Inquilab Logo Happiest Places to Work

ودھان پریشد کے تمام۹؍ امیدوار بلا مقابلہ منتخب

Updated: May 06, 2026, 4:04 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

قانون ساز کونسل (ودھان پریشد) کے الیکشن کی تاریخ سے پہلے ہی الیکشن میں کھڑے تمام ۹؍ امیدواروں کو بلامقابلہ فاتح قرار دیدیا گیا۔ وجہ یہ ہے کہ ان کے سامنے کوئی اور امیدوار نہیں تھا۔ ان تمام کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ یعنی ۴؍ مئی ہی کو اسمبلی رکنیت کا سرٹیفکیٹ بھی سونپ دیا گیا۔

Vidhan Bhavan.Photo;INN
ودھان بھون۔ تصویر:آئی این این
قانون ساز کونسل (ودھان پریشد) کے الیکشن کی تاریخ سے پہلے ہی الیکشن میں کھڑے تمام ۹؍ امیدواروں کو بلامقابلہ فاتح قرار دیدیا گیا۔ وجہ یہ ہے کہ ان کے سامنے کوئی اور امیدوار نہیں تھا۔ ان تمام کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ یعنی ۴؍ مئی ہی کو اسمبلی رکنیت کا سرٹیفکیٹ بھی سونپ دیا گیا۔ 
 
 
یاد رہے کہ ۱۳؍ مئی ۲۰۲۶ء کو ودھان پریشد کے ۹؍ اراکین کی میعاد ختم ہو رہی ہے ۔ ان میں سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرمین نیلم گورے، ششی کانت شندے، راجیش راٹھور، گوپی چند پڈلکر، امول مٹکری، رنجیت سنگھ موہتے پاٹل ، رمیش کراڈ اور پروین دٹکے شامل ہیں۔اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں اپنے اپنے اراکین کی تعداد کے مطابق  مہایوتی کے ۸؍ امیدوار منتخب ہو سکتے تھے جبکہ مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین کی تعداد صرف ایک امیدوار کو جیت دلاسکتی ہے۔ ایسی صورت میں مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے ادھو ٹھاکرے کی جگہ ان کے قریبی امبا داس دانوے کو ٹکٹ دیا گیا جبکہ مہایوتی نے ۸؍ سیٹوں کو آپس میں بانٹ لیا ۔ سب سے بڑی پارٹی ہونے کی بنا پر بی جے پی کو ۵؍ سیٹیں دی گئیں ، اس کے بعد شیوسینا ( شندے) کے حصے میں ۲؍ سیٹیں آئیں جبکہ این سی پی (اجیت) کو ایک سیٹ ملی۔ 
 
 
  ان تمام لوگوں نے ۲۹؍ اپریل تک اپنا پرچہ داخل کر دیا تھا۔ ان کے علاوہ ۴؍ آزاد امیدواروں نے بھی پرچہ بھرا تھا لیکن یکم مئی کو پرچوں کی جانچ کے بعد انہیںمسترد کر دیا گیا۔ اس طرح میدان میں یہی ۹؍ امیدوار باقی رہ گئے۔ انتخاب کیلئے ووٹنگ کی تاریخ ۱۲؍ مئی مقرر تھی جبکہ ۴؍ مئی کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ تھی۔ ۴؍ مئی یعنی پیر کی شام تک ان میں کسی بھی امیدوار نے نام واپس نہیں لیا اور ان کے مقابلے میں کوئی بھی امیدوار نہیں تھا لہٰذا انہیں فاتح قرار دیا گیا اور اسی دن انہیں سرٹیفکیٹ بھی سونپ دیئے گئے۔ ان میں سے  نیلم گورے لگاتار۵؍ ویں بار ودھان پریشد کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔ امبا داس دانوے ایک سال کے وقفے کے بعد دوسری مرتبہ منتخب ہوئے ہیں ۔ جبکہ ذیشان صدیقی اور   بچو کڑوپہلے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں ، کونسل کے رکن وہ پہلی بار بن رہے ہیں۔ بی جے پی نے پانچوں نئے چہروںکو موقع دیا ہے۔  

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK