• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اپنی موت سے پہلے اجیت پوار مہایوتی چھوڑنا چاہتے تھے‘‘

Updated: November 14, 2026, 2:31 PM IST | Agency | Mumbai

شیوسینا(یوبی ٹی ) لیڈرسنجے راؤت نے دعویٰ کیا کہ انہیں لگتا تھا کہ وہ مہایوتی میں عزت و احترام کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔

Sanjay Raut. Photo: INN
سنجے راؤت۔ تصویر: آئی این این
شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمان سنجے راؤت نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ آنجہانی نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار حکمراں مہایوتی اتحاد سے بے حد مایوس تھے اور اپنی موت سے پہلے اسے چھوڑنے کا ارادہ کر چکے تھے۔
سنجے راؤت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجیت پوار کو لگتا تھا کہ وہ مہایوتی میں عزت و احترام کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا  اس لئے انہیں اپنے پرانے خیمے میں واپس چلے جانا چاہئے۔ان کے مطابق اجیت پوار اور حسن مشرف جیسےلیڈروں نے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے خوف سے ہی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تھا۔ حسن مشرف پر طنز کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ ان کا جسم تو شیر جیسا ہے لیکن دل چوہے جیسا ہے۔
 
 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیاسی وفاداری بدلنے کے بعد بھی ان لیڈروں کے خلاف تحقیقات نہیں رکیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اجیت پوار سمجھ گئے تھے کہ عزت نفس کے بغیر اتحاد میں رہنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ مہایوتی چھوڑنے کے بعد وہ اپوزیشن کے ایک مضبوط لیڈر کے طور پر ابھر سکتے تھے۔  سنجے راؤت نے   اجیت پوار کے اس مبینہ بیان کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس بھی بی جے پی لیڈروں کے خلاف فائلیں ہیں۔ اسے اتحاد سے الگ ہونے کے ان کے ارادے کا ثبوت بتاتے ہوئے  سنجے راوت نے ان کی موت پر سوال اٹھائے اور اسے مشتبہ قرار دیا۔
سنجے راؤت نے سوال اٹھایا کہ اجیت پوار کے اہل خانہ خاص طور پر ان کی اہلیہ سونیترا پوار اور بیٹے پارتھ پوار، اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے ان کی اس خاموشی کا موازنہ شیوسینا (یو بی ٹی) کے ان کارکنوں سے کیا  جو اپنے عہدیداروں کی حمایت میں سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروپ کے   انضمام کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں پر  سنجے راؤت نے واضح کیا کہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کا ایسی بات چیت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این سی پی (شرد پوار) کی کارگزار صدر سپریا سلے پہلے ہی انضمام کے معاملے پر مکمل روک لگا چکی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کچھ لیڈران اس بحث کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کیوں کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس آخرکار این سی پی کے دونوں گروپ کو اپنے ساتھ ملا لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالف گروپ کا اپنی پارٹی پر کوئی آزادانہ کنٹرول نہیں ہے کیونکہ انہیں ہر فیصلے کیلئے بار بار دہلی جانا پڑتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK