۱۲؍ ماہ کی سب سے اونچی سطح پر پہنچا،۳۹ء۸۸؍ ارب ڈالر ہوگیا ایکسپورٹ میں بھی ریکارڈ اضافہ۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 2:09 PM IST | Agency | New Delhi
۱۲؍ ماہ کی سب سے اونچی سطح پر پہنچا،۳۹ء۸۸؍ ارب ڈالر ہوگیا ایکسپورٹ میں بھی ریکارڈ اضافہ۔
اکتوبر میں ہندوستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر ۳۹ء۸۸؍ ارب ڈالر ہوگیا، جو گزشتہ ۱۲؍ ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ اس کی وجہ اشیا کی درآمدات(اِمپورٹ) میں اضافہ ہے، جو بڑھ کر ریکارڈ ۸۹ء۳۵؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ دوسری جانب اکتوبر میں ہندوستان کی برآمدات (ایکسپورٹ) بھی اب تک کی بلند ترین سطح ۴۹ء۴۷؍ ارب ڈالر پر پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں ۴۵؍ فیصد زیادہ ہیں۔
اِمپورٹ میں اضافہ موسمی رجحان
درآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے کا بڑھنا ممکنہ طور پر موسمی رجحان ہے۔گزشتہ سال بھی اکتوبر میں ہندوستان کا تجارتی خسارہ ۴۲ء۵۸؍ ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس وقت درآمدات ۷۶ء۶۹؍ ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر تھیں۔ رواں مالی سال ۲۷-۲۰۲۶ء کے پہلے ۷؍ماہ، یعنی اپریل سے اکتوبر کے دوران اشیا کی برآمدات ۳۰۹ء۰۶؍ ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً ۲۲؍ فیصد زیادہ ہیں۔ اسی مدت میں درآمدات ۱۶؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۵۲۷ء۲۱؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح پہلے ۷؍ماہ کے دوران تجارتی خسارہ ۲۱۸ء۱۵؍ ارب ڈالر رہا۔وزارتِ تجارت کے اندازے کے مطابق، اکتوبر میں ہندوستان کی خدمات کی برآمدات ۴۰.۵۱ ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں ۱۵ فیصد زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹاٹا سنس کا نوئل ٹاٹا کو بورڈ میٹنگ کی ریکارڈنگ دینے سے انکار
خدمات کے شعبہ میں سبقت
اس دوران خدمات (سروسیز)کی درآمدات بھی تقریباً ۱۷؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۲۰ء۷۲؍ ارب ڈالر ہونے کا اندازہ ہے۔اس کے نتیجے میں خدمات کے شعبے میں ۱۹ء۷۹؍ ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس (منافع ) ریکارڈ کیا گیا۔ برآمدات میں اضافہ حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ایک ہزار ارب ڈالر کی مجموعی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں ہندوستان کی مدد کرسکتا ہے۔
جی ڈی پی میں ایکسپورٹ کا حصہ
برآمدات میں عمدہ اضافے سے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ان کا حصہ بھی بڑھا ہے۔ گزشتہ ۳؍مالی برسوں کے دوران جی ڈی پی میں برآمدات کا حصہ مسلسل کم ہورہا تھا تاہم تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق۲۷-۲۰۲۶ء کی پہلی سہ ماہی (اپریل تا جون) میں برآمدات کا حصہ بڑھ کر جی ڈی پی کا ۱۴؍ فیصد ہوگیا۔۲۰۲۴ء اور ۲۰۲۵ء میں عالمی طلب میں سست روی اور مالی سال ۲۰۲۶ء میں ہندوستانی اشیا پر امریکہ کی جانب سے عائد کئے گئے ٹیرف کی بنا پر جی ڈی پی میں برآمدات کا حصہ کم ہوگیا تھا۔