خاتون پائلٹ سمیت طیارہ کے تمام سوار فوت ۔ بارا متی میں پارٹی لیڈران اور کارکنوں کا جم غفیر ، آج آخری رسومات ، وزیر اعظم مودی کی شرکت متوقع ، تمام اہم لیڈران نے اظہار تعزیت کیا، مہاراشٹر میں سہ روزہ سوگ کا اعلان
EPAPER
Updated: January 28, 2026, 11:17 PM IST | Mumbai
خاتون پائلٹ سمیت طیارہ کے تمام سوار فوت ۔ بارا متی میں پارٹی لیڈران اور کارکنوں کا جم غفیر ، آج آخری رسومات ، وزیر اعظم مودی کی شرکت متوقع ، تمام اہم لیڈران نے اظہار تعزیت کیا، مہاراشٹر میں سہ روزہ سوگ کا اعلان
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی(اجیت) کے سربراہ اجیت پوار کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے جس میں ان کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح ۸؍ بجکر ۴۵؍منٹ پر پونے ضلع کے بارامتی شہر میں پیش آیا۔ طیارے میں سوار اجیت پوار سمیت تمام ۶؍افراد جن میں خاتون پائلٹ بھی شامل ہیں، ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں اجیت پوار کا ایک ذاتی سیکوریٹی افسر، ایک معاون ، عملے کے دو اراکین اور ایک خاتون پائلٹ شامل ہیں۔ اجیت پوار بارامتی میں ایک عوامی جلسے میں شرکت کے لئے جا رہے تھے اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈ کر رہا تھا۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے جائے وقوع پر پہنچنے تک طیارہ میں سوار افراد کی موت ہو چکی تھی ۔ مقامی افراد اور پولیس نے اجیت پوار کو ان کے کے ہاتھ کی گھڑی سے پہچانا ۔ حالانکہ سیکوریٹی ایجنسیاں مختلف زاویوں سے حادثے کا جائزہ لے رہی ہیں لیکن ان کے چچا شرد پوار نے واضح کردیا ہے کہ یہ طیارہ حادثہ ہی ہے۔
یہ حادثہ بارامتی میں حد نگاہ بہت کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ کئی میڈیا رپورٹس میں طیارہ میں ۵؍ افراد کے سوار ہونے کی اطلاع ہے۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ حادثہ کے بعد پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ اجیت پوار صبح ممبئی سے بارامتی کیلئے خصوصی طیارے سے روانہ ہوئے تھے جہاں ضلع پریشد انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے منعقد کیے جا رہے تھے۔وی ایس آر ایوی ایشن کے زیرِ انتظام نجی طیارہ لیئر جیٹ بارامتی ہوائی پٹی پر لینڈنگ سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔جائے وقوع سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ ایک کھیت میں گرا اور اس میں بھیانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے زخمیوں کو باہر نہیں نکالا جاسکا۔
اس دلخراش حادثہ میں نائب وزیر اعلیٰ کی موت کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے پوری ریاست میں ۳؍ دنوں کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا۔ اس دوران سرکاری پرچم سرنگوں رہے گا جبکہ ۲۸؍سے ۳۰؍ جنوری تک کے سبھی سرکاری پروگرام اور میٹنگیں رد کردی گئی ہیں۔ حادثہ کی خبر اور سرکاری ہدایات موصول ہوتے ہی بدھ کومہاڈا اور بی ایم سی سمیت کئی سرکاری دفاتر میں فوراً چھٹی کا اعلان کر دیا گیا تھا ۔ اسی دوران بی ایم سی نے بھی بدھ ۲۸؍ جنوری کو اپنے سبھی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ آج تمام اسکول شروع رہیں گے۔ اس تعلق سے وضاحت دی گئی ہے۔
اس اندوہناک سانحہ میںاجیت پوار کےانتقال کے بعد وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اجیت پوار کے چچا اور سینئر لیڈر شرد پوار سے فون پر گفتگو کی اور اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعظم ایکس پر لکھے گئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ یہ واقعہ انتہائی چونکا دینے والا اور دردناک ہے۔وہ بارامتی میں پیش آئے اس المناک ہوائی حادثے سے بے حد دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے ایشور سے پرارتھنا کی کہ وہ غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابلِ بیان دکھ کی گھڑی میں صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔ ا جیت پوار کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عوامی رہنما تھے جن کا زمینی سطح پر عوام سے گہرا تعلق تھا۔ وہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والی ایک محنتی قابلِ احترام شخصیت تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انتظامی امور پر ان کی گہری گرفت اور غریبوں و محروم طبقات کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ قابلِ ستائش تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اجیت پوار کا اس طرح اچانک رخصت ہو جانا کافی افسوسناک ہے۔ انہوں نے آنجہانی کے اہلِ خانہ اور ان کے بے شمار چاہنے والوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہارکیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور وزیر داخلہ جمعرات کو بارا متی میں اجیت پوار کی آخری رسومات میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اجیت پوار کی آخری رسومات جمعرات کی صبح ۱۱؍ بجے بارامتی کے ودیا پرتشٹھان گراؤنڈ میں ادا کی جائیں گی۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( اجیت )کی جانب سے کہا گیا کہپارٹی کے لیڈران اور ہزاروں کارکن اپنے آنجہانی لیڈر کو یہاں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔