• Tue, 25 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجیت پوار کی ووٹ نہ دینے پر فنڈ روک دینے کی دھمکی ، پھر صفائی پیش کی

Updated: November 24, 2025, 10:44 PM IST | New Delhi

بیان پر صفائی دیتے ہوئے کہا ’’ الیکشن کے دوران اس طرح کے بیانات دینے پڑتے ہیں، بہار الیکشن میں تیجسوی یادو نے بھی دیا تھا ‘‘

Ajit Pawar has made such controversial statements before.
اجیت پوار پہلے بھی اس طرح کے متنازع بیانات دے چکے ہیں

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اسمبلی الیکشن کی طرح میونسپل الیکشن کے دوران بھی ووٹروں کو اس بات کی دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی پارٹی کو ووٹ نہیں دیئے گئے تو وہ علاقے کیلئے فنڈ نہیں دیں گے۔  جب میڈیا نے  اس متنازع بیان پر سوال کیا تو صفائی دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران اس طرح کے بیانات دینے پڑتے ہیں۔ تیجسوی یادو نے بھی تو بہار الیکشن کے وقت ووٹروں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ جیت گئے زیادہ سے زیادہ فنڈ جاری کریں گے ۔ 
  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پونے اسٹیشن کے پاس  اپنی پارٹی کے کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا تھا ’’ مالیگائوں والوں (پونے کا ایک علاقہ) تمہارا بجٹ سالانہ ۵؍ یا ۶؍ کروڑ روپے ہے۔ تم اس میں کتنے ہی سال گھِس لو ترقی نہیں کر پا ئو گے۔ جس طرح بارامتی میں ہزاروں کروڑ روپے لاکر وہاں ترقیاتی کام کروائے گئے، ویسا ہی کام ہمیں مالیگائوں میں کرنا ہے۔‘‘ انہوں نےکہا ’’مالیگائوں میونسپل کونسل میں اگر میرے نظریات کے حامل لوگ جیت کر آئے تو میں ان سے اپنے مطابق کام کروا سکوں گا۔ اگر مخالف خیالات کے لوگ آئے تو میں ان سے کام نہیں کروا پائوں گا۔ اس لئے پینل میں جن ۱۸؍ لوگوں کو ہم نے کھڑا کیا ہے انہیں جیت دلائیں۔ ‘‘   انہوں نے کہا’’ میں کوئی سادھو سنت نہیں ہوں۔آپ ہمیں ووٹ دیجئے میں آپ کو ترقی کروائوں گا۔ میں ضلع کا نگراں وزیر ہوں اور میرے پاس ۱۴؍ سو کروڑ روپے کا بجٹ ہے۔ تنگ نظری چھوڑیئے اور دل بڑا کیجئے۔ آپ ہمیں ۱۸؍ کے ۱۸؍ امیدوار منتخب کرکے دیں ، پھر  آپ جو کام کہیں گے میں وہ کرکے دوںگا۔اگر آپ نے کٹ مارا تو میں بھی کٹ ماروں گا، اس لئے سوچ لیجئے کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔‘‘ 
  اجیت پوار کا یہ بیان واضح طور پر ووٹروں کیلئے بلیک میل جیسا ہے۔ میڈیا نے جب ان سے سوال کیا تو انہوں نےکہا ’’ مجھے معلوم ہے کہ میڈیا کی مجھ پر نظر ہے اور میڈیا والے میرے ایک ایک بیان کو غور سے سنتے ہیں۔ مجھے ضابطۂ اخلاق کا بھی خیال ہے ۔ مجھ پر گزشتہ ۳؍ سال میں کئی بار اس طرح کے الزامات لگے ہیں۔‘‘ البتہ انہوں نے اپنے بیان پر یہ کہتے ہوئے صفائی دی  ’’ الیکشن کے دوران اس طرح کے بیانات دینے پڑتے ہیں۔ بہار الیکشن کے دوران تیجسوی یادو نے بھی ووٹروں سے کہا تھا کہ اگر وہ جیت کر آئے تو زیادہ سے زیادہ فنڈ جاری کریں گے۔ الیکشن کے موقع پر یقین دہانی کروائی پڑتی ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK