Inquilab Logo

شردپوار صاحب کے تعلق سے اجیت پوار جھوٹ بول رہے ہیں : ودیا چوہان

Updated: December 03, 2023, 9:23 AM IST | Mumbai

اجیت دادا پوار کے ذریعہ شرد پوار کے استعفیٰ کو ڈراما کہنے پر این سی پی بھون میں پریس کانفرنس ،نائب وزیراعلیٰ کی ذہنی حالت خراب ہونے کا دعویٰ 

Vidyachavan at the press conference.
ودیاچوان پریس کانفرنس میں۔

این سی پی نے شردپوار کے تعلق سے اجیت  پوار پرجھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا ہے اور ان کی ذہنی حالت خراب ہونے کادعویٰ کیا ہے۔ یاد رہےکہ  شرد پوار سے علاحدگی اختیار کر کے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ بننے  والے   اور این سی پی پر اپنا دعویٰ کرنے والے اجیت دادا پوار  نے گزشتہ روز کرجت میں عوامی ریلی  سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار کےتعلق سے متعدد انکشافات کئے ہیں۔انہوں نے شرد پوار کے استعفیٰ کو ڈراما کہا تھا ۔  اس کے جوا ب میں این سی پی( شرد پوار)  کی ترجمان  اور قانون ساز کونسل کی رکن ودیا چوہان نے سنیچر کو  این سی پی بھون( بیلارڈ اسٹیٹ ،ممبئی) میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شردپوار صاحب کے تعلق سے اجیت  پوار جھوٹ بول رہے ہیں۔ شر د پوارنے کبھی  بی جے پی کے ساتھ جانے کا ارادہ ظاہر ہی کیا تھا اور نہ ہی ان کا استعفیٰ   پہلے سے طے  تھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ’’ جس طرح اجیت دادا یہ دعویٰ کر رہےہیںکہ وہ میٹنگوں میںموجود تھے تو ان کی طرح مَیں بھی وہاں موجود تھی  اور اس لئے یہ دعویٰ کر سکتی ہوں کہ  اجیت پوار جھوٹ بول رہے ہیں ۔‘‘
  این سی پی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ’’ بی جے پی کے دباؤمیں  ۶؍ ماہ بعد اجیت دادا یہ جھوٹ  بول رہے ہیں۔ شرد پوار کےاستعفیٰ کی میٹنگ لائیو تھی اور اس میں کوئی ڈراما یا سازش نہیںتھی۔‘‘
  ودیا چوان نے کہا کہ ’’  اجیت پوار نے اپنے دعوؤں کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تقریر کے دوران آنند پرانجپے کو مخاطب کیا تھا ۔ دراصل انہیںہم سے پوچھنا چاہئے تھاکیونکہ ہم چشم دید گواہ تھے۔ استعفیٰ دینے کےبعد جب ہم  پانچ چھ لیڈر شرد پوار صاحب کو منانے گئے تھے تو اس وقت انہوںنے صاف لفظوںمیں کہا تھا کہ مَیں  بی جےپی  کے ساتھ کبھی نہیں جاؤں گا اور اس کے ساتھ کبھی حکومت نہیں بناؤں گا۔ اجیت دادا سے ہماری درخواست ہے کہ وہ اس طرح کی الزام تراشیاں نہ کریں۔ یہ پوری طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔جو سچ ہے وہ عوام کو بتانا چاہئے  گمراہ نہیں کرناچاہئے۔‘‘
 ودیا نے نائب وزیر اعلیٰ کی ذہنی حالت خراب ہونے کا دعویٰ کرتےہوئے کہاکہ ’’اجیت دادا کو ڈینگو ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ان کے ذہن میں بے چینی جیسی کیفیت پیدا ہو گئی ہے اور اسی لئے وہ اس طرح کے جھوٹ بول رہے ہیں۔‘‘ انہوںنے کہا کہ’’ وزیر اعظم نریندر مودی نےاین سی پی کو سب سے بدعنوان پارٹی کہا تھا لیکن جب اجیت دادا ان کے ساتھ چلے گئےتو اس کے بعد مودی اور امیت شاہ کسی نے این سی پی کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔‘‘ 
  ودیا چوہان نے مزید کہاکہ’’ ای ڈی اور انکم ٹیکس کے چھاپے مار کارروائی سے گھبرا کر اجیت پوار نے بی جے پی کی اتحادی حکومت میں شمولیت اختیار کی ہے اور چونکہ بی جےپی ان پر دباؤ ڈال رہی ہے ،اس لئے شرد پوار صاحب کو بدنام کرنے کیلئے اجیت پوار عوامی خطاب میں بھی جھوٹ بو ل رہےہیں۔‘‘یووا سنگھر ش یاترا  کے تعلق سےایک سوال کےجواب میں اجیت دادا پوارنے کہاکہ ’’روہت پوار نوجوانوں اور کسانوں  سے ملاقات کر کے ان کے مسائل معلوم کررہے ہیں تاکہ  وہ اسمبلی میں حکومت کے سامنے رکھ سکیں، اُن کی حمایت افزائی کرنی چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK