Inquilab Logo

کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومائیکرون‘ سے ممبئی میں الرٹ جاری

Updated: November 29, 2021, 11:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنراقبال سنگھ چہل نے اپنے ماتحت اعلیٰ افسران، پولیس ، ایئر پورٹ اتھاریٹی کو اس تعلق سے احتیاط برتنے کی تلقین کی۔ جمبو کووڈ سینٹر اور اسپتالوںکو بھی مستعد رہنے کا حکم

Painting made by grucool teachers and students to make citizens aware of `Omicron`.Picture:Ashish Raje
اومائیکرون‘ سے شہریوں کو آگاہ کرنے کیلئے گروکل ٹیچر اور طلبہ کے ذریعے بنائی گئی پینٹنگ۔ تصویر: آشیش راجے

کچھ افریقی ممالک میں کوروناوائرس کی نئی قسم ’اومائیکرون‘ کے پیش نظر  میونسپل کمشنر  اقبال سنگھ چہل نےممبئی میں الرٹ جاری کردیا ہے  اور ایئر پورٹ اتھاریٹی کو حکم دیا ہے کہ وہ بیرون ملک خصوصاً افریقی ممالک نے ممبئی آنے والے مسافروں کی گہرائی سے جانچ کرے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ماتحت  افسران، پولیس کو بھی بغیر ماسک  اور ۲؍ ویکسین لگائے بغیر عوامی مقامات، اداروں، دکانوں، شاپنگ مال اور سنیما گھروں کے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی  ہے۔میونسپل کمشنر نے سبھی جمبو کووڈ سینٹر اور اسپتالوںکو بھی مستعد رہنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا کی نئی قسم کے سبب سنیچر کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی کے میونسپل کمشنر  سے گفتگو کی تھی اور انہیں کچھ ہدایات دی تھیں  جس کےبعد میونسپل کمشنر اقبال چہل نے اپنے ماتحت افسران ، پولیس ، ایئر پورٹ اتھاریٹی  کے افسران کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ طلب کی تھی  جس میں یہ ہدایات دی گئی ہیں۔  بی ایم سی ذرائع کے مطابق میونسپل کمشنر نے کہا ہے کہ کچھ افریقی ممالک میں کووڈ ۱۹؍ کے نئے ویریئنٹ سے  عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے سب کو خبردار کیا ہے۔ اس کے پیش نظر چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ برہن ممبئی میونسپل  کارپوریشن (بی ایم سی ) اور پولیس کو اپنی اپنی سطح پر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت  دی ہے کہ اگردیگر ملک کا کوئی    مسافر کسی افریقی ملک سے براہ راست یا ہوائی جہاز سے ممبئی آتا ہے جہاں نیا کورونا وائرس پایا گیا ہے تو اس کے پاسپورٹ کی سختی سے  جانچ پڑتال کی جانی چاہئے۔سبھی مسافروں کا طبی معائنہ کیا جانا چاہئےکہ ان میں انفیکشن کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں یا نہیں۔ انہیں کوارینٹائن کیا جائے۔ اگر کوئی مسافر متاثر پایا جاتا ہے تو اسے فوری طور پرعلاحدہ رکھا جائے نیز متاثرین کے قریبی افراد کو تلاش کرکے ان کی بھی جانچ کی جائے۔  انہوں نے مزید کہا کہ نئے وائرس سے متعلق مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے موصولہ ہدایات کے مطابق مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔
  میونسپل کمشنر اقبال چہل کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں ایڈیشنل  میونسپل کمشنر  اشونی بھیڈے،  پی ویلاراسو،  سریش کاکانی،  جوائنٹ میونسپل کمشنرس، تمام ڈپٹی میونسپل کمشنرس، اسسٹنٹ میونسپل کمشنرس کے ساتھ جوائنٹ پولیس کمشنر ایڈمنسٹریشن (لا اینڈ آرڈر)وشواس ناگرے پاٹل، دیگر پولیس افسران، چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افسران، کارپوریشن کے تمام بڑے اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹ، مضافاتی اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ایگزیکٹیو ہیلتھ افسران اور ٹاسک فورس کے اراکین شریک ہوئے تھے۔ اس موقع پر رہنمائی کرتے ہوئے میونسپل کمشنر  اقبال سنگھ چہل نے کہا کہ افریقی ممالک میں کووڈ۱۹؍ کے نئے ویریئنٹ کے بارے میں عالمی ادارہ صحت کی وارننگ کے بعدمتعدد ممالک اور ایئر لائنز نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ اسی سلسلے میں ممبئی پہنچنے والے بیرونی ممالک کے تمام مسافروں کے  پچھلے ۱۵؍ دن کے سفر کی ضروری معلومات اکٹھی کی جانی چاہئے۔ایسے مسافروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایک خود تحریری طورپرتفصیلات فراہم کریں جس میں گزشتہ ۱۵؍ دن کی سفری معلومات درج ہوں۔ ہوائی اڈے کے حکام کو ان کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کرنی چاہئے۔ان تمام مسافروں کا طبی معائنہ اور جانچ کے ساتھ ساتھ انہیں سختی سے کوارینٹائن بھی کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  تمام میونسپل جمبو کووڈ سینٹروں  کا دوبارہ معائنہ کیا جانا چاہئے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ صحیح طریقے سے کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ ان میں طبی اور دیگر ضروری افرادی قوت، ادویات کے ذخیرے، میڈیکل آکسیجن کی پیداوار اور ذخیرہ کرنے، برقی نظام اور فائر فائٹنگ سسٹم کا جائزہ لیا جائے۔   میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کے مطابق  بار بار انتباہ کے باوجود کہ متعد د شہری کورونا سے تحفظ کے اصولوں  پر عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ مناسب ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف  بی ایم سی اور پولیس کو سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ صرف ان شہریوں کو عوامی مقامات تک رسائی دینے پر زور دیا جانا چاہئے جنہوں نے  ۲؍ ٹیکے لئے ہیں۔میونسپل کمشنر نے تمام زونل دفاتر کی طرف سے وارڈ وار روم کو پوری صلاحیت کے ساتھ شروع کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور انہیں پوری طرح متحرک رکھنے کی ہدایت دی۔ میونسپل کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جھوپڑ پٹیوں کے عوامی بیت الخلا کو دن میں ۵؍ مرتبہ صاف کرائیں اور انہیں سینیٹائز کرائیں۔پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔  اس میٹنگ میں ٹاسک فورس کے اراکین ڈاکٹر ششانک جوشی اور سنجے اوک نے بھی شرکاءکی رہنمائی کی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK