پرچم کشائی کی گئی اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئےگئے۔تاریخی کریمی لائبریری کی تزئین کاری مکمل ہونے پراس کا افتتاح بھی کیا گیا۔ ججوں،وکلاء،اعلیٰ پولیس افسران اور صحافیوںکو اعزاز سے نو ازاگیا
EPAPER
Updated: January 28, 2026, 11:24 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
پرچم کشائی کی گئی اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئےگئے۔تاریخی کریمی لائبریری کی تزئین کاری مکمل ہونے پراس کا افتتاح بھی کیا گیا۔ ججوں،وکلاء،اعلیٰ پولیس افسران اور صحافیوںکو اعزاز سے نو ازاگیا
۷۷؍ویں یوم ِجمہوریہ پر انجمن اسلام (سی ایس ایم ٹی) میں گزشتہ روز شاندار ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیاگیا جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر رنگارنگ ثقافتی پروگراموں کا انعقادکیا گیا اور کریمی لائبریری کی تزئین کاری مکمل ہونے پر اس کاافتتاح بھی کیا گیا ساتھ ہی انجمن اسلام انسٹی ٹیوٹ آف ہاسپیٹیلٹی مینجمنٹ اور ہوٹل اینڈ ٹوریزم مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے طلبہ کےذریعےانجمن اسلام کے۵۵؍ اہم اداروں کی مناسبت سے بنایاگیا۵۵؍کلوکاکیک ادارہ کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی کے ہاتھوں کاٹاگیا۔ اس موقع پر اعلیٰ عہدوںپر فائز جج،وکلاء،کمشنر اور صحافیوںکو اعزاز سے بھی نو ازاگیا۔
انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹرظہیر قاضی نے جج،کمشنر، وکلاء،اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر شعبوںکی اہم اور ممتازشخصیات کی موجودگی میں پرچم کشائی کی ۔ ڈاکٹر ظہیرقاضی نے اپنی صدارتی تقریر میں یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیااور ہندوستان میں یومِ جمہوریہ کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔
انجمن اسلام کےزیر نگرانی جاری اسکولوںکےطلبہ نےری پبلک ڈے بینڈاور پریڈکےاعلیٰ نمونے پیش کئے۔ ان سبھی اسکولوں کےطلبہ نے پیشہ وارانہ انداز اور پوری ڈسپلن سے پریڈ اور بینڈبجاکر حاضرین کادل جیت لیا۔ ثقافتی پروگراموں کے علاوہ’ وکست بھارت‘ عنوان پر مختلف اسکولوںکے طلبہ نے ہندوستان کی ترقی اور کامیابی پرمبنی پروگرام پیش کئے جسے خوب سراہاگیا۔
یوم ِ جمہوریہ کی تقریبات کے بعد انجمن اسلام کی آثار قدیمہ میں شامل عمارت میںواقع کریمی لائبریری کی تزئین کاری مکمل ہونے پرڈاکٹر ظہیر قاضی کے ہاتھوں اس کاافتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کریمی لائبریری کی تاریخی اہمیت بیان کی ساتھ ہی اس کی تزئین کاری میں جن ماہرین نےتعاون پیش کیا، ان کاشکریہ ادا کیا۔ بعدازیں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پیش کرنےوالی اہم شخصیات کو اعزاز سے نوازاگیا جن میںجسٹس امجد سید ( ہماچل پردیش کے سابق چیف جسٹس اور بامبے ہائی کورٹ کے جج)، جج مجیب الدین صمد شیخ( مجگائوں سٹی سول اور سیشن کورٹ، ممبئی )، اسد پٹھان (سابق چیئرپرسن انڈین آئل کارپوریشن)، سلمان خان(کمشنرآف انکم ٹیکس، ممبئی)، اسلم حسن ( کمشنرآف کسٹم،ممبئی )، لیاقت آفاقی ( انکم ٹیکس آفیسر )، جتیندر چوگلے، سنگیتا پتھولے، سنگیتا جادھواور سنگیتا پائوسکر (چلڈرن ویلفیئر کمیٹی)، ریحانہ شیخ ( اسسٹنٹ کمشنرآف پولیس )، مبارک شیخ( سینئرپولیس انسپکٹر)، باسط علی سید( اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس )، شبانہ شیخ (سابق اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس)، ڈاکٹر عزالدین بنزغیبہ (پروفیسر، اسلامک اینڈ عربی اسٹڈیز، دبئی)،سہیل کھنڈوانی( صدرحاجی علی ٹرسٹ)، آصف دادانی (چیئرمین کوکن مرکنٹائل بینک )، یوسف کھریڈا ( الخالد ٹورز اینڈ ٹراویلس )، مفتی اشفاق قاضی (جامع مسجد، ممبئی )،شاہد لطیف (ایڈیٹر انقلاب )،سرفراز آرزو ( مدیر روزنامہ ہندوستان) اور محمد وجیہہ الدین (سینئر صحافی، ٹائمزآف انڈیا ) شامل تھے۔
انجمن اسلام کی مختلف اسکولوں،کالجوں، یتیم خانوں اور دیگر محکموں کے ذمہ داران، اساتذہ ، طلبہ اور بینڈکی تربیت دینےوالے نگراںکوبھی اعزاز سے نوازاگیا۔
انجمن اسلام کی جانب سےمنعقدہ یوم جمہوریہ کی اس خصوصی تقریب کو کامیاب بنانےمیں انجمن ا سلام کے نائب صدر مشتاق انتولے، ڈاکٹر عبداللہ شیخ، معز محسن میاں جی والا، جنرل سیکریٹری عقیل حفیظ ، جوائنٹ سیکریٹری شعیب اسحاق جمخانہ والااور شعیب عصمت رئیس کےعلاوہ جملہ تدریسی اورغیر تدریسی عملے نے انتھک محنت کی۔