Inquilab Logo

اجیت پوار کی معنی خیز خاموشی، کیا پھر کوئی سیاسی زلزلہ آنے کو ہے ؟

Updated: May 17, 2024, 11:51 PM IST | Agency | Mumbai

ہفتہ بھر مہایوتی سے رابطہ منقطع رکھنے کے بعد نائب وزیراعلیٰ شیواجی پارک کی ریلی میں شریک ضرور ہوئے لیکن اپنی تقریر میں انہوں نے عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔

Ajit Pawar has been seen avoiding Mahayoti for several days. Photo: PTI
اجیت پوار کئی دنوں سے مہایوتی سے کنارہ کئے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

شرد پوار کے باغی بھتیجے  اجیت پوار جب بھی ناٹ ریچ ایبل (دسترس سے باہر) ہوتے ہیں تو ریاست میں کوئی سیاسی زلزلہ آتا ہے۔ اس سے قبل جب وہ ناٹ ریچ ایبل ہوئے تھے تو انہوں نے مہا وکاس اگھاڑی  چھوڑ کر مہایوتی میں شمولیت اختیار کی تھی اور نائب وزیراعلیٰ کی کرسی حاصل کی تھی۔اب پھر اجیت پوار اپنے قریبی لوگوں کی دسترس سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔  سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں جاری تھیں کہ کیا ایک بار پھروہ کوئی گل کھلانے والے ہیں؟ اسی دوران ممبئی کے شیواجی پارک پر منعقدہ مہایوتی کی ریلی میں وہ دکھائی دیئے لیکن انہوں نے ۵؍ منٹ کی اپنی تقریر میں سوائے مہایوتی کوووٹ دینے کی اپیل کرنے کےکچھ نہیں کہا۔ اس سے ان خبروں کو مزید تقویت ملی ہے کہ اجیت پوار مہایوتی سے ناراض ہیں۔  
 یاد رہے کہ بارامتی میں ہوئی پولنگ (۷؍مئی) کے بعد اجیت پوار ایک دو میٹنگوں میں ضرور نظر آئے لیکن ۱۱؍ مئی کو شیرور(پونے) کے انتخابی جلسے کے بعد  وہ غائب ہو گئے تھے۔ قومی اور ریاستی سطح پر این ڈی اے  کی انتخابی سرگرمیوں کے دوران کئی ایسے مواقع آئے جب اجیت پوار کا  موجود ہونا ضروری تھا لیکن وہ غائب تھے۔  ان میں سب سے اہم موقع تھا ۱۴؍ مئی کو وارانسی میں وزیر اعظم مودی کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا۔ اس موقع پر بی جے پی کی تقریباً تمام حلیف پارٹیوں کے سربراہ موجود تھے لیکن اجیت پوار نظر نہیں آئے۔ مہاراشٹر سے ایکناتھ شندےتو وارانسی گئے  لیکن اجیت پوار کی جگہ ان کے کارگزار صدر پرفل پٹیل کو بھیجا گیا۔ مہاراشٹر کے ناسک میں ہونے والے نریندر مودی کے روڈ شو میں بھی اجیت پوار کی جگہ چھگن بھجبل دکھائی دیئے جبکہ کلیان میںہونے والی ریلی میں سنیل تٹکرےکو بھیجا گیا۔ ممبئی میں وزیراعظم کا جو روڈ شو ہوا  اس میں توقع تھی کہ اجیت پوار شریک ہوں گے لیکن وہ اس میں بھی نظر نہیں آئے۔  اس کے بعد سےان کے تعلق سے قیاس آرائیوں کادور شروع  ہو گیا ۔ یا تو وہ مہایوتی سے ناراض ہیں یا پھر وہ کوئی اور سیاسی دائو کھیلنے کی تگ ودو میں مصروف ہیں۔
   یاد رہے کہ بارامتی میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر چندر کانت پاٹل نے شرد پوار پر تنقید کی تھی اور انہیں شکست دینے کی بات کہی تھی ۔ اجیت پوار اس بات سے ناراض تھے اور انہوں نے چندر کانت پاٹل سے آئندہ بارامتی میں انتخابی مہم کے دوران نہ آنے کی گزارش کی تھی۔ بارامتی میں تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے گئے تھے اور اس مرحلے میں سب سے کم پولنگ بارامتی میں ہوئی تھی۔ اور اعداد وشمار بتا رہے تھے کہ عوام کا جھکائو کس جانب تھا۔ اجیت پوار نے سرعام اس کا ذمہ دار چندر کانت پاٹل کو بتایا تھا۔   اسکے بعد سے اجیت پوار کہیں دکھائی نہیں دیئے۔
 شرد پوار کا طنز
جب ایک پریس کانفرنس کے دوان شردپوار سے میڈیا نے اجیت پوار کے تعلق سے سوال کیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے طنز کیا کہ ‘‘بارامتی میں ہوئی پولنگ کے بعد سے سچ میں اجیت پوار کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔‘‘  یاد رہے کہ اس سے قبل کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے کہا تھا کہ  اجیت پوار کو بی جے پی نے دانستہ طور پر انتخابی مہم سے دور کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اجیت پوار کی این سی پی ریاست میں ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکے گی۔ شکست کے خوف ہی سے اجیت پوار کو انتخابی مہم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
 این سی پی کی وضاحت اور بی جے پی کی خاموشی
جمعرات کی رات این سی پی ترجمان امیش پاٹل نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اس بات کی وضاحت کی کہ بارش میں بھیگنے کے سبب اجیت پوار کی طبیعت خراب ہے۔ انہیں گلے کا انفیکشن ہو گیا ہے اورڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرا م کا مشورہ دیا ہے۔ اگر ڈاکٹروں نے اجازت دی تو  وہ جمعہ کو شیواجی پارک کی ریلی میں شریک ہوں گے۔  انہوں نے کانگریس کے الزامات کی تردید بھی کی۔   اس پورے معاملے پر بی جے پی کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ این سی پی ( اجیت ) نے تو کہہ دیا کہ اجیت پوار ناراض نہیں ہیں، نہ ہی دسترس سے باہر ہیں لیکن بی جے پی نے اب تک اس معاملے میں کوئی صفائی نہیں دی۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق رابطہ کرنے پر بی جے پی لیڈران نے اس معاملے پر بات کرنے سے منع کر دیا ۔ 
 شیواجی پارک میں اجیت پوار کی تقریر
جمعہ کو ممبئی کے شیواجی پارک میں نریندر مودی سمیت مہایوتی کے تمام بڑے لیڈروں کی موجودگی میں اجیت پوار نے مشکل سے ۵؍ منٹ کی تقریر کی جس میں انہوں نے عوام سے ۲۰؍ تاریخ کو کنول کے پھو یا تیر کمان کے نشان کا بٹن دبانے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی مخالفین کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا کہ وزیر اعظم مودی کا ملک کے آئین کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔ اجیت پوار نے اپنی تقریر کے ددران اپنے مخالفین میں سے کسی کا نام نہیں لیا اور نہ کسی پر تنقید کی۔   البتہ ایک جملے میں نریندر مودی کے ترقیاتی کاموں کی تعریف ضرور کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK