بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار اومکار پہلے بھی خود کشی کی کوشش کر چکا تھا، پھر بھی اسے خصوصی نگرانی میں نہیں رکھا گیا۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 9:43 AM IST | Ali Imran | Akola
بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار اومکار پہلے بھی خود کشی کی کوشش کر چکا تھا، پھر بھی اسے خصوصی نگرانی میں نہیں رکھا گیا۔
اکولہ ضلع سینٹرل جیل میں ایک قیدی کی خودکشی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بیوی کے قتل کے الزام میں عدالتی حراست میں قید ایک قیدی نے جیل کے احاطے میں واقع کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مذکورہ قیدی نے پہلے بھی خودکشی کی کوشش کی تھی۔ اس لئے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اسے خصوصی نگرانی میں کیوں نہیں رکھا گیا تھا؟
خود کشی کرنے والے قیدی کا نام اومکار نمبوکار (۴۰) ہے۔ وہ یاول کھیڑ دیہات کا رہنے والے ہیں۔ وہ اپنی بیوی کے قتل کے الزام میں اکولہ سینٹرل جیل میں عدالتی حراست میں تھا۔ جمعرات کی شام، دوسرے قیدیوں کے ساتھ جیل کے احاطے میں کھیتوں میں کام کرتے ہوئے، وہ یہ کہہ کر گیا کہ کنویں سے پانی لے کر آتا ہے۔ تاہم کافی دیر تک واپس نہ آنے پر اسے تلاش کیا گیا۔ اس وقت اس کی لاش ایک کنویں سے ملی۔
یہ بھی پڑھئے: پونے میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، جم غفیر امڈ آیا
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس نے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی۔ جیل انتظامیہ کے مطابق بیوی کو قتل کرنے کے بعد اومکار نے زہر کھا کر خودکشی کی بھی کوشش کی تھی اور وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اس حادثہ کے بعد یہ سوال کیا جارہا ہے کہ اس قیدی پر خصوصی توجہ کیوں نہیں دی گئی؟ اطلاع کے مطابق سٹی کوتوالی پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر اکولہ سنٹرل جیل میں حفاظتی انتظامات اور قیدیوں کی نگرانی پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔