Inquilab Logo

کانگریس اور’ آپ‘ کے درمیان بھی سیٹوں پر اتفاق

Updated: February 23, 2024, 10:07 AM IST | New Delhi

یوپی میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے معاہدہ کےایک دن بعد دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان بھی اتحاد ،آپ۴؍ اور کانگریس۳؍ سیٹوں پر لڑے گی ،اس کے علاوہ ہریانہ ، آسام ،گجرات اورگوا میں بھی دونوں پارٹیوںکے درمیان سیٹوں کا فارمولاطے

The understanding between Rahul Gandhi and Arvind Kejriwal is significant
راہل گاندھی اور اروندکیجریوال کے درمیان مفاہمت اہمیت کی حامل ہے

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن کے اتحاد’انڈیا‘ کا کنبہ اب بڑھتا جارہا ہے۔۲۱؍فروری کو اترپردیش میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کے اعلان کے ایک دن بعد اب قومی راجدھانی دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سیٹوں کا معاملہ تقریباً طے ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق دہلی کے ساتھ گجرات، آسام اور ہریانہ کی سیٹوں پر بھی کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان  تقریباً  اتفاق ہوگیا ہے ۔ اس کے تحت دہلی میں عام آدمی پارٹی۴؍ اور کانگریس۳؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ کانگریس اورآپ کے اتحاد کے فارمولے میں عام آدمی پارٹی نئی دہلی، شمال مغربی دہلی، مغربی دہلی اور جنوبی دہلی سے الیکشن لڑ سکتی ہے۔ جبکہ کانگریس مشرقی دہلی، شمال مشرقی دہلی اور چاندنی چوک سے الیکشن لڑ سکتی ہے۔ عام آدمی پارٹی  لیڈر اوردہلی کی وزیر آتشی نے  دونوں پارٹیوں ے درمیان بات چیت کی تفصیل بتانے سے گریز کیا لیکن یہ کہا کہ گفتگو جاری ہے اورہم حتمی معاہدہ کے قریب ہیں۔واضح رہے کہ دہلی کی ۷؍ لوک سبھا سیٹوں پر فی الحال بی جے پی کا قبضہ ہے اور وہ ۲۰۱۴ء سےیہ سیٹیں جیت رہی ہے۔اتحاد کے تعلق سے پہلے کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کے گھر پر میٹنگ ہوئی تھی ۔ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق دہلی کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی اتحاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس نے گجرات میں۲؍ سیٹیں عام آدمی پارٹی کو دی ہیں ۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار گجرات کی بھروچ اور بھاؤ نگر سیٹوں سے الیکشن لڑیں گے۔عام آدمی پارٹی نے چندی گڑھ کی سیٹ کانگریس کو دے دی۔گوا میں عام آدمی پارٹی نے جنوبی گوا کی سیٹ پر اپنے امیدوار کا اعلان کیا تھا، لیکن اب عام آدمی پارٹی یہ سیٹ کانگریس کے لیے چھوڑے گی۔ کانگریس ہریانہ کی ایک سیٹ عام آدمی پارٹی کو دے گی۔دوسری جانب پنجاب میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے باہمی رضامندی سے الگ الگ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ ہمارے(کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے) درمیان کوئی  خلش نہیں ہے۔اس سے قبل دہلی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکان پر صحافیوں کے پوچھے گئے سوال پر، کیجریوال نے منگل کو کہا تھا کہ `بہت دیر ہو چکی ہے، یہ بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھاجبکہ دہلی کانگریس کے صدر ارویندر سنگھ لولی نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی دہلی کی تمام۷؍ سیٹوں پر انتخابات کیلئے تیار ہے۔ 
 واضح رہےکہ اس سے قبل گزشتہ روز اتر پردیش کی۸۰؍ لوک سبھا سیٹوں کیلئے کانگریس اور سماجوادی کے درمیان سمجھوتہ ہوا تھا۔ ریاست کی ۶۳؍پرسماجوادی اور ۱۷؍پرکانگریس نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔سماجوادی پارٹی  کے ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش میں بھی ایک سیٹ پر اس کا امیدوار کانگریس کی حمایت سے الیکشن میں اترےگا اور باقی سیٹوں پرسماجوادی پارٹی کانگریس امیدواروںکی حمایت کرےگی۔
 اس سے قبل انڈیا اتحادمیںسیٹوںکی تقسیم پرکوئی پیش رفت نہ ہونے سے معاملات کمزور پڑتے دکھائی دے رہے تھے اور اکھلیش یادو مسلسل کانگریس پر تنقیدکررہے تھے لیکن ادھر گزشتہ ۲؍دنوں میںہونے والی پیش رفت سے اس اتحاد کو استحکام حاصل ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK