• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رائے بریلی سےاکھلیش یادو کی ’پی ڈی اے‘ رتھ یاترا کا آغاز، ذات پات کی صف بندی پرتوجہ

Updated: September 25, 2026, 12:36 PM IST | Agency | Raebareli

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو رائے بریلی سے اپنی ’پی ڈی اےرتھ یاترا‘ کا آغاز کیا۔ اتر پردیش میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل شروع کی گئی اس یاترا کو سماجوادی پارٹی کی تنظیمی تیاریوں اور سماجی سیاسی صف بندی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

Akhilesh surrounded by supporters during the yatra. Photo: Inquilab
اکھلیش یاترا کے دوران مداحوں میں گھرے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو رائے بریلی سے اپنی ’پی ڈی اےرتھ یاترا‘ کا آغاز کیا۔ اتر پردیش میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل شروع کی گئی اس یاترا کو سماجوادی پارٹی کی تنظیمی تیاریوں اور سماجی سیاسی صف بندی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ اکھلیش یادو خصوصی طور پر تیار کئےگئے رتھ پر سوار ہو کر بچھراواں علاقہ سے رائے بریلی شہر کی جانب روانہ ہوئے۔ اس دوران ایس پی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔ بعد میں اکھلیش یادو نے ہرچند پور کے ایس پی رکن اسمبلی راہل لودھی کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور لیڈروں سے ملاقات کی۔سماجوادی پارٹی کیلئے پی ڈی اے سے مراد پچھڑا، دلت اور اقلیتی طبقہ ہے۔ پارٹی اپنی سیاسی حکمت عملی میں اس سماجی اتحاد کو اہم قرار دیتی رہی ہے۔ اکھلیش یادو کی یاترا کیلئے تیار کئے گئے رتھ پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، رام منوہر لوہیا، جنیشور مشرا، ملائم سنگھ یادو اور بینی پرساد ورما کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔ رائے بریلی کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا پارلیمانی حلقہ ہے۔ ایسے میں اکھلیش یادو کی یاترا کا آغاز یہاں سے ہونا سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان  ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی تعلقات اور ممکنہ سیٹ شیئرنگ کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گیانیش کمار کیخلاف کانگریس ملک گیر مہم چلائیگی

دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم  پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ایس پی کے مطابق یاترا کا ایک مقصد  ۲۰۲۷ء کے انتخابات سے قبل پارٹی تنظیم اور کارکنوں کو فعال کرنا ہے۔ پارٹی رائے بریلی میں اپنے سماجی اور تنظیمی اثر کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ رائے بریلی میں بچھراواں اور ہرچند پور سمیت مختلف اسمبلی حلقوں میں ایس پی کے موجودہ سیاسی اثر کو بھی اس یاترا کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ بچھراواں سے ایس پی کے رکن اسمبلی شیام سندر بھارتی پاسی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ ہرچند پور سے راہل لودھی پسماندہ طبقے سے آتے ہیں۔ واضح رہے کہ ۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات میں رائے بریلی کی کئی نشستوں پر ایس پی نے کامیابی حاصل کی تھی، بعد میں اونچاہار سے ایس پی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے منوج پانڈے بی جے پی میں شامل ہوگئے۔موجودہ سیاسی صورتحال میں ایس پی کی توجہ ضلع میں اپنی تنظیمی موجودگی مضبوط کرنے کے ساتھ آئندہ انتخابات میں اپنی نشستوں کی پوزیشن برقرار رکھنے اور مزید نشستوں پر دعویٰ کرنے پر بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK