• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کا درجہ حرارت قریبی ہل اسٹیشن ماتھیران کے برابر

Updated: November 23, 2026, 3:46 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

سانتا کروز اور قلابہ کے درجہ حرارت میں تقریباً ۵؍ اور دن اور رات کی گرمی میں ۱۱؍ سے ۱۵؍ ڈگری سیلسیئس کا فرق۔آئندہ چند روز تک ٹھنڈ برقرار رہنے کاامکان۔

Fog blankets the Bandra Kurla Complex (BKC). Photo: PTI
باندرہ کرلا کمپلیکس(بی کے سی) میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتوار کو ممبئی اور قریبی ہل اسٹیشن ماتھیران کے درمیان کم سے کم درجہ حرارت میں صرف ایک ڈگری سیلسئس کا فرق درج کیا گیا جبکہ ممبئی میں ہی چند کلو میٹر کے فاصلے پر واقع سانتا کروز اور قلابہ کے درمیان ۴ء۹؍ ڈگری سیلسیئس کا فرق تھا۔ ماتھیران میں کم سے کم درجہ حرارت ۱۶ء۲، سانتا کروز میں ۱۷ء۲؍ جبکہ قلابہ میں ۲۲ء۱؍ اور تھانے میں ۱۷ء۸؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ 

ماتھیران جیسی ٹھنڈی

سنیچر ممبئی کا اس موسم کا سرد ترین دن جبکہ گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں دوسرا سب سے ٹھنڈا دن تھا۔ سنیچر کے روز سانتا کروز میں درجہ حرارت ۱۶ء۲؍ ڈگری جبکہ اسی دن ماتھیران میں ۱۶ء۴، قلابہ میں ۲۱ء۸؍ اور تھانے میں ۲۰ء۲؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر مہینے میں ممبئی کا سب سے کم درجہ حرارت گزشتہ برس ۳۰؍ تاریخ کو درج کیا گیا تھا جو ۱۵ء۷؍ ڈگری اور ممبئی کی تاریخ کا نومبر مہینے کا سب سے کم درجہ حرارت ۱۹۵۰ء میں ۱۳ء۳؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈکیا گیا تھا۔ اس ریکارڈ کے علاوہ ۲۰۱۶ء سے ۲۰۲۶ء کے درمیان ایک دہائی کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو سب سے کم درجہ حرارت ۱۱؍ نومبر ۲۰۱۶ء کو ۱۶ء۳؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔

مہابلیشور سے موازنہ

اس دوران گزشتہ ۳؍ دنوں کے دوران مہابلیشور کا موسم ممبئی اور اطراف سے زیادہ سرد ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اتوار کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت ۱۴ء۹؍ ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۷ء۲؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے مقابلے ممبئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۰؍ ڈگری سے زیادہ ہی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اتوار کو سانتا کروز اور قلابہ دونوں مقامات کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۲ء۶؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔ یعنی قلابہ میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں ۱۱ء۵؍ جبکہ سانتا کروز میں ۱۵ء۴؍ ڈگری سیلسیئس کا فرق ہوگیا تھا اور آج کل معمولی کمی بیشی کے ساتھ ممبئی میں دن اور رات کے موسم میں تقریباً ایسا ہی فرق درج کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یو سی سی سماعت : تھانے ضلع کی تنظیموں اور شہریوں نے اپنے اعتراض درج کروائے

فضائی آلودگی میں اضافہ

موسم سرد ہونے کے ساتھ ممبئی کی فضائی آلودگی بھی خراب سطح میں ہی چل رہی ہے۔ اتوار کی شام خبر لکھے جانے کے وقت ممبئی کے اکثر و بیشتر علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح ’غیرصحت مند‘ زمرے میں نظر آرہی تھی۔

قلابہ کے نیوی نگر میں آلودگی کی سطح ۱۶۳، پریہ درشنی پارک ۱۷۷، گرانٹ روڈ ۱۶۸، ناگپاڑہ پریل میں لال باغ، سیوڑی اور بھوئیواڑہ میں ۱۶۳، مجگائوں (بائیکلہ) اور ورلی ۱۶۱، وڈالا، انٹاپ ہل، بھکتی پارک ۱۷۳، ماہم ۱۷۱، باندرہ کھیر واڑی ۱۷۴، باندرہ (مغرب) ۱۷۲، باندرہ مائونٹ میری ۱۷۷، کرلا ۱۷۹، باندرہ کرلا کمپلیکس ۱۷۳، گوونڈی شیواجی نگر ۱۷۸، جوہو تارا روڈ ۱۸۵، اندھیری (مشرق) ۱۷۰، اندھیری (مغرب)  ۱۷۹، پوائی ۱۷۷؍اور ہیرانندانی گارڈن اسٹیشن ۲؍ ۱۸۰؍ ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو ممبئی کے نقشہ پر کسی بھی علاقے میں فضائی آلودگی درجہ بندی میں معتدل زمرے میں نظر نہیں آئی۔

ٹھنڈ میں اضافہ کی وجہ

محکمۂ موسمیات کے ماہرین کے مطابق شمال مغربی اور مغرب کی سمت سے آنے والی ہوائیں سمندر کی ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ شہر میں داخل ہورہی ہیں جس کی وجہ سے گرمی میں کمی آگئی ہے۔  آئندہ چند روز تک ٹھنڈی برقرار رہنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK