Inquilab Logo

اکھلیش یادو کا یوگی سرکار پر برہمی کااظہار، ناکام حکومت قرار دیا

Updated: September 20, 2022, 9:33 AM IST | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے پیدل مارچ کو روک دینے کو آمرانہ قدم قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ دراصل یوگی حکومت ناکام ہے،اسلئے وہ اپوزیشن کا سامنا نہیں کرنا چاہتی، پارٹی کارکنان کے ساتھ اکھلیش یادوکچھ دیر تک دھرنے پر بھی بیٹھے

Akhilesh Yadav
اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی(ایس پی) کےسربراہ اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ تمام محاذوں پر ناکام اترپردیش کی بی جے پی کی حکومت اپوزیشن کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے یہ بیان اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ ودھان سبھا تک پیدل مارچ کرنے سے روکے جانے کے بعد دیا۔
 سماجوادی سربراہ نے کہا کہ’’یہ کس طرح کی حکومت ہے جو اراکین اسمبلی اور سابق وزیروں کو اسمبلی نہیں جانے دے رہی ہے؟آخر ہم صرف عوام کے مسائل ہی تو اٹھانا چاہتے ہیں۔ حکومت آخر اپوزیشن کا سامنا کرنا کیوں نہیں چاہتی ؟‘‘ اس کے بعد اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دراصل حکومت اپوزیشن کا سامنا اسلئے نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ تمام محاذ پر  بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔
 اس سے قبل سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اکھلیش یادو کی قیادت میں ودھان بھون کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ اشیاء کی بڑھتی قیمتوں، بے روزگاری، خواتین کے خلاف کرائم اور ریاست میں نظم وضبط کے حالات پر اپنی آواز بلند کرسکیں،تاہم پولیس نے مظاہرین کو راج بھون کے راستے ہی میں روک دیا۔ اس کے باوجود اراکین اسمبلی مارچ کیلئے بضد تھے لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے کیونکہ روڈ کو بیریکیڈ کردیا گیا تھا۔اس کے بعد اکھلیش کی قیادت میں اراکین اسمبلی نے سڑک ہی پر دھرنا دیا  اور وہیں سے اسمبلی کی کارروائی شروع کردی۔
  مظاہرے کو ختم کرنے کے بعد اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں بدعنوانی اپنے شباب پر ہے اور ہر چیز مہنگی ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملازمت اورروزگار کے جو خواب دکھائے تھے وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے،آج ہر چیز کا پرائیویٹائزیشن کر کے نوجوانوں سے روزگار چھینے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اگنی ویر اسکیم سے کسی بھی طور پرمطمئن نہیں ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کے آگے کی حکمت عملی طے کریں گے۔
  مظاہرین کو روک دینے کے بعد پولیس نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ودھان بھون کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا گیا کیونکہ انہوں نے اس کی اجازت نہیں لی تھی۔ایک افسر نے بتایا کہ اگرچہ اجازت نہیں لی گئی تھی باوجود اس کے ایک متبادل روٹ کی تجویز پیش کی گئی تھی لیکن ایس پی اراکین اسمبلی اس روٹ کیلئے تیار نہیں ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK