Inquilab Logo Happiest Places to Work

راج پال یادو کو چیک باؤنس کیس میں فوری جیل سے راحت، ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ

Updated: March 19, 2026, 5:09 PM IST | New Delhi

دہلی ہائی کورٹ نے ۹؍ کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں اداکار راج پال یادو کو فوری جیل بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاطر خواہ رقم ادا کر دی ہے۔

Rajpal Yadav. Photo: INN
راج پال یادو۔ تصویر: آئی این این

دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار راج پال یادو کو بڑی راحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فی الحال جیل نہیں بھیجا جائے گا، کیونکہ وہ چیک باؤنس کیس میں ’’کافی رقم‘‘ ادا کر چکے ہیں۔ جسٹس سوارانا کانتا شرما نے سماعت کے دوران واضح کیا کہ عدالت اس معاملے میں ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف دائر اپیل پر غور کرے گی اور حتمی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ سماعت کے دوران اداکار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرلی دھر پروجیکٹس پرائیوٹ لمیٹڈ کو پہلے ہی ۲۵ء۴؍ کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید ۲۵؍ لاکھ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے ان گذارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ چونکہ خاطر خواہ ادائیگی ہو چکی ہے، اس لیے فی الحال جیل بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دُھرندھر: دی ریونج ‘‘ کی ریلیز سے پہلے بڑا تکنیکی مسئلہ ، ٹیم نے معافی مانگ لی

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا، ’’میں آپ کی مرکزی درخواست پر سماعت کر رہا ہوں، میں اسے ابھی جیل نہیں بھیج رہا ہوں۔ اس نے کافی رقم ادا کی ہے، میں اس معاملے کا فیصلہ کروں گا۔‘‘ عدالت نے اس کے ساتھ ہی سزا کی معطلی میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔ یہ معاملہ مرلی دھر پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دائر شکایت سے متعلق ہے، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اداکار اور ان کی اہلیہ کی جانب سے جاری کردہ کئی چیکس باؤنس ہو گئے اور واجب الادا رقم ادا نہیں کی گئی۔ ۲۰۱۸ء میں ایک مجسٹریٹ عدالت نے دونوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے راج پال یادو کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف انہوں نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا۔

یہ بھی پڑھئے: سرکے چُنر گیت تنازع:سنجے دت کو سمن جاری، نورا بھی پھنس گئیں

جون ۲۰۲۴ء میں ہائی کورٹ نے کیس کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے اداکار کو ہدایت دی تھی کہ وہ معاملے کو تصفیے کے ذریعے حل کریں۔ تاہم بعد میں ادائیگی میں تاخیر اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر عدالت نے ۲؍ فروری کو انہیں خودسپردگی کا حکم دیا تھا۔ جیل جانے کے بعد کئی معروف شخصیات نے ان کی حمایت کا اظہار کیا، جن میں سلمان خان، اجے دیوگن، ورون دھون، ڈیوڈ دھون اور سونو سود کے نام قابل ذکر ہیں۔ اداکار کو ۱۷؍ فروری کو ضمانت مل گئی تھی۔
اب عدالت کی آئندہ سماعت میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا سزا برقرار رہے گی یا مزید راحت دی جائے گی، تاہم فی الحال راج پال یادو کو بڑی قانونی راحت حاصل ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK