• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سڈنی حملے کے دوران جان پر کھیل کر لوگوں کو بچانے والے احمد الاحمد کی کہانی

Updated: November 23, 2026, 3:11 PM IST | Sydney

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر گزشتہ سال یہودی تہوار حنوکا کے دوران فائرنگ کے واقعے میں ایک حملہ آور کو قابو کرکے کئی لوگوں کی جانیں بچانے والے احمد الاحمد نے تقریباً ایک سال بعد امن، اتحاد اور باہمی احترام کا پیغام دیا ہے۔ حملے میں زخمی ہونے کے باوجود ان کا حوصلہ برقرار ہے۔ انہوں نے مذہب اور قومیت سے بالاتر ہوکر انسانیت کو ترجیح دینے کی اپیل کی ہے۔

Ahmed Al-Ahmed. Photo: X
احمد الاحمد۔ تصویر: ایکس

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور ساحل بونڈی بیچ پر گزشتہ سال یہودی تہوار حنوکا کی تقریب کے دوران ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک مسلح حملہ آور کو قابو کرکے کئی لوگوں کی جانیں بچانے والے احمد الاحمد نے تقریباً ایک سال بعد عوام سے اتحاد اور باہمی احترام کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران لگنے والے زخم اب بھی تکلیف دیتے ہیں، لیکن اگر انہیں دوبارہ اسی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے تو وہ پھر لوگوں کی جان بچانے کے لیے آگے بڑھیں گے۔ شام میں پیدا ہونے والے احمد الاحمد ۲۰۰۶ء میں آسٹریلیا منتقل ہوئے تھے اور پھلوں کی تجارت کرتے ہیں۔ ۱۴؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو وہ اپنے کزن کے ساتھ بونڈی بیچ پر موجود تھے، جہاں حنوکا تہوار منانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ اسی دوران دو مسلح افراد نے وہاں موجود مردوں، خواتین اور بچوں پر فائرنگ شروع کردی۔ گولیاں چلنے کی آواز سنتے ہی احمد ایک حملہ آور کی طرف بڑھے اور اسے قابو کرکے اس کی رائفل چھین لی۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ انہوں نے اس وقت کچھ سوچا نہیں تھا۔ جب بچوں، خواتین، بزرگوں اور دیگر لوگوں کو مدد کے لیے پکارتے سنا تو وہ انہیں بچانے کے لیے آگے بڑھ گئے۔ ان کے مطابق ہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ ہمت ہوتی ہے، جو ضرورت کے وقت خودبخود سامنے آجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ

اس حملے میں ۱۵؍ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ رواں ماہ ایک معمر خاتون بھی حملے میں لگنے والے زخموں کی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کرگئیں۔ احمد کی بہادری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد انہیں کئی مزید جانیں بچانے کا سہرا دیا گیا۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے انہیں ’’حقیقی آسٹریلوی ہیرو‘‘ قرار دیا، جب کہ ان کے لیے چلائی گئی امدادی مہم میں لاکھوں ڈالر جمع ہوئے۔

زخموں کے باوجود حوصلہ برقرار

احمد نے بتایا کہ حملہ آور سے مقابلے کے دوران وہ اس کے بالکل سامنے آگئے تھے۔ انہوں نے اسے وہاں سے جانے کو کہا اور واضح کیا کہ وہ گولی نہیں چلانا چاہتے۔ حملہ آور پیچھے ہٹ گیا، لیکن احمد ایک درخت کے پیچھے پناہ لینے کے دوران فائرنگ کی زد میں آگئے۔ اس واقعے میں انہیں پانچ گولیاں لگیں، جن میں سے دو اب بھی ان کے جسم میں موجود ہیں۔ وہ اعصابی درد اور نیند کے مسائل کے لیے دوائیں استعمال کررہے ہیں، جب کہ ان کے بائیں ہاتھ کی حرکت بھی محدود ہے۔ احمد نے اپنے تجربات پر مبنی کتاب ’’لائٹ وِل وِن‘‘ (Light Will Win) بھی لکھی ہے، جو رواں ماہ شائع ہوئی۔ اس کے علاوہ وہ تشدد میں پھنسے ہوئے خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے ایک فاؤنڈیشن قائم کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے شمالی ترین شہر میں ۶۵؍ دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا

مذہب اور قومیت سے بالاتر ہوکر اتحاد کی اپیل

احمد نے کہا کہ آسٹریلیا ایک کثیرالثقافتی ملک ہے، جہاں ہر مذہب، رنگ اور قومیت کے لوگوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے انتہاپسند سیاسی نظریات اور تارکینِ وطن کے خلاف نفرت پر مبنی مہمات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کو ایک دوسرے پر الزام لگانے کے بجائے باہمی احترام اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بونڈی حملے کے ذمہ دار افراد کے اعمال کو اسلام سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلمان ہیں اور انہوں نے دوسروں کی جان بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی۔ ان کے مطابق اسلام نے انہیں کبھی بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے کی تعلیم نہیں دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK