پارٹی سربراہ اکھلیش نے کہا کہ جب ۱۰؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کسی حکومت کی کامیابی کی وجہ بن سکتا ہے تو پھر۴۰؍ ہزار دینے کا وعدہ غلط کیسے ہے؟
EPAPER
Updated: December 12, 2025, 1:48 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow
پارٹی سربراہ اکھلیش نے کہا کہ جب ۱۰؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کسی حکومت کی کامیابی کی وجہ بن سکتا ہے تو پھر۴۰؍ ہزار دینے کا وعدہ غلط کیسے ہے؟
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ۲۰۲۷ءکے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے ایک اہم انتخابی وعدے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے توخواتین کو ۴۰؍ ہزار روپئے دئے جائیں گے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب ۱۰؍ ہزار روپئے دینے کا اعلان کسی حکومت کی کامیابی کی وجہ بن سکتا ہے، تو پھر۴۰؍ ہزار روپئے دینے کا وعدہ غلط کیسے ہے؟اکھلیش یادو نے یہ اعلان بہار انتخابات میں مہا گٹھ بندھن کی شکست پر ایک نجی چینل پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ۱۰؍ ہزار روپے دینے کے وعدے نے بہار کی انتخابی سیاست کا رخ بدل دیا ۔۱۰؍ ہزار بڑی رقم ہے، اسی لئے بہت سی مائیں اور بہنیں اس کا انتظار کرتی رہ گئیں۔ اکھلیش نے کہا کہ سماجوادی حکومت کے دوران خواتین کو۵۰۰؍ روپئے ماہانہ سماجوادی پنشن دی جاتی تھی۔ بعد میں اسے۱۰۰۰؍ روپئے ماہانہ کرنے کی تیاری تھی اور لوک سبھا انتخابات میں اسے ۲۵۰۰؍ روپئے تک بڑھانے کی بات چلی تھی۔اکھلیش یادونے واضح کیا کہ خواتین کو۵۰۰؍روپے ماہانہ کی سماجوادی پنشن نہیں ملی، اگر اس کا حساب لگایا جائے تو ۳؍سال میں تقریباً۳۶؍ہزار روپئے بنتے ہیں اوراتنے دنوں تک یہ پیسہ نہ ملنے پر اس میں ۴؍ ہزار روپے سود بھی شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سماجوادی پارٹی غریب خواتین کو۴۰؍ ہزار روپے دینے کا وعدہ کرتی ہے۔اکھلیش نے کہا کہ جب صنعتکار دنیا بھر سے قرض لے کر بڑے بن سکتے ہیں، تو ہم بھی انہی سے قرض لیں گے اور اس پیسے سے ریاست کی غریب ماؤں اور بہنوں کی مدد کریں گے۔انہوںنےیہ بھی واضح کیا کہ۲۰۲۷ء کے انتخابات میں خواتین کو معاشی مدد اس کا مرکزی انتخابی ایجنڈا ہوگی۔