Inquilab Logo

نیویارک میں فضائی آلودگی، نظام زندگی متاثر،روشنیوں کا شہر دھویں میں ڈوب گیا

Updated: June 10, 2023, 11:00 AM IST | New York

ماحولیات کیلئے کام کرنے والے رضاکاروں نے نیویارک میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا

Environmental volunteers staged a mass protest in New York
ماحولیات کیلئے کام کرنے والے رضاکاروں نے نیویارک میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا

کینیڈا میں لگنے والی خوفناک آگ کے اثرات ہزاروں کلو میٹردور امریکی شہر نیویارک اور دوسرے علاقوںمیں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ نیو یارک سٹی میں فضائی آلودگی کو دنیا کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں بدترین درجہ دیا گیا ہےکیونکہ کینیڈا سے جنگل کی آگ کا دھواں وہاں تیزی سے پھیل رہا ہےجس سے شہر پر نارنجی رنگ چھایا ہوا ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماسک پہن کر گھروں سے باہر نکلیں۔
 بدھ کی سہ پہر تک ہوا کےمعیار کی پیمائش کرنے والے ادارے’اے کیو آئی‘نےنیویارک میں ہوا کی آلودگی کی سطح ۳۴۲؍ تھی جسے آبادی کے لیے ’خطرناک‘ قرار دیا ہے۔شہر میں اسکول اب بھی کام کر رہے ہیں لیکن انہوں نے بیرونی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں کیونکہ دن بھر ہواکا معیار خراب رہنے کی توقع ہے۔بدھ کے روز فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے دھوئیں کی وجہ سے نیویارک کے لاگارڈیا ہوائی اڈے کے لیے جانے والی کچھ پروازوں کو روک دیا، کیونکہ دھوئیں کی وجہ سے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی تاخیر ہوئی تھی۔نیویارک کےگورنر کیتھی ہوچول نےکہا کہ ہوا کا خراب معیار ایک ’ہنگامی بحران‘ہے اور خبردار کیا کہ یہ اگلے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا ’’اگر آپ اندر رہ سکتے ہیں تو اندر ہی رہیں۔ موجودہ صورتحال لوگوں کی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔‘‘
 میجربیس بال لیگ نےایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے آج کے کھیل ملتوی کر دئے ہیں۔بدھ کو سٹیزنز بینک پارک میں ’ڈیٹرائٹ ٹائیگرز‘ اور’فلاڈیلفیا فلیز‘ اوریانکی اسٹیڈیم میں’شکاگو وائٹ سوکس‘ اور’نیو یارک یانکیز‘کے درمیان ہونے والے مقابلے ملتوی کردیے گئے ہیں۔لیگ نے کہا کہ ’’دونوں شہروں میں واضح طور پر خطرناک ہوا کے معیار کے بارے میں طبی اور موسمیاتی ماہرین اور تمام متاثرہ کلبوں کے ساتھ دن بھر بات چیت کے بعد یہ مقابلے ملتوی کیے گئے ہیں ۔‘‘
 شہر کے عہدیداروں نے آبادی کو بیرونی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ بچوں، بوڑھوں اور سانس کے مسائل میں مبتلا افراد کو خاص خطرہ لاحق ہے۔
 جنگل کی آگ کا دھواں پی ایم ۲ء۵؍ذرات کو خارج کرتا ہےجو پھیپھڑوں میں داخل ہوتے ہیں اور صحت کے مسائل جیسے کہ دمہ اور برونکائٹس کاسبب بنتے ہیں۔ نیویارک شہر میں پی ایم ۲ء۵؍کاارتکاز اس وقت عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ہوا کےمعیار کے لیےسالانہ گائیڈ لائن ویلیو سے۱۵؍گنا زیادہ ہے۔
 نیویارک اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف انوائرمینٹل کنزرویشن نےتمام پانچوںکالونیوں کے لیے صحت مند ہوا کے معیار کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔شہر کے حکام نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ وارننگ اگلے چند دنوں تک نافذ العمل رہے گی لیکن انہوں نے مزید کہا کہ دھواں دار حالات کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔ نیویارک نے بھی ہوا کے معیار کی صحت کے مشورے کو جمعرات تک بڑھا دیا۔
 کینیڈا اپنے اب تک کے بدترین جنگلی آتش زدگی کا سامنا کر رہاہے۔کینیڈا کے تقریباً تمام صوبوں اور علاقوں میں۴۰۰؍ سےزیادہ جنگلات جل رہے ہیں۔ وفاقی حکام نے گزشتہ ہفتے کہاتھا کہ آگ نے۶ء۷؍ملین ایکڑ سے زیادہ رقبہ کو جلا دیا ہے اور اب تقریباً۲۶؍ہزارافراد نے نقل مکانی کی ہے۔
 کینیڈا میں جنگل کی آگ سے اٹھنے والا دھواں جنوب کی طرف بڑھ گیا ہے اور پورے ملک میں فضائی آلودگی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔جنوب مشرقی مینی سوٹا مشی گن کے بالائی جزیرہ نما کے کچھ حصوں اور وسکونسن کے علاقوں کے لیے ہوا کے معیارکی وارننگ کے ساتھ وسط مغرب میں لاکھوں لوگ ہوا کے معیار کی شدید صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ نیو انگلینڈ کے بیشترحصوں میں بھی ہوا کے معیار کے الرٹس بھی پوسٹ کیے گئے ہیں۔نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ دھواں کئی روز جاری رہے گا اور مزید مغربی علاقوں کی طرف بڑھے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK