تاکہ صدمہ نہ پہنچے ، فون بھی فلائٹ موڈ پر ڈال دیا لیکن وہ ضد کرکے اسپتال گئیں ۔ اجیت پوار ۴؍ دن قبل ہی والدہ سے ملاقات کرکے ممبئی لوٹے تھے
EPAPER
Updated: January 28, 2026, 11:15 PM IST | Pune
تاکہ صدمہ نہ پہنچے ، فون بھی فلائٹ موڈ پر ڈال دیا لیکن وہ ضد کرکے اسپتال گئیں ۔ اجیت پوار ۴؍ دن قبل ہی والدہ سے ملاقات کرکے ممبئی لوٹے تھے
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ایک طیارہ حادثے میں انتقال کر گئے۔اس سانحے میں پوار کے سکیورٹی اہلکار، دو پائلٹ اور ایک خاتون عملہ رکن سمیت کل پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔حادثے کے وقت ان کی والدہ آشا تائی بارامتی کے اپنے فارم ہاؤس میں ٹی وی دیکھ رہی تھیں۔ فارم ہاؤس کے منیجر سمپت دھائیگڑے کے مطابق آشا تائی نے اچانک پوچھا کہ ’’کیا دادا کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے؟‘‘بیٹے کی موت کی خبر ماں تک فوراً نہ پہنچے اور انہیںکوئی صدمہ نہ لگے اس لئے وہاں کے اسٹاف نے انہیںصدمے سے بچانے کے لئے بنگلے کا کیبل ٹی وی فوراً منقطع کر دیا اور ان کا موبائل فون بھی فلائٹ موڈ پر ڈال دیا۔
سب لوگ انہیں یہی یقین دلاتے رہے کہ کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا اور اجیت دادا بالکل ٹھیک ہیں۔منیجر سمپت نے بتایا کہ آشا تائی کو یہ بھی محسوس ہو رہا تھا کہ شاید اجیت دادا کو معمولی چوٹ لگی ہوگی۔ اسی دوران ٹی وی پر خبر چلی کہ دادا کو بارامتی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ وہ یہ دیکھ کر بے چین ہو گئیں اور وہاں جانے کی ضد کرنے لگیں۔منیجر کے مطابق ہم مسلسل یہی کہتے رہے کہ سب ٹھیک ہے، مگر وہ بے چین ہو کر فارم ہاؤس کے باہر ٹہلنے لگیں اور بار بار کہنے لگیں کہ انہیں دادا سے ملنے جانا ہے۔ انہوں نے کسی کی بات نہیں سنی۔ آخرکار ہم نے مجبوری میں انہیں بارامتی والے بنگلے تک لے جانے کا فیصلہ کیا۔ سمپت نے مزید بتایا کہ چار دن پہلے ہی اجیت دادا اپنی والدہ سے ملنے فارم ہاؤس آئے تھے۔ سنیچر کی صبح ۷؍ بجے وہ وہاں پہنچے اور قریب ۲۵؍ منٹ تک اپنی ماں سے بات چیت کی۔اس کے بعد انہوں نے فارم کے تمام مزدوروں کو ہدایات دیں اور ملازمین سے نئے درخت لگانے کے لئے بھی کہا۔ مختصر گفتگو کے بعد وہ اپنے اگلے پروگرام کے لئےروانہ ہو گئے تھے۔یہ حادثہ نہ صرف پوار خاندان بلکہ مہاراشٹر کی سیاست کے لیے بھی ایک گہرا صدمہ ثابت ہوا ہے۔