیزیں ضبط کی گئی ہیں جن کی  مجموعی قیمت  ۲۶؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار  روپے بتائی جا رہی ہے۔ اے ٹی ایس کی اس کارروائی سے سوال اٹھنے لگا ہے کہ آخر لکڑیوں کے کاروبار سے دہشت گردی کا کیا تعلق؟  
 انقلاب نے اس تعلق سے لانجا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سالونکے سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی کارروائی ہمارے علم میں نہیں ہے۔ ممکن ہے اے ٹی ایس نے براہ راست کارروائی کی ہو۔ 
  ذرائع کے مطابق  اس معاملے میں، ممبئی کے کالاچوکی پولیس اسٹیشن میں انڈین پینل کوڈ   ۲۰۲۳ء کی  دفعہ ۳۰۳؍ (۲)، ۳۱۷؍ (۳) ، (۵)، ۶۱؍ کے ساتھ ساتھ انڈین فاریسٹ ایکٹ  ۱۹۲۷ءاور مہاراشٹر فاریسٹ قانون کے تحت  معاملہ درج کیا گیا ہے۔ضبط شدہ اشیاء کو محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جبکہ حراست میں لئے گئے ملزمین سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
  یاد رہے کہ  یہ کارروائی جمعرات کو کی گئی تھی لیکن اس کی اطلاع سنیچر کے روز باہر آئی۔ فی الحال اے ٹی ایس نے کوئی معلومات ظاہر نہیں کی ہے۔ البتہ اس طرح کی کارروائی کوکن ہی کے علاقے میں پہلے بھی کی جا چکی ہے جب غیر قانونی طریقے سے لکڑی لاکر اپنے گھرسے قریب ایک گودام میں رکھنے پر ۲؍ لوگوںکو گرفتار کیا گیا تھا۔   اس وقت بھی یہی الزام لگایا گیا تھا کہ لکڑیوں کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردی میں استعمال ہونے والی تھی۔    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے۔  یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ لکڑیاں کہاں سے لائی گئی تھیں اور کس مقصد سے امتیاز کے کار خانے میں رکھی گئی تھی۔ کوکن کے جنگلاتی علاقوں میں لکڑیوں کی اسمگلنگ کے  واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ 

ratnagiri Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK