وزارت داخلہ نےنیم فوجی دستوں کی چھٹیاں منسوخ کردیں، عوامی مقامات پر سیکوریٹی میں اضافہ ، صرف انڈیگو نے ۲۰۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ کی ہیں
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 3:13 PM IST | New Delhi
وزارت داخلہ نےنیم فوجی دستوں کی چھٹیاں منسوخ کردیں، عوامی مقامات پر سیکوریٹی میں اضافہ ، صرف انڈیگو نے ۲۰۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ کی ہیں
ہندوستانی فوج نے جموں کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا سخت جواب ’آپریشن سیندور‘ کے ذریعہ دیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے کسی بھی حماقت کی صورت میں ہندوستانی فوج جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
اس درمیان وزارت داخلہ کے ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سبھی نیم فوجی دستوں کی چھٹیاں فوری اثر سے منسوخ کر دی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ نے حکم دیا ہے کہ بی ایس ایف، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی اور سی آئی ایس ایف جیسے سبھی اہم نیم فوجی دستوں کے جوان پوری مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ سرحد سے متصل علاقوں میں اضافی فوج کی تعیناتی کی جا رہی ہے اور انٹیلی جنس ا ن پٹس کی بنیاد پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی کارروائی سے پاکستان میں زبردست بوکھلاہٹ ہے۔ وہ جوابی حملے کی گیدڑ بھپکیاں دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کسی بھی جوابی کارروائی یا دہشت گردی سے نپٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔ خاص طور سے جموں کشمیر، پنجاب اور راجستھان سرحد پر اضافی جوان تعینات کئےجا رہے ہیں۔ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ، میٹرو ، عوام مقامات اور حساس علاقوں میں سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ مرکزی ایجنسیوں اور ریاستوں کی پولیس کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دشمن کی ہر حرکت پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔
دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی سرجیکل اسٹرائیک کے بعد ہندوستان میں کم از کم ۱۸؍ ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ان بند ایئرپورٹس میں سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چنڈی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ اور جام نگر وغیرہ شامل ہیں۔ آپریشن سیندور کے بعد طیاروں کی پرواز پر بھی خاطر خواہ اثر پڑا ہے۔ اب تک ۲۰۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ تنہا انڈیگو نے تقریباً ۱۶۵؍ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ سے بھی ۳۵؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انڈیگو ایئرلائنس نے سری نگر، جموں، امرتسر، لیہہ، چنڈی گڑھ، دھرمشالہ، بیکانیر اور جودھپور کیلئے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ انڈیگو اور دیگر ایئر لائنس نے مسافروں کو سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فلائٹس کا شیڈیول دیکھنے کے بعد ہی گھر سے نکلیں۔