پائپ لائن کی مرمت کےجاری کام سے پانی سپلائی متاثر۔ محمدعمررجب روڈ اور سانکلی اسٹریٹ کےلوگ ٹینکر منگوانے پر مجبور۔مدنپورہ کیلئے بڑا واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کروانےکی تجویز
EPAPER
Updated: January 28, 2026, 11:21 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
پائپ لائن کی مرمت کےجاری کام سے پانی سپلائی متاثر۔ محمدعمررجب روڈ اور سانکلی اسٹریٹ کےلوگ ٹینکر منگوانے پر مجبور۔مدنپورہ کیلئے بڑا واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کروانےکی تجویز
چمبور میں گزشتہ ایک ڈیڑھ ماہ سے پائپ لائن کی مرمت کےجاری کام سے جہاں جنوبی ممبئی کے متعدد علاقوں میں پانی سپلائی متاثر ہے وہیں مدنپورہ کےمختلف علاقوںمیں گزشتہ ڈیڑھ دو مہینے سےکسی علاقےمیں آلودہ اور توکہیں پانی نہ آنے سےمکین پریشان ہیں۔ محمدعمررجب روڈ اور سانکلی اسٹریٹ کےمکین ٹینکر کےپانی سے ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں۔یہ صورتحال مزید ڈیڑھ مہینے قائم رہے گی۔اس تعلق سے نومنتخب کارپوریٹرنےمدنپورہ، ناگپاڑہ اور آگری پاڑہ میں ۲۵؍ایم ایل ڈی کی گنجائش والا بڑا واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کروانےکا منصوبہ پیش کیاہے۔
مدنپورہ کے مکینوںکی شکایات
ساڑی بازار میں واقع عرفات منزل کے رہنے والے محمد اقبال انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ مدنپورہ کےکئی علاقوں میں گزشتہ ۲؍مہینوں سے آلودہ پانی آرہاہے جس سے ان علاقوں کےمکین دکان سے صاف پانی خرید کرپینے کےپانی کا انتظا م کررہےہیںساتھ ہی متعدد علاقوںکی عمارتوںمیں پانی کم آنےکی بھی شکایت سامنے آئی ہے۔علاقے میں جس تیزی سے تعمیراتی کام ہو رہے ہیں ،اسے دیکھتےہوئے محسوس ہورہاہےکہ پانی کی قلت ختم ہونے کے بجائے دن بہ دن بڑھتی جائےگی،چنانچہ اس مسئلہ کو حل کرنےکیلئے مستقل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔‘‘
محمد عمررجب روڈ پر واقع ۱۹؍منزلہ رحمانی ٹاور میں رہائش پزیر محمد طارق خان کےمطابق ’’ہماری بلڈنگ میں بی ایم سی کا پانی گزشتہ ۲؍مہینےسے نہیں آرہاہے، مجبوراً روزانہ۴۔۵؍ ٹینکر پانی منگواکر لوگ ضروریات پوری کررہےہیں۔پانی نہ ہونے سے بڑی پریشانی ہورہی ہے ۔ شہری انتظامیہ کےعلاوہ مقامی سیاسی لیڈران اور سماجی کارکنوں سے شکایت کےباوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے ۔‘‘
بدلوپورہ ،اشرفی منزل کے رہنے والے ریحان خان کے بقول ’’ہمارے علاقہ میں صرف آدھا سے پونے گھنٹہ پانی آرہاہے جس کی وجہ سےپانی کی شدید قلت ہورہی ہے۔ پانی کم ہونے سے ضروریات پوری کرنےمیں دقت ہورہی ہے۔ لوگ گھروںمیں احتیاط کےساتھ پانی کا استعمال کررہے ہیں۔ہماری بلڈنگ میں تقریباً ۲۰۰؍ گھر ہیں ،ان میں رہنے والے ہزار سے ڈیڑھ ہزار افراد کی ضرورت کے مقابلہ بی ایم سی کی جانب سے صرف ۴، ۵؍ٹینکر پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس سے ہماری ضرورت پوری نہیں ہورہی ہے ۔ ‘‘
مدنپورہ کیلئے واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کرنےکامطالبہ
علاقے کےنومنتخب کارپوریٹر وقار خان سے اس بارے میں استفسار کرنےپر انہوںنے کہاکہ ’’ چمبور ٹنل ،جہاں سے جنوبی ممبئی کیلئے پانی سپلائی کیاجاتاہے ،وہاں کی پائپ لائن کا بڑا کام جاری ہے جس کی وجہ سے وہاں سے کم مقدارمیں پانی سپلائی ہورہاہے ۔ ۱۰ء۲؍ کےبجائے ۹ء۷؍ لیول یا ۱۱۲؍ کےبجائے ۱۰۱؍ ایم ایل ڈی پانی روزانہ سپلائی ہورہاہے جس کی وجہ سے مطلوبہ مقدار میں پانی نہیںمل رہاہے۔ یہ کام آئندہ ایک سے ڈیڑھ مہینےمیں مکمل ہونےکا امکان ہے ،اس وقت تک یہی صورتحال رہےگی۔ ‘‘
ایک سوال کےجواب میں انہوںنےکہاکہ’’ میں نے بی ایم سی کےہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے انچارج دلیپ پاٹل سے اس بارےمیں بات چیت کی ہے ۔انہوںنے روزانہ مجھے ۱۰؍ٹینکر پانی فراہم کرنےکاوعدہ کیاہے۔ میں ان ٹینکروںکو ان علاقوںمیں پہنچا رہاہوںجہاںپانی کی قلت ہے۔‘‘
وقارشیخ کےمطابق ’’ہم نے منگل کو دلیپ پاٹل سے ملاقات کرکےانہیں ان علاقوںکیلئے ۲۵؍ایم ایل ڈی کی گنجائش والا ایک بڑا واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کرنےکی تجویز پیش کی ہے۔اس سے آئندہ ۵۰؍برس کیلئے علاقے کے پانی کے مسئلے کوحل کیاجا سکتا ہے۔ ان علاقوں میں تیزی سے ہونےوالے ری ڈیولپمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پروجیکٹ پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔‘‘
ہائیڈرولک انجینئر نے کیا کہا؟
بی ایم سی ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کے انجینئردلیپ پاٹل سے مذکورہ علاقوںمیں آلودہ اور کم پانی سپلائی سےمتعلق سوال کرنےپر انہوںنے کہاکہ’’ جن علاقوںمیں آلودہ پانی آرہا ہے، ان کی نشاندہی کریں ،میں فوراً متعلقہ وارڈ کے اسسٹنٹ انجینئر کو ضروری ہدایت دیتاہوں۔ رہی بات پانی کی قلت کی تو اس کیلئے ہم خاص منصوبہ بندی کررہےہیںجس میں کچھ وقت لگے گا۔ ‘‘