Inquilab Logo

اکھلیش کا بی جے پی پر اپوزیشن پارٹیوں کو بدنام کرنے کیلئے ای ڈی اور سی بی آئی کے استعمال کا الزام

Updated: March 14, 2023, 9:57 AM IST | Lucknow

شیوپال نے بھی مودی سرکار کو نشانہ بنایا، کہا:بی جے پی کے دور حکومت میں جمہوریت نام کی کوئی بھی چیز باقی نہیں رہ گئی ہے، جوبھی حکومت سے سوال کرتا ہے،اس کے یہاں چھاپے پڑجاتے ہیں

Akhilesh Yadav
اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے  ملک بھر میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں پر چھاپوں سے متعلق کارروائی کو سیاست سے متاثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حزب اختلاف کی جماعتوں کو بدنام کرنے کیلئے ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کررہی ہے۔
 ایس پی سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ جو اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی کے خلاف مضبوطی سے لڑرہی ہیں، اس کا مقابلہ کر رہی ہیں، ان کے لیڈروں اور ان کے اہل خانہ  پر الزامات لگا کر تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعہ انہیں بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ بی جے پی کی نیت صاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابات نزدیک ہیں، اس لئے اس طرح کی کاروائیاں کی جار ہی ہیں۔
 سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح سے اسمبلی انتخابات کے دوران بھی کارروائیاں ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن دنوں قنوج کے ایک عطر کاروباری کے گھر چھاپہ پڑا تھا اور بی جے پی نے اس حوالے سے ایک گمراہ کن خبر عام کی تھی کہ سماجوادی پارٹی کے ایک عطر کاروباری کے گھر سے فلاں فلاں چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس طرح بی جے پی نے ایس پی کو بدنام کرنے کی کوشش کی لیکن سچائی سامنے آئی تو وہ بی جے پی  ہی کا آدمی نکلا۔
 انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن سے پہلے اپوزیشن پارٹیوں اور ان کے لیڈروں کو بدنام کرنے کی سیاست کے تحت چھاپے ڈلوارہی ہے۔ جن لیڈروں پر سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کے الزامات تھے، وہ بی جے پی میں چلے گئے تو محفوظ ہوگئے، اسلئے  ان کے یہاں چھاپے نہیں پڑ رہے ہیں۔
 اکھلیش یادو نے بی ایس پی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے اسے بی جے پی کی بی ٹیم کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی، بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر  اور کانشی رام جی کے راستے سے ہٹ گئی ہے۔ بی ایس پی کا بی جے پی کے ساتھ خفیہ اتحاد ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کے امیدوار بی جے پی کے دفتر میں طے ہو رہے تھے۔ بی ایس پی امیدواروں کو جیتنے کیلئے نہیں بلکہ سماج وادی کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے میدان میں اتارا گیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے، عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے لیکن حکومت کی توجہ اس پر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کسانوں کی آمدنی دُگنی کرنے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا۔ آج آلو کا کاشتکار پریشان ہے۔ کولڈ اسٹوریج کے سامنے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ بارہ بنکی، قنوج، فرخ آباد، بدایوں اور آگرہ کے سبھی اضلاع کا یہی حال ہے۔ 
 ایس پی سربراہ نے کہا کہ یہ کسان اور نوجوان۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔ سماج وادی پارٹی اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آئین اور قانون کو نہیں مانتی، آج اتر پردیش میں جتنی بھی غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں وہ بی جے پی لیڈروں کی ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جب دورے پر جاتے ہیں تو مافیاسے وابستہ لوگ ان کا استقبال کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے خود اپنے مقدمات واپس لئے اور نائب وزیر اعلیٰ کے مقدمات بھی واپس لے لئے۔ اسی لئے حکومت ریاستی فہرست کے ۱۰۰؍ ’ٹاپ موسٹ مافیاز‘کی فہرست جاری نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ بی جے پی حکومت ریاست کے ’ٹاپ ٹین‘ یا ٹاپ ۱۰۰؍ مافیا‘ کی فہرست جاری کرے۔
  اس دوران سماج وادی پارٹی کےجنرل سیکریٹری شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ بدعنوانی میں ڈوبی بی جے پی کے دور میں جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوںنے اتوار کو ضلع  پنچایت آواس پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ کوآپریٹیو انتخابات کی تیاریوں میں ان کی تنظیم مصروف ہے۔ وہ لگاتار کارکنوں سے ملاقات کررہے ہیںاور ان کے مسائل سن رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ بہت جلد بلدیاتی انتخابات آنے والے ہیں، فی الحال میں ابھی کو آپریٹیو الیکشن میں سرگرم پارٹی اہلکار کے درمیان جارہا ہوں۔ ہم نے جس طریقے سے اپنی تیاریاں کی ہوئی ہیں، اس طرح سے کوآپریٹیو  کے الیکشن میں سماج وادی پارٹی کو خاصی کامیابی حاصل ہوگی اور بی جے پی کو وقت آنے پر سخت جواب مل جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ای ڈی اور سی بی آئی کے چھاپے صرف اپوزیشن لیڈروں کے یہاں ہی  کیوںپڑ رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت  میں جمہوریت نام کی کوئی بھی چیز باقی نہیں رہ گئی ہے کیونکہ جو بھی حکومت پر تنقید کرتا ہے،اس کے یہاں چھاپے پڑ جاتے ہیں۔لالو خاندان پر چھاپے ماری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں کو صرف اپوزیشن کے لوگ ہی’بے ایمان‘ دکھائی دیتےہیں؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK