Updated: August 24, 2023, 9:29 PM IST
| Lucknow
ایک ٹی وی چینل سے انٹرویو کے دوران سماجواری پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ اس نے ملک کی ترقی کے نام پر صرف تقریبات کا انعقاد کروایا ہے جبکہ زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ منی پور معاملے کے پس منظر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں خواتین بی جے پی کو شکست دینے کیلئے ووٹ دیں گی۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو۔ تصویر: آئی این این
سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر عوام کو گمراہ کرتی ہے۔ ایک نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد’انڈیا‘ عوام کے مسائل اور ترقی کے ہدف کے ساتھ اتحاد کر کے بی جے پی کا مقابلہ کرے گا اور اسے شکست دے گا۔ بی جے پی نے عوام سے صرف جھوٹے وعدے کئے ہیں۔ اس حکومت نے عوام کو صرف مسائل اور مصائب دیئے ہیں۔ اترپردیش میں ایک بھی پاور پلانٹ نہیں لگایا گیا ہے۔ ریاست میں بجلی کا بحران ہے۔ حال یہ ہے کہ آج سماج وادی حکومت کے دور میں بنائے گئے پاور پلانٹس سے ریاست کو بجلی مل رہی ہے اور بی جے پی نے کچھ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے ہیں۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔ مہنگائی، بے روزگاری کم نہیں ہوئی۔ یہ حکومت مہنگائی کی مخالفت کرنے پر دکانداروں کو جیل بھیجتی ہے۔ وزیر اعظم کے لوک سبھا حلقہ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے پر آواز اٹھانے والے دکاندار اور اس کے بیٹے کو اس حکومت نے جیل بھیج دیاتھا۔ اکھلیش نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی جمہوریت مخالف ہے۔ عوام کے جمہوری حقوق کو ختم کررہی ہے۔ اس حکومت نے کسانوں کیلئے ایک بازار تک نہیں بنایا ہے۔ سرمایہ کاری کے نام پر صرف تقریبات ہوئی ہیں۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ ۳۳؍ لاکھ کروڑ روپے کے مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے ہیں لیکن زمینی سطح پر کچھ نہیں ہورہا ہے۔ ہر گاؤں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہے۔ آخر بی جے پی کب تک عوام کو گمراہ کرے گی۔
ایودھیا میں رام مندر کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ مندر سپریم کورٹ کے فیصلے پر بنایا جا رہا ہے۔ یہ مندر سب کا ہے۔ ایودھیا سب کا ہے، صرف بی جے پی کا نہیں۔ ہم بھی عبادت کرتے ہیں لیکن دکھاوا نہیں کرتے۔ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں خواتین اور بیٹیوں کے ساتھ انتہائی شرمناک واقعات پیش آئے ہیں۔ بی جے پی نے خواتین اور بیٹیوں کو تحفظ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں خواتین بھی بی جے پی کو شکست دینے کیلئے ووٹ دیں گی۔