درجۂ حرارت ۴۷؍ ڈگری تک پہنچ گیا،ودربھ کے بیشتر اضلاع میں اورینج یا یلو الرٹ جاری، ناگپور میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
EPAPER
Updated: April 28, 2026, 12:16 AM IST | Akola
درجۂ حرارت ۴۷؍ ڈگری تک پہنچ گیا،ودربھ کے بیشتر اضلاع میں اورینج یا یلو الرٹ جاری، ناگپور میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
ریاست میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ خاص کر ودربھ کے علاقوں میں ۔ یہاں اکولہ ضلع جہاں پہلے ہی درجۂ حرارت سب سے زیادہ ہے گرمی اور بھی بڑھ گئی ہے اور یہ ایک بار پھر ملک کا سب سے گرم ضلع بن گیا ہے۔ ایک روز قبل اکولہ میں درجۂ حرارت تقریباً۴۷؍ ڈگر ی(۴۶ء۹؍) تک پہنچ گیا تھا۔ یاد رہے کہ اپریل کے ابتدائی دنوں ہی سے اکولہ درجہ حرارت ۴۴؍ ڈگری سے اوپر رہا ہے۔
اکولہ کے علاوہ ودربھ کے دیگر اضلاع میں بھی شدید گرمی ہے۔ خاص کر امراوتی اور وردھا میں جہاں گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔پیر کے روز یہاں اورینج الرٹ جاری کیا گیا۔ یعنی ان دونوں اضلاع میں انتہائی درجے کی گرمی پڑنے والی ہے۔ جبکہ ناگپور، چندر پور، بھنڈارا اور بلڈا نہ وغیرہ میں ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں گرمی تو شدید ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق نقصان کا خدشہ کچھ کم ہے۔
یاد رہے کہ اکولہ ضلع میں گزشتہ مسلسل ۳؍ دن سے درجۂ حرارت ۴۵؍ ڈگری سے اوپر چل رہا ہے۔ یہاں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا خیال رکھیں۔پچھلے پانچ سال میں اس سال اپریل کے مہینے میں اکولہ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حتیٰ کہ اتوار کو یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۶ء۹؍ڈگری س تک پہنچ گیا۔ بعض رپورٹ میں ۴۷؍ ڈگری بھی بتایا گیا ہے۔ اس سے پہلے اپریل کے مہینے میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ۲۰۱۹ء میںاکولہ ہی میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو ۴۷ء۷؍ ڈگری تھا۔، اب اس سال پھر اپریل کے مہینے میں اکولہ میں پارہ ۴۷؍ ڈگری کے قریب پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ۱۸؍ اپریل کو بھی اکولہ ملک کا سب سے گرم ضلع قرار دیا گیا تھا جب یہاں درجۂ حرارت پہلی بار ۴۴؍ ڈگری کے پار گیا تھا۔ درمیان میں ایک روز وردھا کو سب گرم ضلع قرار دیا گیا تھا۔ اس وقت وردھا میں ۴۴؍ ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت تھا جبکہ اکولہ کا اس سے کچھ کم۔ گزشتہ ۳؍ دنوں سے جبکہ ریاست کے درجۂ حرارت میں صرف اضافہ ہی ہو رہا ہے ودربھ کے اضلاع میں بھی درجۂ حرارت بھی ریکارڈ قائم کرتے چلے جا رہے ہیں۔
ناگپور میں اسکول کا وقت تبدیل
اس دوران ناگپور ضلع انتظامیہ نے اسکولوں کے وقت میں تبدیلی کا حکم جاری کیا ہے۔ اب ناگپور میں فوری طور پر اسکولوں اور آنگن واڑیوں میں صبح ۷؍بجے سے ساڑھے ۱۰؍ بجے سے پڑھائی ہوگی۔ اکولہ میں یہ حکم نامہ اپریل کے شروع ہی میں جاری کر دیا گیا تھاجو کہ اپریل کے آخر تک کیلئے تھا۔ یاد رہے کہ اکولہ میں گرمی کے سبب ہر سال نئے تعلیمی سال کا آغاز ۱۵؍ جون سے کیا جاتا ہے تاکہ بچوں کو دھوپ کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن یہ سال قانون میں تبدیلی کی گئی ہے اور دیگر مقامات کی طرح یہاں بھی اس سال سے مئی کے مہینے میں نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔