Updated: July 15, 2025, 11:58 PM IST
| Kokan
شدید بارش سےعام زندگی مفلوج۔اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی ۔ممبئی گوا شاہراہِ تالاب میں تبدیل۔دیگر سڑکیں بھی زیر آب۔مہاڈ ،ناگوٹھنہ ، کھیڈ، چپلون میں سیلابی صورتحال ۔این ڈی آر ایف اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار۔کئی ندیاں خطرہ کے نشان کے اوپر پہنچیں
مہاڈ کے نشیبی علاقے کے کچھ شہریوں کو محفوظ علاقے کی طرف لے جایاجارہا ہے
ریاست کے ساحلی پٹی میں ان دنوں بارش کا قہر جاری ہے۔ گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں سے گھن گرج کے ساتھ ہونے والی مسلسل بارش سے خطہ کوکن جل تھل ہے۔ جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ شدید بارش سے رائے گڑھ اور رتنا گیری کے بیشتر علاقوں میں جہاں ایک طرف سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی وہیں سڑکیں اور پل زیر آب آگے ہیں۔ہمیشہ خستہ حالی کے لئےسرخیوں میں رہنے والا ممبئی گوا ہائی وے بھی ان دنوں تالاب بن چکا ہے۔ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
مہاڈ ،نا گوٹھنہ ،کھیڈ،چپلون میں سیلابی صورت حال بن چکی ہے۔ این ڈی آر ایف اور ڈیزاسٹر مینجمینٹ کی ٹیمیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ۔ شدید بارش کی وجہ سے ساوتری، امبا اور کنڈلیکا ندیاں خطرے کی سطح کو عبور کر چکی ہیں۔ جس کے نتیجے میں ضلع کے مہاڈ، روہا، تلہ، پولاد پور وغیرہ تعلقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ بعض مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ایسی سنگین صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ تاہم مقامی لوگ یہ شکایت بھی کر رہے ہیں کہ کچھ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارش کی وارننگ جاری کر تے ہوئے رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں ارینج الرٹ جاری کر دیا ہے۔بارش کی موجودہ صورت حال کی پیش نظر ضلع انتظامیہ نے ایک سرکلر جاری کر کے اسکولوں و کالجوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے البتہ اساتذہ کے اسکول میں حاضر رہنے کے کہا گیا ہے۔
فی الحال پولادپور سے گزرنے والی مہابلیشور سڑک شدید بارش کی وجہ سے خطرناک ہو گئی ہے۔ سڑک پر کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سڑک کے کٹاؤ کا خطرہ ہے اور حفاظتی نقطہ نظر سے پولیس انتظامیہ نے گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ تاہم، کچھ ضد ی ڈرائیور پولیس کے احکامات اور ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ایک انتہائی سنگین صورتحال ہے اور ان کی زندگیوں کے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے ذ مہ دار شہریوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ اس وقت بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے ساتھ تعاون کریں۔ حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
رائے گڑھ ضلع میں گزشتہ ۲۴گھنٹوں سے جاری بارش نے قہر بپا کر دیا ہے۔یہاں کی کنڈلیکا اور امبا نديو ں میں سلا ب آچکا ہے۔رو ہا شہر میں سیلابی پانی داخل ہونے سے مالی نقصان کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔نا گوٹھنہ شہر میں امبا ندی کا پانی داخل ہو چکا ہے۔شیواجی چوک اور بس اسٹینڈ اور نشیبی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔گھروں اور دوکانوں میں گھٹنوں تک پانی جمع ہونے سے ہا ہا کار مچا ہوا ہے۔مہا ڈ اور نا گوٹھنہ میں متاثرین کو راحت پہنچانے کیلئے کشتیاں چلائی جا رہی ہیں۔ یہی صورتحال رتنا گیری کے چپلو ن ،سنگمیشور ،راجہ پور اور کھیڈ کی ہے۔