سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بی جے پی پر بڑا حملہ، پریس کانفرنس میں فرضی فارم ۷؍ کے متعلق انکشافات کئے۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 3:30 PM IST | Lucknow
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بی جے پی پر بڑا حملہ، پریس کانفرنس میں فرضی فارم ۷؍ کے متعلق انکشافات کئے۔
اترپردیش میں جاری ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ سے نام ہٹائے جانے کے معاملہ میں سماجوادی پارٹی نے اتوار کو بھی ایک پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے بی جے پی پر الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے مسلم سماج اورپی ڈی اے ووٹروں کےنام کاٹنے کا الزام عائد کیا۔ اس موقع پر اکھلیش یادو نے سلطانپورضلع کےنند لال کو میڈیا کے سامنے پیش کیا، جن کے فرضی دستخط سے متعدد فارم ۷؍ بھر کر لوگوں کے نام ہٹائے گئے۔
اس موقع پر نند لال نے میڈیا کےنمائندوں کو بتایا کہ وہ دستخط نہیں انگوٹھا لگاتے ہیں جس پر اکھلیش یاد ونے ان کو جمہوریت کو بچانے والا بتایا اور پریس کانفرنس میں ہی ان کی نگرانی میں تعمیر ہونے والے درگا مندر کو ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے الیکشن کمیشن سے فارم۷؍ کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یوپی میں جاری ایس آئی آر میں نام شامل کرانے اور ہٹانے کے لئے فارم ۶؍ اور ۷؍ بھرے جارہے ہیں ۔ اس دوران اکھلیش یادو نےبی جے پی اور الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کے ناموں کو کاٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن میں ۲؍ سیاسی لیڈران نے نابالغ بیٹوں کے ہمراہ ووٹ دیا
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہاکہ ایس آئی آرکا دونوں (بی جے پی اور الیکشن کمیشن) مل کر غلط استعمال کر رہے ہیں ۔ اس دوران انہوں نے فارم ۷؍ پر پابندی عائد کرنے کا بھی الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا۔ پارٹی آفس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں سلطانپور ضلع میں رہنے والے نند لال کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا جن کے بارے میں بتایا گیا کہ ان کے فرضی دستخط سےکئی لوگوں کے فارم ۷؍ بھر کرنام ہٹوائےگئے ہیں ، جبکہ نند لال دستخط نہیں انگوٹھا لگاتےہیں ۔ انہوں نےبی جے پی اوران کے حامیوں پر ملک کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس سے زیادہ شرمناک بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ نام کٹوانے کے لئے فرضی دستخط کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایس آئی آر میں کس طرح سے جعلسازی کی جارہی ہے، یہ بات سامنے آگئی ہے۔ انھوں نے کمیشن سے فارم ۷؍پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے کچھ ایجنسیاں بنائی ہیں جن میں دہلی، لکھنؤ اور ملک کے دوسرے شہروں کے پیشہ ورلوگوں کو شامل کیا گیا ہے، ان کے پاس ووٹر لسٹ کا ڈیٹا موجود ہے۔ اسکے ذریعہ وہ ان بوتھوں کی شناخت کرتے ہیں جہاں پر سماجوادی پارٹی کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جب الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے ذریعہ پوری ووٹر لسٹ تیار کرلی ہے تو اب صرف نام شامل کرنے لئے فارم ۶؍ ہونا چاہیے نام ہٹوانے کیلئے فارم ۷؍کو رد کردیناچاہئے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ نتائج کو متاثرکرکے ہی بی جے پی نے بہار اسمبلی الیکشن جیتا ہے۔ ایس پی صدر نےایس آئی آر اورفارم ۷؍ پر تنقید کرتے ہوئے اسے ملک اور عوام کے ساتھ کھلا دھوکہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک انکشاف کے بعد بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو اہل وطن کے سامنے سر جھکا کر کھڑا ہونا چاہیے۔ اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی آج ایک منفی پہچان بنتی جا رہی ہے۔ ایس پی صدر نے کہا کہ جو لوگ کیمرے کے سامنے ووٹ منسوخ کرانے کی مبینہ’چنڈی گڑھی چال‘ اپنانے سے بھی نہیں ہچکچاتے، وہ الیکشن جیتنے کے لیے پردے کے پیچھے کس حد تک جا سکتے ہیں ، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔