• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنارس: گمشدہ طوطے’ایلیکس‘ کو ڈھونڈکر لانے پر ۱۱؍ہزار روپے انعام دینے کا اعلان!

Updated: November 23, 2026, 3:06 PM IST | Agency | Banaras

اروند موریہ اور ان کے بیٹے طوطے کی گمشدگی کا پوسٹر گلی گلی پوسٹر چپکارہے ہیں،۱۰؍سال سے ان کے گھر رہ رہا تھا،اسکے جانے سے سبھی بے چین ہیں۔

Shikha Maurya, showing a poster near her beloved parrot`s cage. Photo: INN
شِکھا موریہ، اپنے پیارے طوطے کے پنجرے کے پاس پوسٹر دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
بنارس کے دارانگر میں رہنے والے موریہ خاندان کا پالتو طوطا ایلیکس۱۶؍ نومبر کو گھر سے اُڑ گیا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔ تب سے موریہ خاندان اس کیلئے بے چین ہے۔ ایلیکس کو تلاش کرنے کیلئے شہر بھر میں اس کے پوسٹر لگائے ہیں۔جس میں کہا گیا ہے کہ اسے واپس لانے والے کو ۱۱؍ ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ ایلیکس گزشتہ۱۰؍ سال سے بنارس کے موریہ خاندان کے ساتھ رہ رہا تھا۔ گھر والوں کو اس سے اس قدر لگاؤ ہوگیا تھا کہ وہ محض ایک پالتو پرندہ نہیں بلکہ خاندان کا ایک اہم حصہ بن چکا تھا۔ لیکن۱۶؍ نومبر کو ایک ایسا واقعہ پیش آیا کہ ایلیکس گھر سے اُڑ گیا۔ دراصل گھر میں ٹائلیں لگانے کا کام چل رہا تھا۔مشینوں کے شور سے گھبرا کر ایلیکس نے اُڑان بھری اور کہیں غائب ہوگیا۔ خاندان نے پہلے آس پاس کے علاقوں میں اسے تلاش کیا، پھر محلے کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ جب کہیں سے اس کا سراغ نہیں ملا تو خاندان نے اسے ڈھونڈنے کا ایک اور طریقہ اختیار کیا۔ پورے علاقے میں پوسٹر لگوانے شروع کردئیے۔ اب بنارس کی گلیوں میں لگے ان پوسٹروں پر ایک ہی اپیل درج ہے کہ ایلیکس کو تلاش کرکے لانے والے کو۱۱؍ ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ 
 
 
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق  اروند موریہ کے خاندان نے تقریباً۱۰؍ سال پہلے  مادہ طوطے کو پالا تھا، جس کا نام ایلیکس رکھا گیا۔ ۱۰؍سال کا عرصہ کوئی معمولی وقت نہیں ہوتا۔ اس دوران ایلیکس گھر والوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن گیا۔ وہ گھر میں رہتا، لوگوں کے ساتھ کھیلتا اور اپنی موجودگی سے گھر کے ماحول کو خوشگوار بنائے رکھتا تھا۔۱۶؍ نومبر کو گھر میں ٹائلیں لگانے کا کام جاری تھا۔ مشین چلنے سے تیز آواز پیدا ہوئی، جس سے ایلیکس گھبرا گیا۔ خاندان کے افراد کچھ سمجھ پاتے، اس سے پہلے ہی وہ اُڑ کر کہیں چلا گیا۔

۲۰۱۹ء میں بھی ایلیکس چلا گیا تھا
بتایا گیا کہ موریہ خاندان کے گھر میں ایک پالتو کتا بھی ہے، جو دن بھر ایلیکس کے ساتھ رہتا تھا۔ دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی عادت ہوگئی تھی۔لیکن ایلیکس کے غائب ہونے کے بعد کتا بھی اداس رہنے لگا ہے۔ایلیکس کی مالکن شکھا موریہ بتاتی ہیں کہ اس کی موجودگی سے گھر میں رونق رہتی تھی۔ لیکن اس کے جانے کے بعد گھر میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ خاندان کے افراد کا کسی کام میں دل نہیں لگ رہا۔بتایا گیا کہ ۲۰۱۹ء میں میں بھی ایلیکس اسی طرح اڑکر کہیں چلا گیا تھا، تب ۵۱۰۰؍ روپے دے کر واپس لائے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK